November 16, 2026

قاید محترم جناب قیوم نظامی صاحب کی سیاسی وصیت ،سماجی و سیاسی آپ بیتی تحریر۔علامہ عبد الستار عاصم

IMG-20250527-WA0185

قاید محترم جناب قیوم نظامی صاحب
کی سیاسی وصیت ،سماجی و سیاسی آپ بیتی
تحریر۔علامہ عبد الستار عاصم
جناب قیوم نظامی پاکستان کے ان مخلص، باکردار اور نظریاتی سیاستدانوں میں شامل ہیں جنہوں نے زندگی کے ہر مرحلے پر اصولوں کو تھاما، سچائی کو اپنایا، اور وطن سے وفاداری کو اپنا ایمان بنایا۔ ان کی زندگی علم، سیاست، قربانی، جدو جہد، اور خدمت کا ایسا امتزاج ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
قیوم نظامی کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے جہاں سے انہوں نے میٹرک کی تعلیم حاصل کی۔ آغاز ہی سے ان کے اندر علم سے محبت، فکری پختگی اور سیاسی شعور کے آثار نمایاں تھے۔ تعلیم کا سفر لاہور لے آیا، جہاں انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن مکمل کی۔ اس کے بعد پنجاب یونیورسٹی سے اردو اور سیاسیات میں ڈبل ایم اے کیا اور پھر قانون کی تعلیم حاصل کر کے ایل ایل بی کی ڈگری بھی حاصل کی۔ علم کے ان مدارج کو طے کرنا ان کی سنجیدہ سوچ اور وسیع وژن کی دلیل ہے۔
قیوم نظامی کی سیاسی زندگی کا آغاز 1968ء میں ہوا جب انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں قائم ہونے والی پاکستان پیپلز پارٹی کو جوائن کیا۔ وہ پرائمری یونٹ نیو سمن آباد لاہور کے چیئرمین منتخب ہوئے۔ ان کی تنظیمی صلاحیتوں اور فکری قابلیت نے جلد ہی پارٹی کی قیادت کو متاثر کیا، اور 1972ء میں وہ پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات بنا دیے گئے۔ یہ وہ وقت تھا جب پیپلز پارٹی ابھرتی ہوئی سیاسی قوت کے طور پر سامنے آ رہی تھی، اور قیوم نظامی جیسے باصلاحیت کارکنان اس کی بنیادیں مضبوط کر رہے تھے۔
1977ء کا سال پاکستان کی تاریخ میں سیاہ باب کی حیثیت رکھتا ہے جب جنرل ضیاء الحق نے جمہوریت کا گلا گھونٹا اور مارشل لا نافذ کیا۔ ایسے نازک وقت میں قیوم نظامی نے آمریت کے خلاف آواز بلند کی، اور اس کی پاداش میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ وہ اڑھائی سال پسِ زنداں رہے۔ جمہوریت سے ان کی کمٹمنٹ صرف دعویٰ نہیں، بلکہ ایک عملی جدوجہد ہے۔ ایک سال وہ لاہور میں روپوش رہے تاکہ سیاسی مزاحمت جاری رکھ سکیں، اور پھر حالات کے جبر کے باعث آٹھ سال جلاوطنی کی زندگی بسر کی۔ اس دوران وہ کینیڈا اور برطانیہ میں مقیم رہے، مگر دل ہمیشہ پاکستان میں دھڑکتا رہا۔
1989ء میں جب بلخ شیر مزاری کی نگران کابینہ بنی تو قیوم نظامی کو وزیر مملکت کے طور پر شامل کیا گیا۔ یہ ان کی قابلیت، تجربے اور دیانت کا اعتراف تھا۔ لاہور میں وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹریٹ کے انچارج بھی رہے اور بے نظیر بھٹو جیسے عالمی قد کی رہنما کے نہ صرف پرسنل سیکرٹری بلکہ میڈیا ایڈوائزر بھی مقرر ہوئے۔ پارٹی میں ان کا مقام نظریاتی، تنظیمی اور فکری سطح پر ہمیشہ مستحکم رہا۔
1996ء میں انہیں چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ بنایا گیا جہاں انہوں نے اقلیتوں کی امانتوں کی نگہداشت کو اپنا فرض سمجھ کر نبھایا۔ انہوں نے ہر عہدے پر خود کو خدمت، دیانت اور شفافیت کی مثال کے طور پر پیش کیا۔
1997ء میں انہوں نے صحافت کے میدان میں قدم رکھا اور روزنامہ جنگ میں کالم نگاری شروع کی۔ بعد ازاں وہ نوائے وقت سے وابستہ ہو گئے۔ ان کے کالم کا مستقل عنوان “منظر نامہ” تھا جس کے ذریعے وہ روزمرہ کے سیاسی، سماجی اور تہذیبی معاملات پر نہایت سنجیدہ، مدلل اور جاندار تجزیے پیش کرتے رہے۔ ان کی تحریریں فکری بالیدگی کا مظہر ہوتی ہیں اور قاری کو سوچنے پر مجبور کرتی ہیں۔
قیوم نظامی کی پوری زندگی خلوص، نیک نیتی، سادگی اور مسلسل محنت سے عبارت ہے۔ انہوں نے جو کچھ بھی کیا، دل سے کیا۔ کبھی اقتدار کی ہوس ان پر غالب نہیں آئی، کبھی اصولوں سے سمجھوتا نہیں کیا، اور کبھی مصلحت کو ضمیر پر ترجیح نہیں دی۔ وہ ان گنے چنے شخصیات میں سے ہیں جنہوں نے ہر حالت میں وطن سے وفاداری کو مقدم رکھا۔
ایسے عظیم لوگ کسی قوم کا اثاثہ ہوتے ہیں۔ قیوم نظامی کا کردار، علمی سرمایہ، سیاسی جدوجہد، اور تحریری خدمات آئندہ نسلوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں جن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔۔ ان کی زندگی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ سچائی، علم، قربانی اور خدمت اگر دل سے کی جائے تو ایک فرد بھی قوم کے اجتماعی شعور کو بدل سکتا ہے۔ قیوم نظامی واقعی پاکستان کا فخر اور سایۂ افتخار ہیں۔ان کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا وہ کبھی پر نہیں ہو گا۔
قیوم نظامی کی کتاب “سیاسی وصیت” پاکستان کے فکری، اخلاقی اور سماجی منظرنامے پر ایک باشعور دانشور کی گہری نظر کا عکس ہے۔ یہ کتاب محض ایک سیاسی تجزیہ نہیں بلکہ ایک فکری وصیت ہے جس میں مصنف نے اپنی زندگی کے تجربات، مشاہدات اور اصولوں کو ایک سادہ اور عام فہم انداز میں بیان کیا ہے تاکہ ہر سطح کا قاری اس سے استفادہ کر سکے۔
قیوم نظامی ایک کہنہ مشق سیاستدان، کالم نگار، دانشور اور مصنف ہیں جنہوں نے قومی سیاست، تعلیم، اخلاقیات اور سماجی فلاح کے میدان میں کئی دہائیوں پر محیط خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے بچوں کے لیے پینتیس اور دیگر موضوعات پر چھبیس کتابیں تحریر کی ہیں۔ “سیاسی وصیت” ان کے فکری سفر کا نچوڑ ہے جو قاری کو دعوتِ فکر بھی دیتی ہے اور اصلاح کا راستہ بھی دکھاتی ہے۔
کتاب کے پہلے حصے میں مصنف نے اپنی ذاتی زندگی کے چند اہم اور دلچسپ واقعات بیان کیے ہیں جن سے ان کی سادہ مزاجی، دیانتداری اور اصول پسندی جھلکتی ہے۔ ان کی آپ بیتی کا یہ پہلو متاثر کن ہے کہ کس طرح انہوں نے سیاست جیسے پیچیدہ میدان میں بھی سچائی، امانت اور صداقت کو اپنا شعار بنایا۔ ان کے تجربات نہ صرف سیاسی بصیرت مہیا کرتے ہیں بلکہ اخلاقی تربیت بھی فراہم کرتے ہیں۔
کتاب کا دوسرا حصہ پاکستان کو درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر مشتمل ہے۔ مصنف نے جن مسائل پر بات کی ہے وہ سب ہمارے روزمرہ مشاہدے میں آتے ہیں۔ موجودہ سیاسی نظام کو وہ غیر نمائندہ اور اشرافیہ نواز قرار دیتے ہیں اور ایسے نظام کی حمایت کرتے ہیں جو عام آدمی کو حقیقی طاقت دے۔ معاشی بدحالی، زرعی زوال، تعلیمی پسماندگی، عدالتی پیچیدگی، مذہبی استحصال، انتظامی بگاڑ—ہر پہلو پر وہ ناصرف تنقید کرتے ہیں بلکہ واضح اور قابلِ عمل تجاویز بھی دیتے ہیں۔
قیوم نظامی کے نزدیک پاکستان کی ترقی کا راز ایک نئے اور منصفانہ نظام حکومت میں ہے جو عوام کی ضروریات اور توقعات کے مطابق ہو۔ ان کا ماننا ہے کہ اگر سیاست کو کاروبار کی بجائے خدمت بنا دیا جائے، اگر تعلیم کو برائے علم اور کردار سازی بنایا جائے، اگر انصاف عام شہری کی دہلیز پر پہنچے اور اگر مذہب کو نفرت کی بجائے اخوت کا ذریعہ بنایا جائے تو پاکستان دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہو سکتا ہے۔
یہ کتاب اندازِ بیان میں نہایت سادہ اور رواں ہے۔ اس میں مشکل اصطلاحات یا غیر مانوس الفاظ کا استعمال نہیں کیا گیا بلکہ کوشش کی گئی ہے کہ ایک میٹرک پاس طالب علم بھی اسے آسانی سے پڑھ اور سمجھ سکے۔ مصنف نے عوامی فہم کو مدنظر رکھ کر ایسے نکات اٹھائے ہیں جن پر بات کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
“سیاسی وصیت” بلاشبہ ایک فکری دستاویز ہے جو صرف آج کے مسائل نہیں، بلکہ مستقبل کے راستے بھی دکھاتی ہے۔ یہ کتاب ان لوگوں کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہے جو پاکستان سے محبت کرتے ہیں اور اس کی بہتری کے لیے سوچتے ہیں۔ مصنف کا انداز نہ جذباتی ہے نہ مبالغہ آمیز، بلکہ متوازن، معروضی اور حقیقت پسندانہ ہے۔ انہوں نے نہ صرف تشخیص کی ہے بلکہ علاج بھی تجویز کیا ہے۔
اس کتاب کو پڑھنے کے بعد قاری کے ذہن میں بہت سے سوالات بھی جنم لیتے ہیں اور کئی الجھاؤ سلجھنے بھی لگتے ہیں۔ یہ کتاب ہمیں آئینہ دکھاتی ہے کہ ہماری سیاست کہاں کھڑی ہے اور ہمارا سماج کس رخ پر جا رہا ہے۔ ساتھ ہی یہ حوصلہ بھی دیتی ہے کہ اگر نیت درست ہو، اصول واضح ہوں اور مقصد بڑا ہو تو ایک فرد بھی معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکتا ہے۔
قیوم نظامی کی یہ تحریر نہ صرف قابلِ مطالعہ ہے بلکہ قابلِ عمل بھی۔ یہ صرف ایک کتاب نہیں، بلکہ سوچنے والوں کے لیے ایک منصوبہ ہے، سمجھنے والوں کے لیے ایک دعوت، اور بیدار ضمیر کے لیے ایک پکار۔ یہ کتاب ہمیں خاموشی توڑنے، سوال اٹھانے، اور بہتری کی طرف قدم بڑھانے کی دعوت دیتی ہے۔