*اصل اسلام اور برصغیر کی فکری کشمکش: توحید، روایت، ہندوستانی سماج اور غلو کا تاریخی سفر* پیر 16 نومبر 2026ء تحقیق و تحریر: انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
*اصل اسلام اور برصغیر کی فکری کشمکش: توحید، روایت، ہندوستانی سماج اور غلو کا تاریخی سفر*
پیر 16 نومبر 2026ء
تحقیق و تحریر:
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
1.ابتدائی دور اور فکری وحدت کا پس منظر
عہدِ رسالت، دورِ خلافتِ راشدہ اور دورِ صحابه کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا روشن اور پاکیزہ زمانہ اس حقیقت کا سب سے بڑا گواہ ہے کہ اس ابتدائی دور میں مسلمانوں کا کوئی الگ فقہی، کلامی یا فرقہ وارانہ مکتبِ فکر وجود نہیں رکھتا تھا۔ اس زمانے میں مسلمانوں کے اجتماعی مرکز اور وحدت کا واحد محور صرف قرآن پاک، سنتِ نبوی اور آثارِ صحابہ کرام کی پیروی تھی۔ نہ اس وقت کوئی فرقہ وارانہ تقسیم تھی اور نہ ہی کوئی مسلکی تنازع۔
تاہم، جوں جوں وقت کا پہیہ آگے بڑھا، فتوحات کا دائرہ پھیلا اور اسلام عرب کی سرحدوں سے نکل کر مختلف جغرافیائی خطوں، تہذیبوں اور ثقافتوں میں داخل ہوا، تو مقامی رسوم، فلسفوں اور روایات کے اثرات معاشرے میں سرایت کرنا شروع ہو گئے۔ برصغیر پاک و ہند ایک ایسا خطہ تھا جہاں صدیوں سے ایک مضبوط ہندو تہذیب، دیومالائی رسومات، میلوں، بھجنوں اور ذات پات کے نظام کی جڑیں گہری تھیں۔
2.برصغیر میں اسلام کی اشاعت اور صوفیانہ حکمتِ عملی:
جب برصغیر میں صوفیائے کرام (چشتیہ، قادریہ، سہروردیہ سلاسل کے بزرگانِ دین) نے اسلام کی تبلیغ کا آغاز کیا، تو انہوں نے یہاں کے مقامی ہندو معاشرے کو اسلام کی طرف مائل کرنے کے لیے ایک حکمتِ عملی یہ اختیار کی کہ انہوں نے ثقافتی اور معاشرتی متبادلات (Cultural Alternatives) فراہم کیے۔
ہندو معاشرے میں بیماروں کے علاج یا مشکلات کے حل کے لیے مندروں یا دیوتاؤں کا رخ کرنے کا جو چلن تھا، اس کے مقابلے میں خانقاہیں اور اولیاء اللہ کے مزارات کھول دیے گئے، جہاں بلا تفریقِ مذہب لنگر کھلتا، دعائیں ہوئیں اور سکون ملا۔ اسی طرح:
* جنازے کے ساتھ ہندوؤں کی طرف سے اگنی دینے اور “رام نام ستے ہے” کے نعروں کے مقابلے میں مسلمانوں نے بلند آواز میں کلمہ شہادت پڑھنے کا معمول بنایا تاکہ توحید کا اعلان ہو۔
* مندروں کے میلوں اور بھجن کیرتن کے مقابلے میں بزرگوں کے عرس کے اجتماعات اور صوفیانہ کلام (قوالی) کو فروغ دیا گیا تاکہ عوام کو لغویات سے ہٹا کر ذکرِ الٰہی سے جوڑا جائے۔
برصغیر میں اسلام کی اشاعت کا 80 فیصد سے زائد حصہ انہی خانقاہوں اور صوفیانہ روایات کے ذریعے پایہ تکمیل کو پہنچا۔ عام ہندوستانی مسلمان کے دل میں ان معمولات کو ایک “اسلامی شناخت” اور ثقافتی ڈھال کی حیثیت حاصل ہو گئی۔
3.توحید کی اصلاحی تحریکیں اور فکری بگاڑ
اٹھارویں اور انیسویں صدی عیسوی میں جب برصغیر میں سیاسی زوال آیا اور دینی بگاڑ بڑھا، تو شاہ ولی اللہ دہلوی کی اصلاحی تحریک کے بعد ان کے پوتے حضرت شاہ اسماعیل دہلوی نے “تقویۃ الإيمان” جیسی کتاب تصنیف کی۔ اس کتاب کا بنیادی مقصد معاشرے میں جڑ پکڑنے والی غیر شرعی رسومات، بدعات اور مزارات پر پائے جانے والے غلو آمیز رویوں کو مٹانا اور خالص توحید کا احیاء کرنا تھا۔ بلاشبہ، توحید کی حفاظت اور شرک کی تردید کے لیے یہ ایک اہم علمی قدم تھا، لیکن جب اس اصلاحی عمل میں توازن کے بجائے سختی برتی گئی، تو معاشرے میں شدید فکری اضطراب پیدا ہوا۔
اس کے ردِعمل میں دیوبندی مکتبِ فکر کے بعض اکابرین (مثلاً مولانا قاسم نانوتوی اور دیگر) نے یونانی فلسفہ، منطق اور کلامی بحثوں میں جا کر ایسی مبہم, پیچیدہ اور ٹیڑھی تعبیرات لکھیں (مثلاً ختمِ نبوت کے ضمن میں فرضِ محال کے طور پر کسی اور نبی کا تصور، یا امکانِ کذب جیسی بحثیں)۔ ان عبارتوں نے نہ صرف عقیدے میں ابہام پیدا کیا بلکہ مخالفین کے ہاتھ میں مضبوط ہتھیار تھما دیے۔
4.فکری غلو اور بریلوی تحریک کا ظہور:
برصغیر کے اس نازک موڑ پر مولانا احمد رضا خان بریلوی (1856ء – 1921ء) نے ان تمام فکری بگاڑ اور ابہامات کو کیش (Exploit) کیا۔ انہوں نے برصغیر کے صدیوں پرانے روایتی صوفیانہ مزاج، جس سے عوام جذباتی طور پر وابستہ تھے، کو علمی اور فقہی لبادہ پہنا کر ایک باقاعدہ منظم مکتبِ فکر (بریلوی تحریک) کی بنیاد رکھی۔
عوام الناس کو چونکہ اپنے آباء و اجداد کے صوفیانہ معمولات اور کلمہ، قوالی اور عرس جیسی روایات پر حملہ ہوتا محسوس ہو رہا تھا، اس لیے انہوں نے مولانا احمد رضا خان کے اس فکری بیانیے کو ہاتھوں ہاتھ لیا کیونکہ وہ ان کی روایات کا دفاع کر رہے تھے۔ نتیجتاً، ایک طرف حبِ رسول اور تعظیم کے نام پر غلو بڑھتا گیا (مثلاً حاضر و ناظر, مختارِ کل اور علمِ غیب کی انتہائی بحثیں)، اور دوسری طرف فتوے بازی کا وہ دور شروع ہوا جس نے امت کو تقسیم کر دیا۔
5. عرب دنیا کی سیاست اور “حسام الحرمین” کا کھیل
اس ساری کہانی کا ایک اور اہم بین الاقوامی اور سیاسی پس منظر بھی تھا، جسے نظر انداز نہیں کیا جا
اس دور میں عرب دنیا، خصوصاً نجد کے علاقے سے محمد بن عبدالوہاب کی تحریک اٹھی تھی، جو مزارات اور توسل کے سخت خلاف تھی۔ عثمانی خلافت کے ماتحت مکہ اور مدینہ (حجاز) کے روایتی علماء اس نجدی تحریک سے شدید خوف زدہ تھے اور ان کے دلوں میں اس کے خلاف سخت جذبات پائے جاتے تھے۔
مولانا احمد رضا خان نے اس عصبیت اور خوف کو بہترین طریقے سے استعمال کیا۔ انہوں نے دیوبندی اکابرین کی متنازعہ عبارات کو یکطرفہ طور پر عربی میں ترجمہ کر کے حرمین شریفین کے مفتیانِ کرام کے سامنے پیش کیا، اور یہ پروپیگنڈا کیا کہ برصغیر میں اٹھنے والی یہ اصلاحی تحریکیں دراصل اسی “نجدی فتنے” کا تسلسل ہیں جو حرمین کی روایات کو مٹانا چاہتی ہیں۔ فاصلوں اور زبان کے پردے کی وجہ سے جب عرب علماء کے سامنے حقائق کا صرف ایک رخ رکھا گیا، تو انہوں نے جذبات کی رو میں آ کر “حسام الحرمین” جیسی کتاب پر اپنی تائیدات ثبت کر دیں، جس نے برصغیر کی اس جنگ کو مستقل مسلکی عداوت میں بدل دیا۔
6. نتیجہ اور انجام
اس پورے تاریخی جائزے کا نچوڑ یہی ہے کہ:
* کچھ لوہا کھوٹا تھا: دیوبندی اکابرین کی فلسفیانہ اور کلامی غلطیوں نے ابہام کو جنم دیا۔
* کچھ لوہار کھوٹا تھا: بریلوی قیادت نے ان غلطیوں کو سیاسی اور مسلکی مفادات کے لیے اس طرح استعمال کیا کہ تعظیم کے نام پر غلو کی بنیاد پڑ گئی۔
* مقامی تہذیب کا اثر:
ہندو معاشرے کے مقابل کھڑی ہونے والی روایات (جیسے قوالی، عرس اور مزارات سے وابستگی) کو جب علمی تحفظ ملا تو وہ باقاعدہ ایک منظم مسلک بن گیا۔
آج اس فکری کشمکش، غلو اور فتوے بازی کا خمیازہ پورا برصغیر بھگت رہا ہے۔ دین کی وہ سادہ، پرامن اور خالص توحید والی روح مسلکی تعصبات کی نذر ہو چکی ہے۔ اور تاریخ کے اس پورے کھیل کا حساب یقیناً اس عدالتِ الٰہی میں بھی دینا ہوگا جہاں انسان کی نیت اور اعمال کے تمام پردے چاک ہو جائیں گے۔
تحقیق و تحریر:
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 0092300860 4333