*فلاحِ دارین کا قرآنی معیار* منگل 10 نومبر 2026ء تحقیق و تحریر: انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
*فلاحِ دارین کا قرآنی معیار*
منگل 10 نومبر 2026ء
تحقیق و تحریر:
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
تقویٰ، صدق اور رزقِ حلال
قرآنِ کریم کا آغاز ہی ایک ایسے فیصلہ کن، عادلانہ اور کھرے معیار سے ہوتا ہے جو انسان کی دنیاوی زندگی کی سچائی اور اخروی کامیابی کا مکمل مقدر طے کر دیتا ہے۔
سورۃ البقرہ کی ابتدائی پانچ آیات—جن میں ربِ کائنات نے متقی بندوں کے اوصاف بیان کرتے ہوئے حتمی صراحت فرمائی کہ صرف یہی وہ لوگ ہیں جو فلاح پانے والے ہیں۔
دینِ اسلام میں کسی بھی قسم کی کاہلی، مغالطے یا شارٹ کٹ کی کوئی گنجائش نہیں چھوڑیں۔
اللہ رب العزت کا یہ اعلانِ حکمت روزِ روشن کی طرح عیاں ہے:
“ذٰلِکَ الْکِتَابُ لَا رَیْبَ فِیْہِ ھُدًی لِّلْمُتَّقِیْنَ”
(یہ وہ کتاب ہے جس میں کوئی شک نہیں، اور یہ ہدایت ہے صرف اور صرف متقیوں کے لیے)۔ جو شخص شریعت کے احکام سے جی چراتا ہے، اپنی مرضی کے چند آسان عمل چن کر یہ سمجھتا ہے کہ وہ کامیاب ہو جائے گا، وہ محض اپنے نفس کے دھوکے میں ہے۔
قرآن کسی انسان کے لیے راہِ ہدایت اور اخروی نجات کا ضامن اس وقت تک نہیں بنتا جب تک بندہ خود کو اس کا اہل نہ بنا لے۔ پہلے بندے کو اللہ کا سچا فرمانبردار اور متقی بننا پڑے گا، تب جا کر ہدایت اور فضل کے تمام دروازے اس پر کھلیں گے۔
سورۃ البقرہ کی ان پانچ بنیادی آیات میں متقی کی لازمی شرائط (پری ریکوزٹس) بیان کی گئی ہیں، جن پر بغیر کسی استثنیٰ کے پورا اترنا شرطِ اول ہے:
۱.غیب پر پختہ ایمان:
بن دیکھے اللہ کی ذات، اس کی صفات، ملائکہ، اور تمام غیبی حقائق پر چٹان کی طرح مضبوط اور غیر متزلزل یقین رکھنا۔
۲.اقامتِ صلوٰۃ (نماز کا قیام):
نماز کو اس کے تمام تقاضوں، خشوع و خضوع، اور وقت کی پابندی کے ساتھ قائم کرنا۔ جو شخص غیب پر ایمان کا دعویٰ کرے لیکن نماز سے غفلت برتے یا جی چرائے، وہ متقی کے اس معیار پر کبھی پورا نہیں اتر سکتا، کیونکہ نماز تقویٰ کی عمارت کا بنیادی ستون ہے۔
۳.انفاق فی سبیل اللہ:
اللہ کا دیا ہوا مال و رزق اس کی راہ میں اور بندوں کی فلاح و بہبود کے لیے دل کھول کر خرچ کرنا۔ مال کی محبت سے نکل کر اللہ کی مخلوق پر خرچ کیے بغیر تقویٰ کا دعویٰ ناقص رہتا ہے۔
۴.تمام نازل شدہ کتب اور ختمِ نبوت پر ایمان:
حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پر نازل ہونے والے قرآن اور ان سے پہلے کے تمام انبیاء علیہم السلام پر اتاری گئی کتب پر کامل ایمان لانا۔ یہی سچا عقیدہ ختمِ نبوت کا اصل مغز اور روح ہے۔
۵.آخرت پر کامل یقین:
موت کے بعد دوبارہ اٹھائے جانے، حساب و کتاب، اور جزا و سزا پر ایسا زندہ یقین جو انسان کی عملی زندگی پر غالب رہے اور اسے ہر گناہ سے باز رکھے۔
ان بنیادی قرآنی اوصاف کے ساتھ ساتھ، خصوصاً دورِ حاضر کے اس فتنہ پرور اور مادیت زدہ ماحول میں جن دو خوبیوں پر سب سے زیادہ زور دینا اور جنہیں نمایاں کرنا فرض ہے، وہ سچ بولنا اور رزقِ حلال کھانا ہیں۔
آج کے اس پر فتن دور میں، جہاں جھوٹ، مکر اور فریب کو چالاکی سمجھا جاتا ہے اور حرام و مشتبہ روزی کے ذرائع عام ہو چکے ہیں، ایک سچے مسلمان کی سب سے بڑی آزمائش یہی دو چیزیں ہیں۔ انسان چاہے کتنا ہی عبادت گزار بن جائے، اگر اس کی زبان پر سچائی کا پہرا نہیں ہے اور اس کے پیٹ میں حرام یا مشتبہ لقمہ جا رہا ہے، تو اس کی کوئی عبادت اور کوئی دعا بارگاہِ الٰہی میں شرفِ قبولیت حاصل نہیں کر سکتی۔ سچائی انسان کے باطن کا نور ہے اور رزقِ حلال تمام اعمالِ صالحہ کی روح ہے۔
قرآنِ مجید سورۃ البقرہ کی پانچویں آیت میں انہی جامع صفات کے حامل لوگوں کے بارے میں اپنا حتمی اور ابدی فیصلہ سناتا ہے:
“أُولَٰئِكَ عَلَىٰ هُدًى مِّن رَّبِّهِمْ ۖ وَأُولَٰئِكَ هُمُ الْمُفْلِحُونَ”
(یہی لوگ اپنے رب کی طرف سے ہدایت پر ہیں، اور یہی لوگ ہیں جو فلاح پانے والے (کامیاب) ہیں)
خلاصہ و التماس:
یہ اخروی کامیابی اور فلاحِ دارین کا وہ جامع، مختصر اور انتہائی شفاف نچوڑ (بریف آئیڈیا) ہے جو رب کائنات نے اپنے کلام میں واضح فرما دیا ہے۔ اس راستے میں کسی شارٹ کٹ، ڈیل یا ادھورے عمل کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
ان مبارک خوبیوں اور اوصاف کو اپنے اندر، اپنی فکر میں، اور اپنے روزمرہ کے کردار میں پیدا کر لیجیے، تو آپ دنیا و آخرت دونوں میں کامیاب و کامران ہیں۔ لیکن اگر ہم ان صفات کو اپنے اندر پیدا نہیں کر سکتے، یا ان میں سے کسی ایک حکم (مثلاً اقامتِ صلوٰۃ، انفاق، سچائی یا رزقِ حلال) سے منہ موڑتے ہیں، تو پھر اپنے آپ کو نہ تو سچا مسلمان سمجھنے کا کوئی حق ہے اور نہ ہی کامیابی کا دعویٰ صحیح ہے۔
پہلے سچے اور کامل متقی بنیے، سچ اور حلال کو اپنی زندگی کا اوڑھنا بچھونا بنائیے، پھر رب کا یہ وعدہ سچا ہے کہ دونوں جہان کی فلاح آپ کے قدم چومے گی۔
وما علینا الا البلاغ المبین
تحقیق و تحریر:
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 0092300860 4333