کمشنر مردان محمد علی شاہ کا کینال روڈ پر نجی ہسپتال کا اچانک دورہ۔
کمشنر مردان محمد علی شاہ کا کینال روڈ پر نجی ہسپتال کا اچانک دورہ۔
اس موقع پر انہوں نے پارکنگ اور ٹریفک مسائل کے حل کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔
مردان(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق کمشنر مردان ڈویژن سید محمد علی شاہ نے کینال روڈ پر واقع ایک نجی ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال میں پارکنگ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔کمشنر نے مشاہدہ کیا کہ ہسپتال کے باہر سڑک پر گاڑیوں کی پارکنگ کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے، جس سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کینال روڈ پر گاڑیوں کی پارکنگ کی اجازت نہ دی جائے اور ہسپتال کی مختص پارکنگ میں گاڑیاں کھڑی کرنے کے مناسب انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ سڑک پر ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس موقع پر کمشنر نے ضلعی انتظامیہ کو کینال روڈ پر قائم عارضی اور مستقل تجاوزات فوری طور پر ہٹانے کی بھی ہدایت کی تاکہ سڑک کو ٹریفک کے لیے کشادہ اور آمدورفت کو آسان بنایا جا سکے۔