November 17, 2026

گمنام گاوۤں کی کہانیاں دسمبر کی سنہری دُھوپ پھیلی ہوئی ہے۔ میں باغ سے اَمرود اور کماد سے گنے توڑ لایا۔ یہ میرا روز کا معمول تھا۔ میرے چاروں اطراف سرسوں اور گندم کے کھلیان لہلہا رہے ہیں

IMG-20250907-WA0129(13)

گمنام گاوۤں کی کہانیاں

دسمبر کی سنہری دُھوپ پھیلی ہوئی ہے۔ میں باغ سے اَمرود اور کماد سے گنے توڑ لایا۔ یہ میرا روز کا معمول تھا۔ میرے چاروں اطراف سرسوں اور گندم کے کھلیان لہلہا رہے ہیں
میں نالہ ڈیک کے کنارے دھان کی فصل کے بھوسے(پرالی) کے ڈھیر پربیٹھا۔ اپنی سکول کی کتابوں کے ساتھ ساتھ میرے سامنے علامہ اقبال کی بانگ درا، فرحت عباس شاہ کی “شام کے بعد” کھلی پڑی ہیں جبکہ مختار مسعود کی “آواز دوست” کے صفحات بھی ہوا میں پھڑ پھڑا رہے ہیں۔ امرود کھاتے ہوئے” اے ہمالہ,لوٹ پیچھے کی طرف اے گردش ایام تو، بانگ درا سے نظم گن گنا رہا ہوں ایک ورق “آواز دوست” کا پڑھتا ہوں جبکہ نصاب کی کتاب سے احمد ندیم قاسمی کا”کپاس کا پھول” افسانہ بھی مزیدار ہے اور دسمبر سردی میں گنے کا لطف لے رہا ہوں۔ میرے سامنے دو چھوٹے چھوٹے گاوۤں میرک پور، نندپور ہیں۔ جو مجھے لندن، پیرس سے زیادہ عزیز ہیں کہ یہاں میرے اپنے بستے ہیں۔ میرے چھوٹے بہن بھائی اور میرے یار دوست ہیں میری ماں میرے والد جو کسان زمیندار ہیں۔ جو کھیتوں میں ہل چلاتے لہلاتی فصلیں اگاتے ہیں۔ کھیتوں کو کشمیر کے خوبصورت پہاڑوں سے آتے نالہ ڈیک کے ٹھنڈے میٹھے پانیوں سے سیراب کرتے ہیں۔ اِس نالہ ڈیک کا پانی مون سون میں گہرا گدلہ ہوتا ہے۔ جو پہاڑوں سے سرخ رنگ کی زرخیز مٹی بہا کر لاتا ہے۔ یہ مٹی فصلوں کے لئے کھاد کا کام دیتی ہے، جبکہ ٹھنڈ کے موسم میں اس کا پانی صاف اور چمکدار ہوتا ہے۔ جس کو نالہ ڈیک کے کنارے لگے ٹیوب ویلز کے ذریعے کھیتوں کو سیراب کرتے ہیں۔ جو گاؤں کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرتے ہیں۔ میں شام ہوتے ہی کتابیں سمیٹتا اور گھر کا رخ کرتا ہوں۔ میرے چھوٹے بھائی اور دوست پرائمری سکول کی گراونڈ میں کرکٹ کھیلنا بند کرتے اور گھر کا راستہ لیتے ہیں، دونوں گاوۤں جڑواں بھائیوں کی طرح ساتھ ساتھ بسے ہوئے ہیں۔ جن کے درمیان چھوٹا سا پرائمری سکول ہے۔ جس میں ہم پانچویں کلاس تک ماسٹر بشیر صاحب اورماسٹر یعقوب صاحب سے تعلیم حاصل کرتے تھے۔ میں ہائی سکول کے بعد سیکنڈ ائیر کے امتحان کی تیاری میں مصروف ہوگیا ہوں جس کے ساتھ ساتھ غیر نصابی کتابیں پڑھنے کا چسکا پڑ گیا ہے۔ جس کے لئے اماں اور اَبا سے الگ الگ پیسے لیکر جمع کرتا اور مہینہ دو مہینہ بعد جو روپے اکھٹے ہوتے، ان سے انارکلی بازار لاہور میں میرے دوست شہزاد کی پرانی اور نایاب کتابوں کی ہیرو بک شاپ پر پہنچ جاتا ہوں۔ میرا دوست بھی ہیرو لگتا ہے۔ وہ دل دل پاکستان گانے والے، پوپ سنگر جنید جمشید کی طرح دکھتا ہے ۔اس سے کتابیں خرید کر واپس گاوں کی جانب روانہ ہوتا ہوں۔وہ کتابیں میرے دو مہینے آرام سے نکال دیتی ہیں۔ میں روزانہ دوپہر کے بعد کتابیں بغل میں،مچھلیاں پکڑنے والی ڈوریں اور کنڈیاں ہاتھ میں، نالہ ڈیک کے کنارے اپنی مخصوص جگہ پر ڈیرہ لگاتا ہوں۔ کنڈیوں پر چارہ لگا کر پانی میں پھینکتا ہوں اور ساتھ ہی ساتھ نسیم حجازی کے اسلامی ناول یوسف بن تاشفین اورمحمد بن قاسم پڑھنا شروع کر دیتا ہوں۔ اِس نالہ ڈیک کا پانی چھوٹے بڑے دیہاتوں،قصبوں کے کھیتوں کو سراب کرتا ہوا ننکانہ صاحب سے آگے سید والا کے قریب دریائے راوی میں جا ملتا ہے جبکہ راوی جھنگ، شورکوٹ،احمد پورسیال کے قریب چناب جہلم کے پانیوں میں جا ملتا ہے۔ اِن پانیوں میں بہت سی مچھلیاں تیرتی ہوئی نالہ ڈیک میں آتے ہوئے پانیوں کو جاتی ہیں۔ جن میں اکثر دو چار مچھلیاں مجھے بھی مل جایا کرتیں ہیں۔ جو انتہائی لذیذ ہوتی ہیں۔ کماد کی فصل پک کر تیار ہوئی تو کھیتوں میں ویلنا لگ گیا۔ گول چکر میں بیل کی جوڑی گھومتی ہے اور میرا چھوٹا بھائی ویلنے میں گنے لگائے تو دوسری طرف رس نکلنے لگا جس کو بڑے سے کڑاہے میں پکا کر گرم گرم گڑ تیار کیا جاتا، میں پرانے اخبار میں گڑ رکھ کر مولانا ابو الکلام آزاد کی غبار خاطر ، جو انارکلی بازار پرانی کتابوں سے ڈھونڈ کر لایا تھا وہ بھی ساتھ لی اور اپنی مقررہ جگہ پر جا بیٹھا گرم گڑ کھاتے ہوئے ساتھ ابوالکلام ازاد کے جیسمین وائٹ چائے کی رنگینی میں لپٹے ہوئے خطوط بنام یارانِ کُہن کی دلنشیں کہانیوں سے لطف لے رہا ہوں۔ لوگ گرمیوں کے موسم میں مال مویشی کھلے میں ڈیک کنارے لے آتے ہیں، گاوۤں کے سارے بچے اِن کھلے پانیوں میں نہاتے ہیں۔ جو بچپن میں ہی تیراکی سیکھ جاتے ہیں، تھل وسیب کے ڈاکٹر آشو لعل کی لازوال شاعری انہی پانیوں کے حوالے سے کمال ہے،، دریا او دریا پانی تیڈے ڈونگے،، توں ساڈا پیوٓو،ماں اسیں تیڈے پونگے،، بارشیں برستی یار دوست برستی بارش میں ڈیک کناروں سے باہر نکلتے طوفانی پانیوں میں نہاتے اور تیراکی کرتے، تیرتے ہوئے ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک جاتے ذرا سا بھی ڈر، خوف نہیں ہوتا،مچھلیاں پکڑتے اَمرود توڑتے ہم سب دوست ہم عمر ہیں۔ سب ہی خوش ہیں۔ تب ہی آنکھ کھلی وقت پلٹا کھا چکا تھا، اور وقت نے بتایا کہ سب بڑے ہو چکے ہیں۔ مرور زمانہ، فکرمعاش، وقت کی تقسیم نے سب کو جغرافیائی حدود میں تقسیم کر دیا ہوا ہے ۔ کوئی یورپ نکل گیا تو کوئی کویت،کوئی سعودی عرب اور کوئی کہیں جس کوجدھر وقت کا دھارا بہا لے گیا۔ وہ اُدھر ہی نکل گیا۔ یاروں نے دور جا کر دلوں کی بستیاں بسا لی ہیں۔ جو لوٹ کر آئے بھی نہیں،اُن کو یاد کرکے دل گرفتہ ہوتا ہوں۔ میں خود بھی تو وہاں کا نہیں رہا جہاں کا میں کبھی تھا۔ اب سالہا سال بعد لوٹ کر گاوۤں جاتا ہوں تو دیکھتا ہوں کہ نئے نئے لوگ آ گئے ہیں۔ میں جن کو چھوڑ کر گیا تھا ان میں سے کوئی شناسا چہرہ نظر نہیں آتا۔ کس سے پوچھوں،کہاں گئے وہ سب یاران رفتہ، جن کے رُخ سے روشنیاں چھلکتی تھیں، جو راحت دل و جاں تھے، در و دیوار سے پوچھتا ہوں تو جواب ملتا ہے اب آئے ہو لوٹ کر جب سب دکاں اپنی بڑھا گئے ۔ میں گلی گلی گھومتا ہوں گاوۤں کے چاروں اَور جاتا ہوں، کملایا کملایا پھرتا ہوں، وہ لوگ کہیں نظر نہیں آتے، بھاگا بھاگا قبرستان پہنچتا ہوں تو دیکھتا ہوں کہ زیادہ تو یہاں آ کر مٹی کی چادر اوڑھ کے گہری نیند سو گئے ہیں۔ میں سب کے لیے دعا کرتا ہوں،پرانے راستوں پر نکلتا ہوں ہر جگہ جاتا ہوں ڈیک کے کنارے اپنے پرانے ٹھکانے پر کھڑا ہوتا ہوں جہاں کبھی بیٹھ کر علامہ اقبال،فیض احمد فیض،احمد فراز، محسن نقوی، فرحت عباس شاہ کی شاعری سے دل کو شاد کرتا تھا۔ جہاں احمد ندیم قاسمی کی کہانیاں،منٹو کے افسانے،شوکت صدیقی کی خدا کی بستی پڑھتا تھا۔ جس جگہ بیٹھ کر الفریڈ ہچکاک کی ڈراونی کہانیاں،نک ویلوٹ کی چوریاں،چارلس سو بھراج کے قصے،ابن صفی کی عمران سیریز،کیپٹن حمید اور کرنل فریدی کی جاسوسی کہانیاں پڑھتا تھا۔ میرے چاروں طرف سرسبز فصلیں لہلہا رہی ہیں ہوائیں چل رہی ہیں،پانی ویسے ہی بہتا جا رہا ہے مگر وقت پر لگا کے اڑ گیا ہے۔ جو دلوں کی بستیوں کو اپنی محبت سے سینچتے تھے وہ سب وقت کو الوداع بول گئے ہیں یا کہیں اور چلے گئے ہیں۔ میں کھڑا ان کو یاد کر رہا ہوں، اپنی یادیں، باتوں کے نام کر رہا ہوں کہ باتوں باتوں میں بتاتے رہیں گے کہ اس نالہ ڈیک کے کنارے جس میں تیر کر ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک جاتے تھے، آخر تھک ہار کر شام گھر لوٹ جاتے تھے۔ وقت چال اپنی قیامت کی چل گیا ہے۔ میں پیچھے کھڑا رہ گیا ہوں آگے چلے جانے والوں کو یاد کرنے کے لیئے، لیکن وہ ہمیشہ زندہ رہیں گے میرے دل میں، جب تک میں زندہ ہوں۔

شاہد محمود سیالکوٹ
22/11/2025