November 16, 2026

*اسلام میں فرقہ پرستی کی مذمت* پیر 14 جولائی 2025 انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

20250712_135746

*اسلام میں فرقہ پرستی کی مذمت*

پیر 14 جولائی 2025
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

اسلام میں فرقہ پرستی قابل ستائش نہیں ہے، ارشاد باری تعالیٰ ہے :

وَاعْتَصِمُواْ بِحَبْلِ اللّهِ جَمِيعًا وَلاَ تَفَرَّقُواْ.

’’اور تم سب مل کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور تفرقہ مت ڈالو۔‘‘
(آل عمران، 3 : 103)

مندرجہ بالا آیت دو حصوں پر مشتمل ہے : پہلا حصہ امر اور دوسرا نہی پر مبنی ہے۔ تم سب مل کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو، یہ مثبت حکم تھا لیکن اس کے بعد نہی کا حکم ہے کہ خبردار! تم باہمی تفرقہ اور انتشار کا شکار نہ ہونا۔

حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرقہ پرستی کی مذمت کرتے ہوئے فرماتے ہیں :

يَدُ اﷲِ مَعَ الجَمَاعَةِ، وَ مَنْ شَذَّ شَذَّ اِلَی النَّارِ.

’’اجتماعی وحدت کو اللہ کی تائید حاصل ہوتی ہے، جو کوئی جماعت سے جدا ہو گا وہ دوزخ میں جا گرے گا۔‘‘
ترمذی، السنن، کتاب الفتن عن رسول اﷲ صلی الله عليه وآله وسلم ، باب ما جاء فی لزوم الجماعة، 4 : 39 – 40، رقم : 2167

اسلام انسانیت کی بقاء معاشرے میں امن و سلامتی، اتحاد، اخوت اور بھائی چارے کا ضامن ہے۔ اس میں فرقہ پرستی کی کوئی گنجائش نہیں۔ ﷲ تعالیٰ نے قرآن حکیم میں ایک مقام پر فرمایا :

إِنَّ الَّذِينَ فَرَّقُواْ دِينَهُمْ وَكَانُواْ شِيَعًا لَّسْتَ مِنْهُمْ فِي شَيْءٍ.

’’بیشک جن لوگوں نے (جدا جدا راہیں نکال کر) اپنے دین کو پارہ پارہ کر دیا اور وہ (مختلف) فرقوں میں بٹ گئے، آپ کسی چیز میں ان کے (تعلق دار اور ذمہ دار) نہیں ہیں۔‘‘
(الانعام، 6 : 159)

اس آیتِ کریمہ میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو آگاہ کیا جا رہا ہے کہ آپ ایسے لوگوں سے کوئی سرو کار اور تعلق نہ رکھیں، جنہوں نے اپنے دین کو ٹکڑے ٹکڑے کر کے اپنی جمعیت کا شیرازہ منتشر کر دیا۔ علاوہ ازیں ملی شیرازہ کو تفرقہ و انتشار کے ذریعے تباہ کرنے والوں کے لئے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انتہائی سخت احکامات صادر فرمائے۔

آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :

’’جو شخص بھی تمہاری جماعت کی وحدت اور شیرازہ بندی کو منتشر کرنے کے لئے قدم اٹھائے اس کا سر قلم کر دو۔‘‘
مسلم، الصحيح، کتاب الامارة، باب حکم من فرق امر المسلمين و هو مجتمع، 3 : 478، رقم : 1852

گویا مذکورہ بالا قرآنی آیت اور حدیث مبارکہ سے ثابت ہوا کہ اسلام میں فرقہ بندی اور تفرقہ پرستی کی کوئی گنجائش نہیں۔

سورة الروم – آیت 32 میں فرمان باری تعالی ہے
مِنَ الَّذِينَ فَرَّقُوا دِينَهُمْ وَكَانُوا شِيَعًا ۖ كُلُّ حِزْبٍ بِمَا لَدَيْهِمْ فَرِحُونَ
ترجمہ:
جنہوں نے اپنا دین الگ بنا لیا ہے اور فرقوں میں تقسیم ہوگئے ہیں، ہر فرقہ کے پاس جو کچھ ہے وہ اس پر خوش ہے

اس فرقہ واریت کے باوجود ہر دور میں ایک جماعت توحید وسنت پر قائم رہی اور وہ قیامت تک قائم رہے گی۔

یَآ أَیُّھَا النَّاسُ !أَلَآ إِنَّ رَبَّکُمْ وَاحِدٌ وَإِنَّ أَبَاکُمْ وَاحِدٌ أَلَا لَا فَضْلَ لِعَرَبِیٍّ عَلٰی أَعْجَمِیٍّ وَلَا لِاَعْجَمِیٍّ عَلٰی عَرَبِیٍّ وَلَا لِأَحْمَرَ عَلآی أَسْوَدَ وَلَا لِاَسْوَدَ عَلٰی أَحْمَرَ إِلَّا بالتَّقْوٰی
[ مسند أحمد : کتاب مسند”]

ترجمہ:
اے لوگو! خبردار یقیناً تمہارا رب ایک ہے اور تمہارا باپ بھی ایک ہے۔

خبردار! کسی عربی کو عجمی پر اور کسی عجمی کو عربی پر، سرخ کو کالے پر اور کالے کو سرخ پر تقویٰ کے سوا کوئی فضیلت حاصل نہیں۔“

حضرت مالک بیان کرتے ہیں کہ انہیں یہ حدیث پہنچی ہے کہ رسول اللہ (ﷺ) نے فرمایا میں تم میں دوچیزیں چھوڑے جارہا ہوں جب تک ان کو مضبوطی کے ساتھ تھامے رکھو گے تو کبھی گمراہ نہیں ہو گے۔ ایک اللہ کی کتاب اور دوسری اس کے نبی کی سنت۔“ [ موطا امام مالک]

*مسائل:*
1۔ جن لوگوں نے شرک کیا وہ فرقہ فرقہ ہوگئے۔
2۔ ہر گروہ اپنی رسومات اور فقہ پر خوش ہے۔

*تفسیر بالقرآن:*

*اتحاد امت کا حکم*

1۔ اتحاد اللہ کی عظیم نعمت ہے۔ (آل عمران :103)

2۔ اتحاد اللہ کی توفیق کا نتیجہ ہے۔ (الانفال :63)

3۔ باہمی اختلاف اللہ کا عذاب ہوتا ہے۔ (الانعام :65)

4۔ کتاب اللہ کارشتہ نہ ٹوٹنے والا ہے۔ (البقرۃ:256)

5۔ اللہ کی رسی کو مضبوطی کے ساتھ پکڑ لو اور فرقوں میں نہ بٹو۔ (آل عمران :103)

*الدعاء*
یا اللہ تعالی امت مسلمہ میں یکجہتی پیدا کر دے اور فرقوں میں بٹنے سے بچا لے تاکہ تیرے آخری نبی کی امت دنیا پے غالب آ سکے۔

آمین یا رب العالمین
Please visit us at www.nazirmalik.com
Cell:00923008604333
اسلام میں فرقہ پرستی کی مذمت