*فضائلِ حضرت سیدنا حسنین الکریمین رضی اللہ تعالٰی عنہم* جمعرات 03 جولائی 2025 تلخیص: انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
*فضائلِ حضرت سیدنا حسنین الکریمین رضی اللہ تعالٰی عنہم*
جمعرات 03 جولائی 2025
تلخیص:
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
حضرت یعلیٰ بن مرہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
“حسین مجھ سے ہے اور میں حسین سے ہوں۔ اللہ اس شخص سے محبت کرتا ہے جو حسین سے محبت کرتا ہے”
(جامع الترمذی،کتاب المناقب ، رقم 3775)
نبی کریم ﷺ نے حضرات حسنین کریمین رضی اللہ تعالیٰ عنہما کے بارے میں فرمایا:
“وہ دونوں دنیا میں میرے دو پھول ہیں” ۔
(صحیح البخاری، باب مناقب الحسن و الحسین، رقم3753)
حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا :
“حسن اور حسین (رضی اللہ عنہما) جنت کے نوجوانوں کے سردار ہیں” ۔
(جامع الترمذی، کتاب المناقب ، رقم3768)
حضرت ابوہریرہ رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا :
“جس نے حسن اور حسین دونوں سے محبت کی اس نے مجھ سے محبت کی جس نے ان دونوں سے بغض رکھا اس نے مجھ سے بغض رکھا” –
(مسند احمد بن حنبل، مسند ابو ہریرہ ،رقم 9673)
عطاء بن یسار رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ انہیں ایک شخص نے بتایا کہ انہوں نے دیکھا : نبی کریم ﷺ حسن اور حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہم کو سینے سے لگا کر فرما رہے تھے : اے اللہ ! میں ان دونوں سے محبت کرتا ہوں تو بھی ان دونوں سے محبت کر۔
(مسنداحمد، رقم 23133 )
حضرت علی کرم اللہ وجھہ الکریم سے مروی ہے کہ حضرت حسن سینے سے لیکر سر تک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مشابہ تھے اور حضرت حسین اس سے نیچے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مشابہ تھے۔
(جامع الترمذي، کتاب المناقب ، رقم 3779)
ایک دفعہ نبی کریم ﷺ خطبہ دے رہے تھے کہ حضرت امام حسن اور امام حسین (رضی اللہ تعالیٰ عنہما) تشریف لے آئے تو آپ منبر سے اتر گئے اور انہیں پکڑ کر اپنے سامنے لے آئے ، پھر آپ نے خطبہ شروع کردیا۔
(الترمذی؛ باب مناقب حسن و حسین بن علی۔
*الدعاء*
یا اللہ تعالی میں تیرے نبی اور ان کے اہل بیت سے محبت کرتا ہوں تو مجھ سے محبت فرما۔
یا اللہ تعالی میرے سب گناہ معاف فرما اور میرے مال میں اہل وعیال میں رزق اور علم میں اضافہ فرما اور مجھے جنت میں اہل بیت الرسول کی رفاقت عطا فرما۔
آمین یا رب العالمین
Please visit us www.nazirmalik.com Cell 0092300860 4333
فضائلِ حضرت سیدنا حسنین الکریمین