November 16, 2026

*نماز جمعہ کے مسائل* جمعہ 27 جون 2025 انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

20250626_212224

*نماز جمعہ کے مسائل*

جمعہ 27 جون 2025
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

*خطبہ جمعہ کیلئے خطیب کو منبر پر چڑھ کر سب سے پہلے نمازیوں کو سلام کہنا چاہئے کیونکہ یہ سنت ہے*

مسئلہ نمبر 306
*ہر نماز سے گذشتہ نماز تک، نماز جمعہ، ہفتہ بھر کے وقفے میں سرزد ہونے والے تمام صغیرہ گنا ہوں کی مغفرت کی باعث بنتی ہے۔*

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ” ہر نماز گذشتہ نماز تک کے جمعہ یعنی ہفتہ بھر کے اور رمضان سال بھر کے گناہوں کا کفارہ ہیں بشرطیکہ کبیرہ گناہوں سے بچا جائے ۔ اسے بخاری نے روایت کیا ہے۔

مسئلہ نمبر 307
*بلا عذر جمعہ چھوڑنے والوں کے گھروں کو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جلا ڈالنے کی خواہش کا اظہار فرمایا۔*

حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جمعہ نہ پڑھنے والوں کے بارہ میں فرمایا میں چاہتا ہوں کہ کسی کونماز پڑھانے کا حکم دوں پھر جمعہ نہ پڑھنے والوں کو ان کے گھروں سمیت جلا ڈالوں ۔ اسے مسلم نے روایت کیا ہے۔

مسئلہ نمبر 308
*شرعی عذر کے بغیر تین جمعے چھوڑنے والے کے دل پر اللہ تعالی گمراہی کی مہر لگا دیتے ہیں۔*

حضرت ابو جعد ضمری رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا جس شخص نے تین جمعے غفلت کی وجہ سے چھوڑ دیئے اللہ تعالیٰ اس کے دل پر مہر لگا دیتا ہے۔ اسے ابو داؤد، ترمذی ، نسائی ، ابن ماجہ اور دارمی نے روایت کیا۔

مسئلہ نمبر 309
*غلام، عورت، بچے، بیمار اور مسافر کے علاوہ جمعہ ہر مسلمان پر فرض ہے۔*

حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ مسافر پر جمعہ نہیں ہے۔(اسے طبرانی نے روایت کیا ہے۔)

حضرت طارق بن شہاب رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ وآلہ وسلم نے فرمایا غلام، عورت، بچے اور بیمار کے علاوہ جماعت کے ساتھ جمعہ پڑھنا ہر مسلمان پر واجب ہے ۔ اسے ابو داؤد نے روایت کیا ہے۔

مسئلہ نمبر 310
‏*جمعہ کے روز غسل کرنا ، مسواک کرنا اور خوشبولگانا مسنون ہے۔*

حضرت ابو سعید رضی اللہ تعالی عنہ روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہر بالغ، مسلمان کو جمعہ کے دن غسل کرنا چاہئے مسواک کرنا چاہئے اور جس قدر خوشبو میسر ہو لگانی چاہئے۔(رواہ نسائی)

مسئلہ نمبر 311
*جمعہ کے روز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر بکثرت درود بھیجنے کا حکم ہے۔*

حضرت ابو مسعود انصاری رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرمایا ”جمعہ کے روز مجھ پر کثرت سے درود بھیجا کرو، جو آدمی جمعہ کے روز مجھ پر درود بھیجتا ہے وہ میرے سامنے پیش کیا جاتا ہے ۔( رواہ حاکم و بیہقی)

مسئلہ نمبر 312
*جمعہ میں دو خطبے ہیں، دونوں خطبے کھڑے ہو کر دینا مسنون ہے۔*

حضرت جابر رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دو خطبے دیتے تھے اور دونوں کے درمیان بیٹھتے تھے خطبے میں قرآن پڑھ کر لوگوں کو نصیحت فرماتے ۔(رواہ مسلم)

مسئلہ نمبر 313
*امام کو منبر پر چڑھ کر سب سے پہلے نمازیوں کو سلام کہنا چاہئے*

حضرت جابر رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب منبر پر چڑھتے تو سلام کہتے ۔ ( رواہ ابن ماجہ)

مسئلہ نمبر 314
*خطبہ جمعہ، عام خطبہ کی نسبت مختصر ، اور نماز جمعہ عام نماز کی نسبت لمبی پڑھانی چاہئے۔*

حضرت عمار بن یاسر رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ (جمعہ)
کا خطبہ مختصر اور نماز لمبی پڑھانا امام کی عقلمندی کی دلیل ہے، لہٰذا خطبہ مختصر دو اور نماز لمبی پڑھو۔ اسے احمد اور مسلم نے روایت کیا ہے۔

مسئلہ نمبر 315
*جمعہ کے دن زوال سے قبل، زوال کے وقت اور زوال کے بعد سبھی اوقات میں نماز جمعہ پڑھنی جائز ہے۔*

حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نماز جمعہ سورج ڈھلے پڑھاتے تھے۔“ اسے احمد ، بخاری، ابوداؤد اور ترمذی نے روایت کیا ہے۔

مسئلہ نمبر 316
*جمعہ کا خطبہ شروع ہو چکا ہو، تو آنے والے نمازی کو دوران خطبہ مختصر سی دو رکعت تحیۃ المسجد نماز پڑھ کر بیٹھنا چاہئے۔*

حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ تعالی عنہ یہ کہتے ہیں کہ جمعہ کے دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خطبہ ارشاد فرما رہے تھے اتنے میں سلیک غطفانی آئے اور بیٹھ گئے ۔ آپ صلی اللہ وآلہ وسلم نے فرمایا ” اے سلیک! اٹھ کر مختصر دو رکعت ادا کر لو پھر آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا ” جب تم جمعہ کے روز آؤ آور امام خطبہ دے رہا ہو تو دور رکعت مختصر سی نماز ادا کرو۔ اسے مسلم نے روایت کیا ہے۔

مسئلہ نمبر 317
*نماز جمعہ سے پہلے نوافل کی تعداد مقرر نہیں البتہ دور کعت تحیۃ المسجد ادا کرنے کی تاکید کی گئی ہے خواہ خطبہ ہورہا ہو*

مسئلہ نمبر 318
*نماز جمعہ سے قبل سنت مئوکدہ ادا کر نا حدیث سے ثابت نہیں*

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا جس نے جمعہ کے دن غسل کیا ، پھر مسجد میں آیا اور جتنی نماز اس کے مقدر میں تھی ، ادا کی پھر خطبہ ختم ہونے تک خاموش رہا اور امام کے ساتھ فرض نماز ادا کی اس کے جمعہ سے جمعہ تک گناہ بخش دیئے جاتے ہیں اور مزید تین دن کا فضل عطا کیا جاتا ہے ۔ اسے مسلم نے روایت کیا ہے۔

مسئلہ نمبر 319
*دوران خطبہ کسی کو اونگھ آجائے تو اسے اپنی جگہ بدل لینی چاہئے*

حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں رسول الله صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا جسے جمعہ کے وقت اونگھ آئے وہ اپنی جگہ بدل لے ۔ اسے ترمذی نے روایت کیا ہے۔

مسئلہ نمبر 320
*دوران خطبہ بات کرنا یا بے توجہی کرنا سخت بے ہودہ بات ہے۔*
ٹگ
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ” جس نے جمعہ کے دن دوران خطبہ اپنے ساتھی سے کہا ” خاموش رہو اس نے ،بھی لغو بات کی ۔ اسے بخاری اور مسلم نے روایت کیا ہے۔

مسئله نمبر 321
*خطبہ جمعہ کے دوران گوٹھ مار کر بیٹھنا منع ہے۔
حضرت معاذ بن انس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خطبہ کے دوران گوٹھ مار کر بیٹھنے سے منفرمایا ہے۔ اسے احمد ، ابوداؤ د اور ترمذی نے روایت کیا ہے۔

وضاحت : آدمی اپنے گھٹے کھڑے کر کے رانوں کو پیٹ سے لگا کر دونوں ہاتھوں کو باندھ لے تو اسے گوٹھ مارنا کہتے ہیں۔

مسئلہ نمبر 322
*نماز جمعہ کے بعد اگر مسجد میں سنتیں ادا کرنی ہوں ، تو چار اگر گھر جا کر ادا کرنی ہوں تو دو ادا کرنی چاہئیں۔*

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ”جمعہ پڑھو تو اس کے بعد چار رکعت نماز ادا کرو۔ اسے احمد ، مسلم، ابوداؤد، نسائی، ترمذی اور ابن ماجہ نے روایت کیا ہے۔

حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالی عنہ نماز جمعہ پڑھتے تو اپنے گھر واپس آ کر دو رکعت ادا کرتے اور فرماتے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایسا ہی کیا کرتے تھے۔“ اسے مسلم نے روایت کیا ہے۔

مسئلہ نمبر 323
*نماز جمعہ دیہات میں بھی ادا کرنا چاہئے۔*

حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ مسجد نبوی کے بعد سب سے پہلا جمعہ بحرین کے دیہات جوانی کی مسجد عبد القیس میں پڑھا گیا ۔ اسے بخاری نے روایت کیا ہے۔

مسئلہ 324
*اگر جمعہ کے روز عید آجائے تو دونوں پڑھنے بہتر ہیں لیکن عید پڑھنے کے بعد اگر جمعہ کی بجائے صرف نماز ظہر ہی ادا کی جائے تب بھی درست ہے*

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے روایت کی ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا تمہارے آج کے دن میں دو عیدیں ( ایک عید اور دوسرا جمعہ ) اکٹھی ہوگئی ہیں جو چاہے اس کے لئے جمعہ کے بدلے عید ہی کافی ہے لیکن ہم جمعہ بھی پڑھیں گے۔“ اسے ابوداؤد اور ابن ماجہ نے روایت کیا ہے۔

مسئلہ نمبر 325
*نماز جمعہ کے بعد احتیاطی نماز ظہر ادا کرنا کسی حدیث سے ثابت نہیں۔*

مسئلہ نمبر 326
*نماز جمعہ کے بعد کھڑے ہو کر بلند آواز سے اجتماعی درود و سلام پڑھنا اور نماز جمعہ کے بعد اجتماعی دعاء کرنا سنت سے ثابت نہیں ہیں۔*
*الدعاء*
یا اللہ تعالی ہمیں نماز جمعہ باقاعدہ پڑھنے کی توفیق عطا فرماء۔

آمین یا رب العالمین

Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 0092300860 4333
نماز جمعہ کے مسائل