*بگڑی ہوئی مسلمان قوم کو مرکز کی طرف کیسے لایا جائے* اتوار 12 جولائی 2026 تحقیق و مشاہدہ: انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
*بگڑی ہوئی مسلمان قوم کو مرکز کی طرف کیسے لایا جائے*
اتوار 12 جولائی 2026
تحقیق و مشاہدہ:
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
اس بگڑی ہوئی مسلمان قوم کو کیسے اپنے مرکز کی طرف لایا جائے اور نبی کریم صل اللہ علیہ وآلہ وسلم والا اسلام کیسے واپس لایا جائے کیونکہ مسلمان اپنے مرکز سے بہت دور چلے گئے ہیں۔ موجودہ فرقوں میں چند ایک کے سوا کوئی بھی ایک دوسرے کے پیچھے نماز تک پڑھنے کو بھی تیار نہیں حتی کہ اکثر لوگ علماء حرمیں کے پیچھے بھی نماز پڑھنے کے قائل نہیں اور اکثر حاجی اپنے ملکوں میں واپس آکر ان نمازوں کو دہراتے ہیں جو انھوں نے حجاج مقدس میں اپنے قیام کے دوران علماء حرمین کی امامت میں نمازیں پڑھی ہوتی ہیں کیونکہ ان کے علماء ان کو یہی سبق پڑھا کر بھیجتے ہیں کہ ان کے پیچھے ہماری نماز نہیں ہوتی۔
افسوس صد آفسوس اگر حرمین کے آئمہ کے پیچھے ان کی نماز نہیں ہوتی تو پھر کس کے پیچھے ان کی نماز ہوگی۔ سوچنے کی بات تو یہ ہے کہ حرم مکی میں ایک باجماعت نماز کا ثواب ایک لاکھ نمازوں کے برابر ہے جیسا کہ سنن ابن ماجہ کی صحیح حدیث میں آتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ مسجد حرام میں نماز باقی مسجدوں سے ایک لاکھ گنا زیادہ فضیلت رکھتی ہے۔
اسی طرح مسجد نبوی الشریف میں نماز کی عظیم فضیلت احادیث میں بیان کی گئی ہے۔ میرے مسلمان بھائیوں کا تو حساب بھی کمزور ہے جو اتنے بڑے اجر کو فرقہ واریت کی نذر کر دیتے ہیں۔ آفرین ہے اہل تشیع پر ان کے علما حرمین کے ائمہ کے پیچھے نماز پڑھنے کی خوب تلقین کرتے ہیں انتہا یہ کہ وہ کہتے ہیں کہ اگر علماء حرمیں ہاتھ باندھنے کا بھی کہیں تو ان کی بات مانو اور نماز انھی آئمہ کے پیچھے پڑھیں۔
امت کو اس تفرقے سے بچانے اور مرکز پر جمع کرنے کے لیے قرآن مجید نے ہمیں واضح حکم دیا ہے۔ سورہ آل عمران میں اللہ تعالی کا ارشاد ہے کہ اور اللہ کی رسی کو سب مل کر مضبوطی سے تھام لو اور تفرقے میں نہ پڑو۔ جب اللہ نے ہمیں ایک مرکز پر جمع ہونے کا حکم دیا ہے تو پھر فروعی اختلافات کی بنیاد پر مسلمانوں کی صفوں کو کیسے تقسیم کیا جا سکتا ہے۔ فروعی اختلافات کو ہوا دے کر مسلمانوں میں دوری پیدا کرنا اور نفرتیں پھیلانا معاشرے میں شدید ترین فتنہ پیدا کرنے کے مترادف ہے، جس کے بارے میں قرآن مجید کی سورہ البقرہ میں اللہ تعالی کا واضح فرمان ہے کہ اور فتنہ قتل سے بھی زیادہ سخت ہے۔ یعنی امت میں تفرقہ اور فتنہ ڈالنا انسانی جانوں کے قتل سے بھی بڑا جرم ہے۔
نماز کے معاملے میں امت کی وحدت کو برقرار رکھنے کے لیے کتبِ حدیث میں ایک بڑا واضح اصول ملتا ہے۔ سنن دارقطنی اور سنن ابو داؤد میں روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ ہر نیک اور بدکار کے پیچھے نماز پڑھ لیا کرو۔ اگرچہ محدثین کے نزدیک اس حدیث کی سند میں کمزوری ہے، لیکن امت کے جمہور علماء اور ائمہ کا عمل ہمیشہ اسی اصول پر رہا ہے کہ جماعت کو برقرار رکھنے اور فتنوں سے بچنے کے لیے امام کی ذاتی حالت جو بھی ہو، اس کے پیچھے نماز ادا کر لی جائے گی۔ خود صحابہ کرام کا یہ معمول رہا ہے کہ انہوں نے فتنوں کے دور میں بھی ائمہ اور گورنروں کے پیچھے نمازیں پڑھیں اور جماعت کو ترک نہیں کیا۔ اگر کسی امام میں کوئی نقص یا فروعی اختلاف نظر بھی آئے، تب بھی مسلمانوں کی شیرازہ بندی کو قائم رکھنا واجب ہے۔
مسلمانوں کو اپنے اس رویے پر غور کرنا ہوگا کہ اگر وہ حرمین شریفین جیسے مقدس اور متفقہ مرکز پر بھی ایک دوسرے کے پیچھے نماز پڑھنے سے انکار کریں گے تو امت میں اتحاد کی صورت کیا باقی رہے گی۔
الدعاء:
اللہ تعالی ہمیں قرآن و سنت کے اصل تصور پر لوٹنے اور فرقہ واریت سے نکل کر دین کے حقیقی مرکز پر متحد ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔
تحقیق و تحریر:
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 0092300860 4333