عورت کا حقیقی گھر کون سا ہے: میکہ یا سسرال؟ (تخلیقِ زن سے ہے کائنات میں رنگ) جمعرات 26 نومبر 2026ء تحقیق و تحریر: ایک سینئر سٹیزن انجینیئر نذیر مَلِک سرگودھا
عورت کا حقیقی گھر کون سا ہے: میکہ یا سسرال؟
(تخلیقِ زن سے ہے کائنات میں رنگ)
جمعرات 26 نومبر 2026ء
تحقیق و تحریر:
ایک سینئر سٹیزن انجینیئر نذیر مَلِک
سرگودھا
ہمارے معاشرے میں اکثر خواتین کے دل میں یہ خاموش خلش اور اداسی جنم لیتی رہتی ہے کہ شاید اس وسیع دنیا میں ان کا اپنا کوئی مستقل گھر نہیں۔ شادی سے پہلے ماں باپ کے آنگن میں یہ سننے کو ملتا ہے کہ بیٹی تو پرایا دھن ہے، اسے ایک دن اپنے گھر چلے جانا ہے؛ اور جب وہ رخصت ہو کر سسرال کی دہلیز پر قدم رکھتی ہے تو کبھی کبھار کسی تلخ جملے یا اجنبیت کے احساس سے دل ٹوٹ جاتا ہے کہ شاید یہ گھر بھی اس کا اپنا نہیں۔
اے بنتِ حوا! ذرا ٹھہرو، اپنے آنسو پونچھو اور حقیقت کی آنکھ سے دیکھو۔ سچ تو یہ ہے کہ دنیا میں تم بے گھر نہیں ہو، بلکہ سارے گھر تمہارے ہی ہیں، بس شرط یہ ہے کہ تم جس آنگن میں قدم رکھو اسے اپنی محبت، ایثار اور خلوص سے اپنا بنا لو۔ جہاں تم نے آنکھ کھولی وہ تمہارے والدین کا گھر ہے، اور جہاں تم بیاہ کر گئیں وہ تمہارا اپنا بسایا ہوا گھر ہے۔ میں ایک بزرگ اور باپ ہونے کے ناتے اپنی پیاری بیٹیوں سے یہی کہتا ہوں کہ دونوں گھر تمہارے اپنے ہیں۔ ماں باپ کا گھر اس لیے تمہارا ہے کہ وہاں تم نے جنم لیا، ماں کی ممتا اور باپ کی شفقت کے سائے میں پرورش پائی، تعلیم مکمل کی اور زندگی گزارنے کے ادب و سلیقے سیکھے۔ پھر والدین بڑی چاہت اور فکر مندی سے تمہارا رشتہ طے کرتے ہیں تاکہ تم ایک باعزت اور محفوظ زندگی گزار سکو۔
رخصتی کے وقت جب باپ کی آنکھیں نم ہوتی ہیں اور فضائیں اس درد بھرے گیت سے گونج اٹھتی ہیں:
دھیاں تے دھن پرایا اے بابلا
کیوں پیار اتنا پایا اے بابلا
تو یہ جدائی کسی بے اعتنائی کی وجہ سے نہیں ہوتی، بلکہ کائنات کے اس خوبصورت نظام کو آگے بڑھانے کے لیے ہوتی ہے جو ربِ کائنات نے تخلیق فرمایا ہے۔ قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ نے میاں بیوی کے اس رشتے کو محض ایک معاہدہ نہیں بلکہ سکون، محبت اور رحمت کا سرچشمہ قرار دیا ہے:
“اور اس کی نشانیوں میں سے ہے کہ اس نے تمہارے لیے تمہاری ہی جنس سے بیویاں بنائیں تاکہ تم ان سے سکون حاصل کرو، اور تمہارے درمیان محبت اور رحمت پیدا کر دی۔” (سورۃ الروم: 21)
غور کیجیے کہ قرآن نے عورت کو گھر کے سکون اور محبت کا مرکز بنایا ہے۔ جس وجود سے گھر میں سکون اور رحمت اترتی ہو، وہ بھلا اس گھر میں اجنبی یا بے گھر کیسے ہو سکتی ہے؟ وہ تو اس گھر کی ملکہ اور روحِ رواں ہے۔
بیٹی! شادی کے بعد ساس اور سسر ہی تمہارے والدین کا درجہ رکھتے ہیں۔ جب تم اپنے والدین کا گھر چھوڑ کر آتی ہو تو یہ بزرگ تمہارے سر پر سایہ بن کر کھڑے ہوتے ہیں۔ یہاں ایک بڑی گہری حقیقت کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ ساس بھی کبھی بہو تھی، اور آج کی بہو بھی کل کو ساس بنے گی۔ اگر آج بہو اپنی ساس کی عزت نہیں کرے گی اور ان کا دل دکھائے گی، تو کل جب وہ خود ساس بنے گی تو اس کی عزت کون کرے گا؟ یہ کائنات مکافاتِ عمل کے اٹل اصول پر چل رہی ہے، جیسا بوؤ گے ویسا ہی کاٹو گے۔ رسول اللہ ﷺ نے بڑوں کے احترام اور صلہ رحمی کی بڑی تاکید فرمائی ہے۔ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا:
“جو شخص ہمارے چھوٹوں پر رحم نہ کرے اور ہمارے بڑوں کا حق اور عزت نہ پہچانے، وہ ہم میں سے نہیں۔” (سنن ابی داؤد: 4943، جامع الترمذی: 1920)
یاد رکھو، اگر تم اپنے ساس سسر کی عزت کرو گی اور ان کے بڑھاپے کا سہارا بنو گی، تو کل تمہاری اپنی اولاد بھی تمہارے قدموں میں اپنی جنت پائے گی۔ نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے:
“جنت ماں کے قدموں تلے ہے۔” (سنن النسائی: 3104)
یہ عظیم الشان مقام اور جنت کی بشارت عورت کو اسی وقت نصیب ہوتی ہے جب وہ اپنے گھر کو صبر، حکمت اور محبت سے سنوارتی ہے۔
سسرال کا گھر تبھی حقیقی معنوں میں تمہارا گھر بنتا ہے جب تم اسے دل سے اپنا سمجھتی ہو۔ زندگی کے اس موڑ پر دو ہی راستے ہوتے ہیں: جو بیٹیاں صبر، حوصلے اور محبت سے مل جل کر گھر بسا لیتی ہیں وہ بس جاتی ہیں اور دونوں خاندانوں کی آنکھوں کا تارا بن جاتی ہیں؛ اور جو ضد، انا یا بے صبری میں آ کر اپنا گھر نہیں بساتیں، وہ پھر اجڑ جاتی ہیں اور معاشرے کے طوفانوں میں کٹی پتنگ کی طرح بھٹکتی رہ جاتی ہیں۔
اس لیے اسلامی طریقہ بھی یہی ہے اور عقل و فطرت کا تقاضا بھی یہی ہے کہ جہاں ماں باپ نے دعاؤں کے ساتھ بیاہ دیا، وہیں اپنا دل لگا لو، صبر اور درگزر سے کام لو، اور اپنے والدین کی تربیت اور عزت کی لاج رکھو۔
رسول اللہ ﷺ نے بہترین عورت کی صفت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ وہ ایسی ہوتی ہے کہ جب شوہر اس کی طرف دیکھے تو وہ اسے خوش کر دے، جب وہ کسی جائز بات کا کہے تو اس کی اطاعت کرے، اور اس کی غیر موجودگی میں اس کے مال اور اپنی عزت کی حفاظت کرے۔ (سنن النسائی: 3231)
اے بنتِ حوا! تم کمزور نہیں ہو، تم تو وہ ہستی ہو جس کے دم سے اس کائنات میں رنگ اور رونق ہے۔ اگر تم نے اپنے اخلاق، برداشت اور محبت سے اپنے سسرال والوں کا دل جیت لیا، تو یقین جانو تمہاری یہ دنیا بھی جنت بن جائے گی اور آخرت کی دنیا بھی جنت ہو گی۔
اللہ تعالیٰ ہماری تمام بیٹیوں اور بہنوں کے گھروں کو محبت، سکون اور خوشیوں کا گہوارہ بنائے، ساس اور بہو کے رشتے میں ماں بیٹی جیسی شفقت پیدا فرمائے، اور ہمارے معاشروں کو امن و رحمت کا نمونہ بنا دے۔
آمین یا رب العالمین
تحقیق و تحریر:
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 0092300860 4333