اصل کمائی اور کامیابی تحریر: فیصل جنجوعہ
اصل کمائی اور کامیابی
تحریر: فیصل جنجوعہ
انسان کی اصل کامیابی دولت، عہدے، شہرت اور آسائشوں میں نہیں، بلکہ ان لوگوں کے دلوں میں زندہ رہنے میں ہے جن کی زندگی میں اس نے کوئی مثبت تبدیلی پیدا کی ہو۔ خصوصاً استاد کی حقیقی پہچان اس کے شاگردوں کی کامیابی، کردار اور اس کی جدائی کے بعد باقی رہ جانے والی یادوں سے ہوتی ہے۔ افسوس کہ آج ہمارے معاشرے میں استاد کے مقام، عزت اور کردار پر تو بہت باتیں ہوتی ہیں، مگر عملی زندگی میں استاد کی محنت اور قربانیوں کو وہ اہمیت نہیں دی جاتی جس کے وہ مستحق ہیں۔ کیا استاد کی کامیابی صرف اچھے نتائج اور نمبروں تک محدود ہے؟ اگر ایک استاد برسوں بچوں کو پڑھاتا رہے، ان کی تربیت کرے، انہیں زندگی کے نشیب و فراز سمجھائے اور انہیں ایک اچھا انسان بنانے کی کوشش کرے، تو کیا اس کی کامیابی صرف امتحانی نتائج سے ناپی جا سکتی ہے؟ ہرگز نہیں! استاد کی اصل کامیابی یہ ہے کہ اس کے شاگرد زندگی میں آگے بڑھ کر بھی اس کی تعلیم، نصیحت اور شفقت کو یاد رکھیں۔ لیکن ایک تلخ حقیقت یہ بھی ہے کہ آج ہم کامیاب ہونے کے بعد اکثر ان لوگوں کو بھول جاتے ہیں جنہوں نے ہماری کامیابی کی بنیاد رکھی ہوتی ہے۔ شاگرد اعلیٰ عہدوں پر پہنچ جاتے ہیں، بڑی بڑی عمارتوں اور گاڑیوں کے مالک بن جاتے ہیں، مگر کبھی پلٹ کر یہ سوچنے کی زحمت نہیں کرتے کہ انہیں اس مقام تک پہنچانے میں کن اساتذہ کی محنت شامل تھی۔ یہ کیسی ترقی ہے جو انسان کو اپنے محسنوں سے ہی دور کر دے؟ دوسری طرف اساتذہ کے لیے بھی ضروری ہے کہ وہ اپنے پیشے کو محض ملازمت نہ سمجھیں۔ تدریس صرف کتاب پڑھانے یا نصاب مکمل کروانے کا نام نہیں، بلکہ کردار سازی، اخلاقی تربیت اور شعور بیدار کرنے کی ذمہ داری بھی ہے۔ جو استاد شاگرد کے ذہن کے ساتھ اس کے کردار کی تعمیر کرتا ہے، وہی حقیقی معنوں میں معاشرے کا معمار ہے۔ والدین، تعلیمی اداروں اور معاشرے کو بھی چاہیے کہ وہ استاد کی عزت کو صرف تقریروں اور عالمی یومِ اساتذہ کی مبارک باد تک محدود نہ رکھیں، بلکہ روزمرہ زندگی میں اس کے مقام اور وقار کا احترام کریں۔ عہدے ختم ہو جاتے ہیں، دولت چھن جاتی ہے اور شہرت ماند پڑ جاتی ہے، مگر خلوص سے دی گئی تربیت اور محبت سے سکھایا گیا سبق نسلوں تک زندہ رہتا ہے۔ استاد کی سب سے بڑی کامیابی یہ نہیں کہ کتنے شاگرد اس کے سامنے سر جھکاتے ہیں، بلکہ یہ ہے کہ کتنے شاگرد اس سے سیکھ کر دوسروں کے لیے روشنی بن جاتے ہیں۔ کیونکہ انسان کی اصل کمائی وہ یاد ہے جو اس کے جانے کے بعد بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ رہتی ہے.