November 17, 2026

سدھن گلی، چنار وادی

IMG-20250907-WA0129(13)

سدھن گلی، چنار وادی

میں اس شخص کو پچھلے کئی سالوں سے ڈھونڈتے ڈھونڈتے اس کے شہر تک آ گیا تھا اور دو دن سے اس کو چاروں سمت تلاش کرتا اور دیکھتا رہا وہ مجھے کہیں نظر نہیں آیا میں نے ساتھ آئے دوستوں کو کہا آج کا دن اس کے شہر میں رہ لیں کل ہم چلے جائیں گے، میں اپنی آخری سی کوشش کرتا رہا شاید اس کا کہیں سے نشان مل جائے، دل کے دریا میں کئی کئی رتوں، رنگوں، خیالوں کی لہریں تیرتی رہیں، یہ بھی شائبہ جنم لیتا کہ ہو سکتا ہے وہ کسی اور شہر یا کسی اور دیس میں جا بسا ہو جو وہ اتنی تلاش کے باوجود نہیں مل رہا اور وقت بھی تو بہت زیادہ بیت چکا اس سے بچھڑے ہوئے،اک طویل شب آنکھوں میں گزر گئی انتظار میں گزرا ایک لمحہ بھی صدی بن جاتا ہے اور میں تو ایک طویل عرصے سے اس کی تلاش میں تھا۔ رات ایسے ہی وہموں وسوسوں میں گزر گئ، صبح ہوئی تو ناشتہ کرکے دوبارہ رخت سفر باندھا، ڈرائیور فوجی بھائی وحید نے گاڑی سٹارٹ کی یاسین اور عقیل پچھلی سیٹوں پر بیٹھ گئے، راولا کوٹ ہوٹل ڈریم ویلی سے نکل کر مین بازار سے ہوتے ہوئے ٹوراِزم ہوٹل راولا کوٹ کے سامنے سے نکل کر باغ شہر کو جاتی ہوئی سڑک پر ہو لیئے اس کے خوبصورت شہر کو الوداع کہتے ہوئے آبدیدہ آنکھوں سے گاڑی کے شیشے سے باہر دیکھا،اپنے اشک دوستوں پر عیاں کرنا نہیں چاہتا تھا گاڑی شہر کے مضافات میں نکل آئی اور بوجھل دل سے اگلے شہر کو روانہ گاڑی سے مڑ کر آخری نگاہ شہرِ یار پر ڈالی تو امیدوں کے سبھی چراغ بجھ سے گئے۔
سڑک کے دونوں جانب پہاڑیوں پر صدیوں سے استادہ،پائن، چنار، چیڑ، دیار، بیار، اور پاپولر، کے جھولتے ہوئے سرسبز درخت ماحول کو طلسماتی رنگ دئیے ہوئے تھے، اب کے ہمارا سفر دو دریاؤں کے سنگم پر واقع ایک اور دلفریب شہر باغ کی طرف تھا، کشمیر کے تمام شہروں کو جاتے راستے سڑکیں صاف ستھری اور خوبصورت تھیں۔سڑک کبھی میلوں اونچے پہاڑ کی چوٹی پر پہنچ جاتی تو کبھی میلوں نیچے اترائیوں اور گہری کھائیوں میں، زگ زیگ کے موڑ کاٹتی ہوئی روڈ پر ماہر ڈرائیور ہی گاڑی چلا سکتا ہے ان راستوں پر پچاس کلومیٹر کا سفر بھی دو سو کلومیٹر کا فاصلہ معلوم پڑتا ہے۔
ضلع باغ کی حدود کافی پہلے شروع ہوچکی تھی دو اونچے اونچے پہاڑی سلسلوں کے درمیان بہتا ہوا دریا کے پل سے گزر رہے تھے، ایک لمحہ کے لیئے،، اور ڈان بہتا رہا،، یاد آتا رہا، چاروں طرف ایک خواب انگیز ماحول تھا پل کراس کرکے ایک موڑ کاٹتے ہوئے کوئی پانچ دس گھر اور دو چار دکانوں کی آبادی تھی جس سے نکلتے ہوئے گاڑی ایک پہاڑ کی چڑھائی چڑھنے لگی، اور ایک دریا ساتھ ساتھ چلتا رہا صاف ستھری سڑک میں چھوٹے چھوٹے موڑ کاٹتے ہوئے وقت دوپہر کی دہلیز پر جا اترا۔
جب ہم ایک اور بڑے دریا کے کنارے پہنچے تو خوبصورت لکڑی کے پھٹوں کو لوہے کے رسوں میں گوندھ کر بنایا ہوا پل آیا تو ان خوبصورت نظاروں سے لطف لینے کے لیے ہم نے پل کے درمیان گاڑی روکی،
دریا کی دوسری جانب گھوڑے چراگاہوں میں چرتے نظر آرہے تھے وہیں اکا دکا فوجی پوسٹیں، چھوٹی چھوٹی چھاونیاں بھی موجود تھیں۔
دریا مشرق سے مغرب کی جانب بہہ رہا تھا جس کے شفاف پانی میں پتھروں اور ریت کے درمیان تیرتی ہوئی مچھلیاں دکھائی دے رہی تھی دل کو موہ لینے والا نظارہ آنکھوں کو خیرہ کر رہا تھا،دریا کے دونوں اطراف اونچے اونچے پہاڑوں پر پائن، چیڑ، دیار، چنار، کے آسمان کو چھوتے ہوئے صدیوں پرانے سر سبز درخت ماحول کو مزید دل آویز بنا رہے تھے، عبدالحلیم شرر کے ناول “فردوس بریں”میں اس نے شاید اسی جنت نظیر کی منظر نگاری کی تھی، پل پر کھڑے ہوکر تصویریں اتارتے ہوئے دریا کو عبور کیا دریا کے مغربی کنارے کے ساتھ روڈ پر مشرق کی طرف طویل سفر کرتے ہوئے ہم باغ شہر میں پہنچے۔
یہ شہر دو دریاوں مہلوانی اور ماہل کے سنگم پر آباد ہے ایک دریا سامنے مقبوضہ کشمیر کے مشرق اور دوسرا سدھن گلی شمال سے آرہا تھا۔ یہ دونوں دریا باغ شہر کے درمیان میں پہنچ کر مل جاتے ہیں اور شہر کی خوبصورتی میں مزید رنگ بھرتے ہیں باغ شہر ان دونوں دریاوں کے چاروں سمت آباد ہے پہلے یہ شہر پونچھ ڈسٹرکٹ کی تحصیل تھی پھر 1987 میں اس کو الگ ضلع کا درجہ دیا گیا یہاں پر پانچ سے چھ سو سال قبل مسیح کے زمانہ سے بدھ مت کے پیروکاروں کے بنائے ہوئے نو غار آج تک موجود ہیں جہاں پر وہ اپنی عبادات کیا کرتے تھے، اس پہاڑی سلسلہ میں کھیتی باڑی تو ہو نہیں سکتی جس کیوجہ قریب چالیس ہزار کی آبادی مال مویشی پالکر یا تجارت کرکے اپنی معاشی زندگی کا پہیہ چلا رہے ہیں۔
یہاں پر مشہور پہاڑی چوٹیوں میں گنگا چوٹی، سدھن گلی، وغیرہ ہیں ان پہاڑوں اور چوٹیوں کی اترائیوں کے دلکش و دلفریب نظارے پہلی بار دیکھنے والے کو حیرت میں گم کر دیتے ہیں۔
یہ شہر مظفرآباد سے قریب سو کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔
میرا پرانا بیج میٹ امجد حسین اسی شہر سے تھا لیکن اس کی کسی اور شہر میں تعیناتی کیوجہ سے ملاقات نہ ہوسکی،ویسے بھی اب دوپہر ڈھلنے لگی تھی،
ٹوٹل پٹرول پمپ سے ملحقہ شہر کے لاری اڈہ سے ہوتے ہوئے تھانہ باغ کے سامنے سے چڑھائی چڑھتے ہوئے سدھن گلی، چکار روڈ پر نکل آئے۔کشمیر کے پہاڑوں میں اکا دکا مکان نظر آرہے تھے،نظر آسمان کی طرف جاتی تو پہاڑ کی چوٹی پر خوبصورت گھر نظر آتے اور نگاہ نیچے جاتی تو گہری کھائیوں میں دکھائی دینے والے گھر کسی پرستان کی کہانیوں کی وادی لگتے۔سلام ہے انسان کی عظمت کو کہ کن کن مشکل ترین جگہوں کو بھی آباد کیے ہوئے ہیں، راستے میں کہیں کہیں پانچ دس گھروں کےگاؤں آباد تھے وہی چھتر، یا چھپر گاوں ماہل دریا کے کنارے پر بہت دلکش منظر پیش کرتا ہے،برقی و مواصلاتی محکموں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے پرخطر پہاڑوں پر بھی ہر گھر کو بجلی فراہم کی ہوئی ہے۔ سہ پہر کے قریب ہماری گاڑی سدھن گلی چنار ہوٹل کے سامنے رکی شدید بھوک میں فوری کھانے کا آرڈر دے کر ہم یاداشتی تصاویر اتارنے لگے۔
سدھن گلی دریائے ماہل کے پاس چوٹی کی چڑھائی چڑھتے ہوئے ایک چھوٹا مگر خوبصورت گاوں ہے اگست کی دوپہر میں بارش اور پہاڑ کی چوٹیوں پر چھائی دھند نے ماحول کو طلسماتی رنگ دے رکھا تھا ، یہ گاوں مری کی خوبصورتی سے کئی گناہ زیادہ خوبصورت اور دلکش ہے،البتہ مری کی آبادی یہاں سے زیادہ ہے۔ نیشنل بنک اور اے، جے، کے بنکوں کی پرانی عمارتیں اس کی دلکشی میں مزید اصافہ کیے ہوئے ہیں، یہ علاقہ افغانستان سے ائے سدوزئی قبیلے کے ایک افغان سردار جسی خاں نے قریب پانچ سو سال قبل آباد کیا تھا۔
ایک پل میں لگا میں صدیوں کی مسافت طے کرکے یہاں تک پہنچا ہوں،اور آنکھوں سے ہوتے ہوئے یہ نظارے روح کی تشنگی کو سیراب کر رہے تھے۔
کھانا کھا کے چائے کے کپ سنبھالے
البتہ بل کھانے کے ذائقہ کی نسبت بہت زیادہ تھا۔
سفر کرتے ہوئے میری کوشش رہتی ہے کہ کھانا کسی پنجابی ہوٹل یا جہاں ٹرک ڈرائیور کھانا کھاتے ہیں وہی پر بریک ماروں، لیکن باوجود کوشش کے ایسا ممکن نہ ہوسکا۔
بہرحال کشمیر کے خوبصورت مناظر سے ہم نے بھوک پر قابو پا کر دل کو بہلائے رکھا،یوں تو ہمارا سارا پاکستان ہی حسین ہے لیکن میں سمجھتا ہوں انسان کو زندگی میں ایک بار کشمیر کے سارے شہروں کا سفر ضرور کرنا چاہیے، علامہ اقبال ایسے ہی نہیں کہتے تھے کہ کسی نے دنیا میں جنت دیکھنی ہو تو وہ کشمیر دیکھ لے، بہشت بریں است از روئے زمیں است، اگر زمیں پر کوئی جنت ہے تو وہ یہی کشمیر ہے اپنا بتاؤں تو یہاں سے جانے کو دل نہیں تھا لیکن خانہ بدوش مسافر کسی ایک جگہ کا ہو کے نہیں رہ سکتا۔ پھر مستنصر حسین تارڑ کے سفر نامے خانہ بدوش، اندلس میں اجنبی، نکلے تیری تلاش میں، اور پیار کا پہلا شہر، آنکھوں میں تیرنے لگتے ہیں۔
جپسی ہو خانہ بدوش بنو اور سفر کو جاری رکھو ایک ہی جگہ پر نہ جم جاو پھر کہیں کے نہ رہو گے، شام ہونے کو تھی،اس لیے بھی ضروری تھا کہ دن کی روشنی میں ہی آگے چلتے، اداسی بھری نظروں سے اس چنار وادی کو الوداع کہا اور گاڑی اگلی منزل کی طرف بھاگنے لگی، سفر نئی وادیوں کے راستے دیتا ہے اور راستے منزلوں کے پتے دیتے ہیں زندگی کا سفر بھی انسان کو روز نئے نئے سبق ہی تو دیتا ہے۔ آپ کا کیا خیال ہے۔

شاہد محمود سیالکوٹ
15/11/2025