مظفرآباد والوں کی دل کی دھڑکنیں مدد کی طلبگار ہیں ۔۔ تحریر ۔۔۔۔۔ضرار جگوال
مظفرآباد والوں کی دل کی دھڑکنیں مدد کی طلبگار ہیں ۔۔
تحریر ۔۔۔۔۔ضرار جگوال
دنیا بھر میں دل کے امراض تیزی سے بڑھ رہے ہیں بدقسمتی سے پاکستان اور خصوصاً آزاد جموں و کشمیر میں دل کے مریضوں کی تعداد تشویشناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ جدید دور میں جہاں دواؤں اور عام ٹیسٹوں نے بہت ترقی کی ہے، وہیں دل کی شریانوں کی بیماری (Coronary Artery Disease) کے درست اور فوری تشخیص کے لیے سٹی اینجوگرافی (CT Angiography) ایک نہایت اہم سہولت بن چکی ہے۔ اس ٹیسٹ کی اہمیت اس لیے بھی زیادہ ہے کہ یہ بغیر آپریشن کے دل کی شریانوں کی اندرونی حالت کو نہایت وضاحت کے ساتھ ظاہر کرتا ہے۔ سٹی اینجوگرافی دراصل ایک جدید طریقۂ تشخیص ہے جس میں سی ٹی سکین مشین اور خصوصی کنٹراسٹ ڈائی کی مدد سے دل کی شریانوں کی ہائی ریزولیوشن تصاویر حاصل کی جاتی ہیں۔ یہ ٹیسٹ اس مقصد کے لیے کیا جاتا ہے کہ دیکھا جا سکے آیا دل کی شریانیں کسی جگہ سے تنگ یا بند تو نہیں ہو رہیں۔ چونکہ دل کی شریانوں کی بندش دل کے دورے یا اچانک موت کی سب سے بڑی وجہ بنتی ہے، اس لیے اس کا بروقت پتہ چلنا ضروری ہے۔ سٹی اینجوگرافی کا بنیادی مقصد دل کی شریانوں کا باریک بینی سے مشاہدہ کرنا ہے۔ یہ ٹیسٹ درج ذیل صورتوں میں کیا جاتا ہے نمبر ایک سینے میں درد کی شکایت کئی بار عام ECG یا ECHO سے واضح نہیں ہوتا کہ سینے کا درد دل کی شریانوں کی تنگی کی وجہ سے ہے یا کسی اور وجہ سے۔ ایسے میں ڈاکٹر سٹی اینجوگرافی تجویز کرتے ہیں تا کہ اصل مسئلے کا صحیح اندازہ ہو سکے نمبر دو سانس پھولنے یا بوجھ محسوس کرنے کی علامات اگر مریض چلنے پھرنے میں سانس پھولنے، بوجھ پن یا سینے پر دباؤ محسوس کرے تو سٹی اینجوگرافی کے ذریعے یہ معلوم کیا جاتا ہے کہ دل مناسب خون پمپ کر رہا ہے یا نہیں اور اگر خاندان میں دل کی بیماری کی تاریخ ہو جن لوگوں کے خاندان میں دل کی بیماری پائی جاتی ہے، انہیں زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔ ایسے افراد کے لیے یہ ٹیسٹ مستقبل میں کسی بڑے حادثے سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے اس کے علاؤہ بلڈ پریشر، شوگر یا کولیسٹرول کے مریض کے مرض کو ڈائگنوس کرنے کے لیے یہ تین بیماریاں دل کی شریانوں کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔ شوگر کے مریضوں میں تو اکثر شریانیں خاموشی سے خراب ہوتی رہتی ہیں ان مریضوں میں بھی اس ٹیسٹ کی ضرورت پڑتی ہے اور دل کے آپریشن سے پہلے اور بعد میں بھی بعض مریضوں کو دل کی بائی پاس سرجری یا اسٹنٹ ڈالنے سے پہلے بھی یہ ٹیسٹ کروانا پڑتا ہے تاکہ ڈاکٹر شریانوں کی مکمل صورتحال کا خاکہ بنا سکے سٹی اینجوگرافی کے بہت سے فوائد ہیں اور دوسری اینجوگرافی کی نسبت کم سائیڈ ایفیکٹ ہیں بغیر آپریشن کے کسی قسم کی چیر پھاڑ نہیں ہوتی چند منٹوں میں مرض کی اصل حالت سامنے آ جاتی ہے۔ عام طور پر کم خطرات رکھتا ہے۔ روایتی انجیوگرافی کے مقابلے میں کم مہنگا سمجھا جاتا ہے (اگر سہولت دستیاب ہو)۔ بروقت تشخیص کے باعث مریض دل کے دورے سے بچ سکتا ہے مظفرآباد ایک پہاڑی علاقہ ہے جہاں آبادی مختلف علاقوں میں بکھری ہوئی ہے۔ موسم، فاصلہ اور سفری مشکلات مریضوں کے لیے مزید مسائل پیدا کرتی ہیں۔ دل کے مریضوں کو فوری اور درست تشخیص درکار ہوتی ہے، مگر بدقسمتی سے مظفرآباد سمیت پورے خطے میں ابھی تک سٹی اینجوگرافی مشین سرکاری ہسپتالوں میں دستیاب نہیں، جس کی وجہ سے لوگوں کو پاکستان کے بڑے شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ سٹی اینجوگرافی کی عدم دستیابی نے آزاد کشمیر کے عوام کے لیے بہت سے مسائل کھڑے کر دیے ہیں۔ یہاں کے غریب، دیہاڑی دار اور متوسط طبقے کے لوگ جب اس ٹیسٹ کے لیے بڑے شہروں میں جاتے ہیں، تو ان کی مشکلات کئی گنا بڑھ جاتی ہیں۔ پاکستان کے بڑے شہروں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور یا پشاور میں سٹی اینجوگرافی کا خرچ 30 ہزار سے 50 ہزار روپے تک ہوتا ہے۔ آزاد کشمیر کے دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگ جن کی مہینے کی کمائی 20 سے 25 ہزار روپے بھی نہیں، وہ اس قدر مہنگا ٹیسٹ کیسے کروائیں؟ اکثر لوگ دوستوں، رشتہ داروں یا بنکوں سے قرض لیتے ہیں۔ بعض اپنے گھریلو سامان تک بیچ دیتے ہیں۔ کچھ لوگ کئی ماہ کی جمع پونجی خرچ کر دیتے ہیں۔ ایک غریب مزدور جس کے گھر میں بچے بھوکے بیٹھے ہوں، وہ جب سنتا ہے کہ اس کے دل کا ٹیسٹ پچاس ہزار روپے کا ہے، تو اس کے پاؤں کے نیچے سے زمین نکل جاتی ہے آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں سے مریض کو جب اسلام آباد یا لاہور لے جانا پڑتا ہے، تو سخت موسم خطرناک پہاڑی راستے لمبا سفر ایمرجنسی سہولت کی کمی یہ سب مریض کی حالت کو مزید بگاڑ دیتے ہیں۔ کئی مریض راستے میں ہی جان کی بازی ہار جاتے ہیں کیونکہ بروقت ٹیسٹ اور علاج نہیں ہو پاتا۔ پاکستان کے بڑے شہروں کے ہسپتالوں میں پہلے ہی مریضوں کا بہت زیادہ دباؤ ہوتا ہے آزاد کشمیر سے جانے والے مریضوں کو لمبی قطاروں ایڈوانس رقم تاریخ لمبی ملنےب رپورٹ لینے میں تاخیر جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ غریب مریض جو پہلے ہی گھر سے قرض لے کر نکلتے ہیں، انہیں شہروں میں ٹھہرنے کے لیے ہوٹل کا اضافی خرچ بھی اٹھانا پڑتا ہے۔ بیماری صرف جسم کی نہیں، ذہن کی بھی ہوتی ہے۔ جب گھر کا سربراہ بیمار ہوتا ہے، تو پورا گھر پریشان رہتا ہے۔ بچے اسکول چھوڑ دیتے ہیں، خواتین گھر کی ذمہ داریاں سنبھالتے سنبھالتے تھک جاتی ہیں، اور مریض مسلسل اس خوف میں رہتا ہے کہ اگر اس کی حالت بگڑ گئی تو گھر کا کیا بنے گا۔ یہ سب کچھ صرف ایک ٹیسٹ کی کمی کی وجہ سے؟ افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ یہ تمام مشکلات صرف اس لیے ہیں کہ مظفرآباد کارڈیک ہسپتال میں سٹی اینجوگرافی کی مشین موجود نہیں۔ اگر یہ سہولت علاقائی سطح پر مہیا ہو جائے تو لوگ قرض سے بچ جائیں سفر کی مشکلات ختم ہو جائیں فوری تشخیص ممکن ہو جان بچانے کے امکانات بڑھ جائیں غریبوں کی عزتِ نفس مجروح نہ ہو آزاد کشمیر کے عوام کوئی غیر ملکی نہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ وفاداری نبھائی ہے۔ ٹیکس دیتے ہیں، محنت کرتے ہیں، ملک کی تعمیر میں حصہ ڈالتے ہیں۔ مگر طبی سہولیات کے معاملے میں سب سے پیچھے کیوں ہیں؟ آخر دل کے مریضوں کو یہ بنیادی سہولت کیوں نہیں دی جاتی؟ صحت کی سہولیات عوام کا بنیادی حق ہیں حکومت کا فرض ہے کہ وہ ایسے ٹیسٹ جو جان بچانے میں مدد دیتے ہیں، انہیں عوام کی پہنچ میں رکھے۔ خاص طور پر دل جیسے حساس عضو کے لیے مہنگے ٹیسٹوں کو مفت یا کم سے کم قیمت پر فراہم کرنا ضروری ہے۔ مظفرآباد پورے آزاد کشمیر کا مرکز ہے۔ یہاں کارڈیک ہسپتال موجود ہے، مگر جدید سہولیات کی کمی مریضوں کے لیے عذاب بن چکی ہے۔ حکومت اگر صرف ایک سٹی اینجوگرافی مشین مہیا کر دے مناسب تربیت یافتہ عملہ تعینات کر دے اور اس ٹیسٹ کو غریبوں کے لیے مفت یا سبسڈی پر کر دے تو سیکٹروں جانیں ہر سال بچ سکتی ہیں وزارت صحت کو چاہیے کہ مظفرآباد کارڈیک ہسپتال میں فوری طور پر سٹی اینجوگرافی مشین نصب کرے۔ غریب اور نادار مریضوں کے لیے ٹیسٹ بالکل مفت کرے۔ ہسپتال کا نظام شفاف بنائے تاکہ مشین ہمیشہ فعال رہے۔ خطے کے مختلف اضلاع میں بھی اس سہولت کو آگے بڑھائے۔ حکومت کے ایک فیصلے سے عوام قرض لینے سے بچ سکتے ہیں لوگوں کا وقت اور جان دونوں محفوظ رہ سکتے ہیں صحت کے نظام پر اعتماد بحال ہو سکتا ہے اور دل کے مریضوں کو فوری علاج میسر آ سکتا ہے یہ صرف ایک مشین نہیں، یہ زندگی اور موت کا سوال ہے۔ آزاد کشمیر کے عوام حکومت سے انصاف و حق چاہتے ہیں۔ سٹی اینجوگرافی کی فراہمی ان کا حق ہے، کوئی احسان نہیں۔ حکومت اس مطالبے پر سنجیدگی سے غور کرے اور مظفرآباد کارڈیک ہسپتال کو جدید ترین سہولت سے لیس کرے۔ سٹی اینجوگرافی کی کمی نہ صرف طبی مسئلہ ہے بلکہ معاشرتی، معاشی اور انسانی مسئلہ بھی ہے۔ عزت دار لوگ قرضوں میں ڈوب رہے ہیں، بیمار سفر کی تکلیف اٹھا رہے ہیں، اور بہت سے مریض صرف بروقت تشخیص نہ ہونے کے باعث زندگی کھو رہے ہیں۔