خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے گورنمنٹ گرلز
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول 63 ایم بی جوہرآباد اور گورنمنٹ بوائز ایلیمنٹری سکول 63 ایم بی کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تعلیمی سرگرمیوں، تدریسی عمل، صفائی ستھرائی اور سکولوں میں دستیاب بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کی مختلف کلاس رومز، عمارت اور دیگر حصوں کا معائنہ کیا اور طالبات کی تدریسی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔ سکول کی پرنسپل نے انہیں تعلیمی امور، طلبہ کی کارکردگی اور دستیاب سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ بوائز ایلیمنٹری سکول 63 ایم بی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کلاس رومز میں جاری تدریسی عمل کا جائزہ لیا اور طلباء کی تعلیمی استعداد، تعلیمی معیار اور مجموعی کارکردگی کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے طلباء کی بہترین قابلیت اور تعلیمی دلچسپی کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر یاسین چوہدری اور ہیڈماسٹر کو ہدایت کی کہ طلباء کے تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے سکول میں پینے کے صاف پانی، واش رومز کی مناسب سہولیات اور کھیلوں کے گراؤنڈ کی بہتری پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تمام سکولوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے اور تعلیمی اداروں میں صاف ستھرا اور سازگار ماحول یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کیے۔ اس موقع پر محکمہ تعلیم کے افسران اور سکولوں کا تدریسی و غیر تدریسی عملہ بھی موجود تھا۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر خوشاب نے جوہرآباد اور خوشاب شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور شہری خوبصورتی، تزئین و آرائش اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف مقامات پر لگائے گئے پھولدار پودوں، مین روڈز پر سٹریٹ لائٹس اور دیگر شہری سہولیات کا معائنہ کیا۔ مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے میلہ گراؤنڈ سپورٹس کمپلیکس جوہرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے لاہور قلندرز کی کرکٹ سٹیڈیم جائزہ ٹیم کے ہمراہ سپورٹس کمپلیکس میں گراؤنڈ، کرکٹ پچز، نیٹ پریکٹس رنگز اور کھیلوں کی دیگر سہولیات و سرگرمیوں کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر صائمہ منظور نے مہمان ٹیم کو سپورٹس کمپلیکس میں دستیاب سہولیات، جاری تیاریوں اور کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ دورے کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (میونسپل سروسز) ذریاب ساجد سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔