قابلِ رحم تعلیمی نظام — ذمہ دار کون؟ از قلم: فیصل جنجوعہ
قابلِ رحم تعلیمی نظام — ذمہ دار کون؟
از قلم: فیصل جنجوعہ
ہمارے ملک کا تعلیمی نظام اس وقت جن مسائل سے دوچار ہے، وہ محض تعلیمی اداروں کی ناکامی نہیں بلکہ ہماری قومی ترجیحات پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہیں۔ تعلیمی نصاب میں بار بار تبدیلیاں، غیر ضروری سرگرمیوں کا بوجھ، اساتذہ کی کمی، طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد اور بنیادی سہولیات کا فقدان اس نظام کو اندر سے کھوکھلا کر رہے ہیں۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ تعلیم کو معیاری بنانے کے دعوے تو بہت کیے جاتے ہیں، لیکن زمینی حقائق ان دعوؤں کی نفی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ کبھی نیا نصاب، کبھی سمارٹ سلیبس اور کبھی نئے تجربات؛ مگر سوال یہ ہے کہ کیا ان تبدیلیوں سے طلبہ کی حقیقی تعلیمی استعداد میں اضافہ بھی ہو رہا ہے؟ تعلیمی پالیسیوں میں تسلسل نہ ہو تو اس کا خمیازہ طلبہ اور اساتذہ دونوں کو بھگتنا پڑتا ہے۔ تعلیمی سال شروع ہونے کے بعد نصاب میں تبدیلی، امتحانات کے قریب نئی ہدایات اور غیر ضروری انتظامی تقاضے تدریسی عمل کو متاثر کرتے ہیں۔ نتیجتاً اساتذہ پڑھانے کے بجائے کاغذی کارروائیوں میں الجھ جاتے ہیں اور طلبہ کی بنیادی تعلیمی ضروریات پس منظر میں چلی جاتی ہیں۔ دوسری طرف سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی، محدود وسائل، بجلی اور پانی جیسے بنیادی مسائل بھی تعلیم کے معیار پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ جب ایک استاد کو ضرورت سے زیادہ طلبہ کو پڑھانا پڑے تو ہر بچے پر انفرادی توجہ دینا مشکل ہو جاتا ہے۔ ایسے حالات میں صرف اساتذہ کو موردِ الزام ٹھہرانا مسئلے کا حل نہیں۔ یہ بھی ایک تلخ حقیقت ہے کہ بعض طلبہ اپنی ذمہ داریوں کو سنجیدگی سے نہیں لیتے، جبکہ والدین کی عدم توجہی، غیر حاضری اور گھر میں تعلیمی نگرانی کی کمی مشکلات کو مزید بڑھا دیتی ہے۔ تعلیم کی بہتری کے لیے استاد، والدین، طالب علم اور حکومت، سب کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی حکومت کو چاہیے کہ تعلیمی نظام میں تجربات کرنے کے بجائے ایک مستقل، قابلِ عمل اور زمینی حقائق سے ہم آہنگ پالیسی اختیار کرے۔ اساتذہ کی خالی آسامیوں کو پُر کیا جائے، کلاسوں میں طلبہ کی تعداد مناسب رکھی جائے، بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں اور اساتذہ کو غیر ضروری انتظامی دباؤ سے آزاد کیا جائے۔ نصاب میں تبدیلی بھی ماہرینِ تعلیم کی مشاورت سے کی جائے تاکہ طلبہ اور اساتذہ کی محنت ضائع نہ ہو۔ تعلیم پر خرچ ہونے والی رقم محض اخراجات نہیں بلکہ قوم کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ اگر آج ہم نے تعلیمی مسائل کو سنجیدگی سے حل نہ کیا تو کل ہمیں ناخواندگی، بے روزگاری اور معاشرتی زوال کی صورت میں اس کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔ تعلیمی نظام کی اصلاح نعروں سے نہیں، درست پالیسیوں، مؤثر عمل درآمد اور اجتماعی ذمہ داری سے ممکن ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ تعلیم کو سیاسی تجربات اور وقتی فیصلوں سے نکال کر قومی ترجیح بنایا جائے، کیونکہ مضبوط تعلیم ہی مضبوط قوم کی بنیاد ہے۔