نقشِ صداقت کالم نگار: محمد حنیف شاہد ارائیں عنوان: خاموش اکثریت اور قیدِ زندگی
نقشِ صداقت
کالم نگار: محمد حنیف شاہد ارائیں
عنوان: خاموش اکثریت اور قیدِ زندگی
آج کی دنیا میں اگر کسی قوم کو قابو میں رکھنا ہو، تو توپوں یا ٹینکوں کی ضرورت نہیں۔ بس انہیں دو وقت کی روٹی کے پیچھے لگا دو۔ ایک ایسا چکر دو کہ وہ دن رات صرف بجلی کے بل، دوائی کی قیمت، مکان کا کرایہ، بچوں کی فیس اور ملازمت کی تلاش میں بھاگتے رہیں۔ وہ بھاگتے رہیں اور حکمران اپنی کرپشن اور سازشوں کو مکمل تحفظ کے ساتھ جاری رکھیں۔
جب عوام کا ذہن صرف “زندہ رہنے” میں الجھا ہو تو پھر وہ “بہتر جینے” یا “آزاد جینے” کا مطالبہ نہیں کرتے۔ انہیں تو یہی کامیابی لگنے لگتی ہے کہ فیس بھر دی، بجلی کا بل ادا ہو گیا، بچوں کو دوا مل گئی، یا دو وقت کی روٹی مل گئی۔
ایسے ماحول میں سوال کرنا جرم بن جاتا ہے، اور خاموش رہنا عقل مندی۔
نہ کوئی احتجاج، نہ کوئی تحریک، نہ کوئی مطالبہ۔
ظالم نظام کو یہ خوب معلوم ہے کہ ایک بھوکا انسان صرف روٹی مانگے گا، انصاف نہیں۔ ایک بیمار شخص صرف دوا مانگے گا، حق نہیں۔ ایک مقروض انسان صرف ریلیف مانگے گا، آزادی نہیں۔
اسی لیے حکمران طبقہ پوری کوشش کرتا ہے کہ عوام کو بس بنیادی ضروریات کے حصول میں الجھا دیا جائے۔ نہ وہ کبھی تعلیم پر دھیان دے سکیں، نہ اپنے حقوق جان سکیں، نہ اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی کو سمجھ سکیں۔
یہی وجہ ہے کہ ہمارے ہاں سوچنے والا، سوال کرنے والا، تبدیلی کا خواب دیکھنے والا انسان “خطرہ” سمجھا جاتا ہے۔ اور جو ہر ظلم پر خاموش رہے، اسے “محب وطن” کہا جاتا ہے۔
جب تک ہم زندہ رہنے کی جنگ میں الجھے رہیں گے، آزاد ہونے کی جنگ کبھی نہیں جیت سکیں گے۔
اب فیصلہ عوام کا ہے —
خاموش اکثریت بن کر زندہ رہنا ہے؟
یا بیدار ہو کر جینا ہے؟