درحقیقت خالد نجیب خان
درحقیقت
خالد نجیب خان
khalednajeebkhan@gmail.com
سوئے رہیں! جاگ کر لینا بھی کیاہے؟
جون کا مہینہ پاکستان کی عوام کے لئے سال کا خوفناک ترین مہینہ ہوتا ہے جبکہ یہی مہینہ حکمرانوں اور محصولات جمع کرنے والوں کے لئے بڑے بڑے اہداف حاصل کرنےکے بعد کامیابیاں لئے آتا ہے ۔جو افسر یا اہلکار جتنا بڑا ٹارگٹ حاصل کرتا ہے اُسے اُتنا ہی بڑا انعام بھی ملتا ہے۔یہ خیال کہ “آپ جتنی مرضی محنت کرلو ملنا تو وہی لگی بندھی تنخواہ ہی ہے”عام عوام کے لئے ہی ہے۔ محصولات جمع کرنے والے افراد کو اِس سے استثنیٰ حاصل ہے۔ عوام الناس کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لئے اداروں کے علاوہ اب عام لوگ بھی سرگرم عمل ہو چکے ہیں۔ اگر آپ سیل فون استعمال کرتے ہیں تو یقیناًآپ بھی اِس بات کی گواہی دیں گے کہ ہفتے میں ایک آدھ مرتبہ کسی نئے نمبر سے آپ کو موصول ہونے والی کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے این ٹی این نمبر حاصل کرنے کی دعوت ملتی رہتی ہے۔ ایسے لوگوں اور اداروں کی محنت رائیگاں ہرگز نہیں جاتی بلکہ ہر روز ہزاروں نئے افراد ٹیکس نیٹ میں داخل ہوجاتے ہیں۔ اُن کی اس محنت کو مدنظر رکھتے ہوئے عام آدمی یہ توقع کررہا ہوتا ہے کہ اب توملک کے حالات ضروربدل جائیں گے اور ملک میں ہر طرف دودھ اور شہد کی نہریں بہنے لگیں گی مگر ایسا ہوتا نہیں ہے۔تازہ ترین خبروں سے معلوم ہوا ہے کہ آئندہ مالی سال کے وفاقی ترقیاتی بجٹ میں 100ارب روپے کی کٹوتی کی جارہی ہے اور ایک ہزار ارب روپے کے 118 ترقیاتی منصوبے ختم کئے جارہے ہیں۔محدود وسائل کے باعث صرف انتہائی اہم اور قومی مفاد کے حامل منصوبوں کو ہی شامل کیا جارہاہے ۔منصوبہ بندی کے وفاقی وزیراحسن اقبال کا کہنا ہے کہ اگر کوئی اہم منصوبہ ترقیاتی بجٹ میں شامل نہ ہو سکا تو اِس پر پیشگی معذرت خواہ ہیں۔ گویا قوم تیار رہے کہ کچھ عرصے کے بعد کسی کویہ معلوم ہو کہ عوامی مفاد کا کوئی منصوبہ پسِ پشت ڈال دیا گیا ہے یا اُسے کسی طرح سے ریلیف نہیں ملا ہے جبکہ وہ باقاعدگی سے تمام تر محصولات بھی ادا کرتا رہا ہے اور بدستور کر بھی رہا ہے تو اُس وقت اُسے وزیر منصوبہ بندی کی پیشگی معذرت والے بیان کو از سر نو پڑھ لینا چاہئے ۔
واضح رہے کہ آئندہ برس پاکستان کی معیشت کا حجم 129.6 ٹریلین روپے ہوگا۔چند برسوں کے استثنیٰ کے ساتھ تعلیم اور صحت کے لئے مختص بجٹ کی شرح کی کمی کا نوحہ گزشتہ کئی دہائیوں سے پڑھا اور سنا جارہا ہے اب تازہ ترین صورت حال یہ ہے کہ صحت کے شعبے کےلیے 13ارب روپے جبکہ تعلیم اور اعلی ٰ تعلیم کےلیے 20ارب روپے کی کمی کردی گئی ہے۔بڑھتی ہوئی مہنگائی کو مد نظر رکھتے ہوئے اگر تعلیم اور صحت کی مدّ میں گزشتہ سالوں میں رکھی گئی رقم کو ہی برقرار رکھا جاتا تو اُس کی افادیت بھی گزشتہ سالوں سے کم ہی رہتی مگر عددی طور پر کمی کر کے تو بہت زیادہ کمی کردی گئی ہے ۔
عوام الناس کو یہ بھی خوشخبری دی گئی ہے کہ اُن سے حاصل ہونے والے محصولات کا پچاس فیصد سے زائد حصہ قرضوں کی ادائیگی میں خرچ کیا جائے گا ۔یہاں ایک مرتبہ پھر یہ وضاحت کرنا ضروری ہے کہ اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں ہے کہ اِس کے بعد پاکستان کے ذمہ قرضوں کا حجم نصف رہ جائے گا ۔اِس وقت عوام الناس بجٹ کے حوالے سے کوئی ایک چھوٹی سی خوشخبری کے منتظر ہیں مگر آنے والی ہر نئی خبر پہلی سے زیادہ پریشان کن ہے ۔کسی نے عوام الناس کو تسلی دیتے ہوئے لکھا ہے کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے وہ کسی خوشخبری کے منتظر چلے آرہے مگر پھر بھی زندہ ہیں تو تسلی رکھیں، اس سال بھی وہ زندہ ہی رہیں گے۔افسوسناک بات یہ ہے کہ اس طرح کی بے شمار مثالیں 1857ء سے قبل کے برٹش انڈیا کی تاریخ میں دیکھی جاسکتی ہیں کہ جب جنگ آزادی سے پہلے کمپنی بہادر کے کارندے جس طرح سے بلا امتیاز مذہب ہر مسلمان ہندو سکھ پر ظلم کیا کرتے تھے اور اُن سے محصولات حاصل کر کے ہی رہتے تھے،وہی صورتحال اب بھی نظر آتی ہے ۔بچپن میں مطالعہ پاکستان کی کتابوں میں جب ایسے واقعات پڑھتے تھے تو یقین ہی نہیں آتا تھا کہ برطانیہ جیسے مہذب ملک کے غیر سرکاری نمائندے اتنا ظلم بھی کرسکتے ہیں،مگر آج معلوم ہوتا ہے کہ وہ تو غیر تھے مگر آج ظلم کرنے والے تو وہ ہیں جنہیں ہم نے خود ووٹ دے کر اپنا حاکم بنایا ہے۔
چند ماہ پہلے حکومت نے بجلی کی فی یونٹ قیمت کرکے خوب داد وصول کی ہے ۔ اُس کی حقیقت بھی کچھ یوں ہے کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی کرکے حکمرانوں کو اتنا زیادہ نقصان برداشت نہیں کرنا پڑا جتنا عوام کو یہ بتا کر نقصان اُٹھانا پڑا ہے کہ بجلی کے نرخ کم کردئیے گئے ہیں ۔دوسری طرف دوسو یونٹ کے بعد دوسو ایک یونٹ استعمال ہونے سے مجموعی بل میں جو اضافہ ہوتاہے ،اُس سے ساری قوم پہلے ہی آگاہ ہے۔ اب اِس پر اضافہ یہ کیا جارہا ہے کہ کسی عمارت میں اگر بجلی کا میٹر ایک سے زیادہ ہے تو اُس پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔اکثر گھروں میں جہاں ایک سے زیادہ فیملز رہتی ہیں، وہاں اُنہوں نے ایک سے زیادہ میٹر لگوا رکھے ہیں تاکہ بجلی کا استعمال کنٹرول میں رہے۔اب نئے حالات میں بجلی کے استعمال پر کنٹرول ختم ہونے سے یقینا بجلی زیادہ استعمال ہوگی۔ جویقیناً دوسو یونٹس سے زیادہ ہوگی تو اُس کا نرخ بھی زیادہ ہوگا اور زیادہ محصول اکھٹا ہوگا۔پھرترقیاتی منصوبوں کے یکدم ختم ہونے سے جس طرح عوام متاثر ہو گی اِس کا اندازہ شاید حکمرانوں کوہے ہی نہیں ۔چند ماہ پہلے پورے پنجاب میں بازاروں سے تجاوزات ختم کرکے نئی نالیاں اور ڈرین بنائے جارہے ہیں،جس کی وجہ سے چند ایک نہیں لاکھوں لوگوں کے روزگار متاثر ہوئے ہیں جو محض اس وجہ سے خاموش ہیں کہ اُنہیں امید ہے کہ نئی سڑکیں بن جانے کے بعد وہ ایک مرتبہ پھر سے برسرروزگار ہوجائیں گے۔اِس وقت کہیں تو نالیوں کی تعمیر کے لئے زمین کی کھدائی کی جاچکی ہے اور کہیں پائپ ڈالے جارہے ہیں مگر کام کی تکمیل کہیں بھی نہیں ہوئی ہے ۔ فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے کوئی بھی ٹھیکیدار اپنی جیب سے تو پیسے لگا کر غریب دکانداروں کے روزگار کا بندوبست نہیں کرے گا۔
خیر غریب آدمی کیسے زندگی گزارے گا کوئی ایسا بڑا مسئلہ نہیں ہے اہم مسئلہ تو یہ ہے کہ امیر اور مراعات یافتہ طبقہ کیسے زندگی گزارے گا۔بے شک اُنہیں کچھ مشکل حالات کاسامنا کرنا پڑسکتا ہے کیونکہ اُن کے لئے مختص رقم میں فل الحال کوئی اضافہ نہیںکیا گیا۔جبکہ پارلیمنٹرینز کی ترقیاتی اسکیموں ( ایس ڈی جیز پروگرام )کےلیے مختص بجٹ میں کوئی کمی نہیں کی گئی اوررواں برس کے طرح آئندہ برس بھی 50ارب روپے مختص کر دیئے گئےہیں ۔ واضح رہے کہ پارلیمنٹرینز سے مراد صرف پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز ہی نہیں ہیں بلکہ تمام اراکین اسمبلی مراد ہیں۔ اِس حوالے سے کوئی امتیاز روا نہیں رکھا گیا ہے ۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے قوم کو اور بھی کئی خطرات سے قبل از وقت آگاہ کر دیا ہے جس کی تفصیل جان کر یقیناً کسی کو خوشی ہونے والی نہیں ہے تو پھر جب تک وہ مشکل یا برا وقت آنہیں جاتا چپ کرکے سوئے رہیں۔آخرہمیں جاگ کر لینا بھی کیاہے؟