November 16, 2026

کمشنر مردان سید محمد علی شاہ نے فضل حق کالج مردان میں پہلے IELTS امتحانی مرکز کا افتتاح کردیا۔

IMG-20261116-WA0211(1)

کمشنر مردان سید محمد علی شاہ نے فضل حق کالج مردان میں پہلے IELTS امتحانی مرکز کا افتتاح کردیا۔

برٹش کونسل کے اشتراک سے قائم مرکز سے طلبہ کو اپنے ہی شہر میں IELTS کی سہولت میسر آئے گی۔کمشنر مردان

مردان(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق کمشنر مردان ڈویژن سید محمد علی شاہ نے فضل حق کالج مردان میں IELTS امتحانی مرکز کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر کالج کی پرنسپل حفصہ اشفاق بھی موجود تھیں، جنہوں نے کمشنر کو نئے امتحانی مرکز کے قیام، انتظامات اور دستیاب سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔انہیں بتایا گیا کہ یہ مردان کا پہلا IELTS امتحانی مرکز ہے، جو برٹش کونسل کے اشتراک سے قائم کیا گیا ہے۔ اس سے قبل مردان اور گردونواح کے طلبہ و طالبات کو IELTS کا امتحان دینے کے لیے پشاور یا دیگر شہروں کا سفر کرنا پڑتا تھا، تاہم اب یہ سہولت انہیں اپنے ہی شہر میں دستیاب ہوگی۔کمشنر سید محمد علی شاہ نے مرکز کے قیام کو ایک اہم تعلیمی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سہولت سے نہ صرف طلبہ و طالبات کا قیمتی وقت اور سفری اخراجات بچیں گے بلکہ انہیں بین الاقوامی معیار کے امتحان میں شرکت کے لیے مقامی سطح پر بہتر مواقع بھی میسر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ IELTS امتحان اعلیٰ تعلیم، بیرون ملک تعلیمی مواقع اور بین الاقوامی سطح پر پیشہ ورانہ ترقی کے خواہش مند نوجوانوں کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔ مردان میں اس مرکز کا قیام نوجوانوں کو عالمی تعلیمی اور پیشہ ورانہ مواقع تک رسائی میں سہولت فراہم کرے گا۔کمشنر نے فضل حق کالج کی پرنسپل حفصہ اشفاق اور کالج انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ طلبہ و طالبات اس سہولت سے بھرپور استفادہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں جدید اور معیاری سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے ایسے اقدامات قابل تحسین ہیں۔