محکمہ لائیوسٹاک چارسدہ میں مبینہ کرپشن کا نیا اسکینڈل۔
محکمہ لائیوسٹاک چارسدہ میں مبینہ کرپشن کا نیا اسکینڈل۔
75 فیصد کمیشن، 15 ماہ سے کرایوں کی عدم ادائیگی اور سرکاری عمارتوں کے ملبے کی فروخت کے الزامات
چارسدہ(نمائندہ خصوصی)خبر رساں ادارے کے مطابق محکمہ لائیوسٹاک خیبر پختونخوا میں مبینہ بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا ایک نیا معاملہ سامنے آگیا ہے، جہاں ڈائریکٹر لائیوسٹاک چارسدہ مسل خان کے خلاف مالی بے ضابطگیوں، سرکاری املاک کی خوردبرد اور خواتین ملازمین کے ساتھ نامناسب رویے کی سنگین شکایات سامنے آئی ہیں۔کہانی کا سب سے دلچسپ پہلو مبینہ 75 فیصد کمیشن کا مطالبہ ہے۔ اطلاعات کے مطابق چارسدہ میں سرکاری ویٹرنری ڈسپنسریوں کی عمارتوں کے مالکان کو گزشتہ تقریباً 15 ماہ سے کرایوں کی ادائیگیاں نہیں ہوئیں، حالانکہ بل منظور ہو چکے ہیں۔ الزام ہے کہ مالکان سے ان کے منظور شدہ کرائے کا 75 فیصد مبینہ کمیشن طلب کیا جا رہا ہے۔ بعض مالکان کو یہ بھی بتایا گیا کہ پہلے ہی ایک کلرک رقم وصول کر چکا ہے اور اب ادائیگیاں نئے بجٹ کے ذریعے دوبارہ حاصل کی جائیں گی۔ سوال یہ ہے کہ منظور شدہ سرکاری رقم آخر کس کی جیب میں جا رہی ہے۔کہانی کا دوسرا باب مردان سے شروع ہوتا ہے۔ شکایت کے مطابق مسل خان کی سابقہ تعیناتی کے دوران تین سرکاری عمارتیں منہدم کی گئیں اور ان کا تعمیراتی ملبہ، بشمول اینٹیں اور دیگر سامان، مبینہ طور پر فروخت کر دیا گیا۔ اب خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چارسدہ میں بھی پرانی ویٹرنری ڈسپنسریوں کی عمارتوں کے ساتھ یہی معاملہ دہرایا جا سکتا ہے۔ اگر یہ الزامات درست ہیں تو سرکاری املاک کا حساب کون دے گا۔تیسرا معاملہ خواتین ملازمین کے وقار سے متعلق ہے۔ شکایت ہے کہ ایک اجلاس کے دوران پردے میں موجود چار خواتین ملازمین سے مبینہ طور پر چہرے دکھانے پر اصرار کیا گیا، جس کے باعث انہیں شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ اس واقعے کی بھی غیر جانبدارانہ تحقیقات ضروری ہیں۔مزید یہ کہ سابق ڈائریکٹر کی معطلی کے بعد مسل خان کو اضافی چارج دیا گیا، جس کے دوران دو عہدوں کے مالی و انتظامی فوائد حاصل کرنے اور اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ انہیں سابق پی ٹی آئی ایم پی اے عاطف خان کا قریبی ساتھی بھی بتایا جاتا ہے۔اب اصل سوال وزیر لائیوسٹاک آصف رفیق اور سیکرٹری لائیوسٹاک سے ہے: جب ایک طرف 15 ماہ سے سرکاری عمارتوں کے مالکان کرایوں کے منتظر ہیں، دوسری طرف 75 فیصد کمیشن کے مبینہ مطالبات، سرکاری عمارتوں کے ملبے کی فروخت اور خواتین ملازمین کے ساتھ نامناسب رویے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں تو محکمہ خاموش کیوں ہے۔سیکرٹری لائیوسٹاک کو ایک دیانت دار اور اصول پسند افسر سمجھا جاتا ہے۔ پھر یہ سوال بھی بجا ہے کہ ان سنگین شکایات پر اب تک مؤثر کارروائی کیوں نہیں ہوئی۔وزیر صاحب! اب بیانات نہیں، عملی اقدامات درکار ہیں۔کرایوں کے ریکارڈ کا خصوصی آڈٹ، مردان اور چارسدہ میں سرکاری املاک کی تحقیقات، خواتین ملازمین کے بیانات اور مالی معاملات کی اعلیٰ سطحی انکوائری کروائی جائے۔ اگر الزامات درست ثابت ہوں تو ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔آخر سرکاری محکمہ عوامی خدمت کے لیے ہے یا مبینہ کمیشن، اختیارات اور ذاتی مفادات کا مرکز بننے کے لیے؟