ضمیر فروش صحافت کی داستانیں – قسط نمبر 1 عنوان: لفافے میں بند سچ تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
ضمیر فروش صحافت کی داستانیں – قسط نمبر 1
عنوان: لفافے میں بند سچ
تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
یہ کہانی ایک موسمی رپورٹر کی ہے، جو کبھی حق گوئی کے لیے جانا جاتا تھا۔ گاؤں گاؤں، نگر نگر جا کر چھوٹے چھوٹے مظلوموں کی آواز بنتا تھا۔ اس کا قلم آندھی طوفان سے بھی تیز چلتا تھا، اور وہ کسی سے ڈرتا نہ تھا۔ مگر ایک دن وہ بھی بک گیا۔
قصہ کچھ یوں ہے کہ ایک بڑی فیکٹری میں مزدوروں کی تنخواہیں کئی ماہ سے بند تھیں۔ بچے بھوکے، گھر میں فاقے، اور مالکان عیش میں مست۔ اس رپورٹر نے پہلے پہل سچ دکھایا، مزدوروں کی دہائی، خواتین کی چیخیں، اور بچوں کی بھوک اس کی رپورٹ کا حصہ بنیں۔ چینل پر خبر چلی، سوشل میڈیا پر شور اٹھا۔
مگر پھر…
مالک نے لفافہ بھیجا — موٹا، بھاری، اور خاموش۔
اگلے ہی دن وہی رپورٹر “فیک نیوز” کی تردید کرتا پایا گیا۔ اس نے کہا کہ فیکٹری کے خلاف “سازش” کی جا رہی ہے، سب کچھ “ٹھیک” ہے، مزدور خوش ہیں اور کمپنی فلور پر دودھ اور شہد کی نہریں بہ رہی ہیں۔
لوگ حیران ہوئے، مگر سمجھ گئے۔ لفافے کا وزن ضمیر سے زیادہ ہو چکا تھا۔
پھر وہی رپورٹر، جس کی زبان کبھی ظالم کے خلاف تلوار تھی، اب ظالم کے لیے ڈھال بن گیا۔ مزدوروں کے بچے اب بھی بھوکے ہیں، لیکن رپورٹر کی گاڑی بدل گئی، فون نیا ہو گیا، اور فیس بک پر پروفائل تصویر میں ایک خوبصورت کیپشن لکھا ہے:
“سچائی میرا اصول ہے!”
یہ پہلا باب ہے اُس صحافت کا،
جس نے سچ کو بیچ کر ضمیر کا کفن خریدا۔
جسے صحافت نہیں، منافقت کہنا چاہیے۔
یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
اگلی قسط میں ملاقات ہو گی ایک اینکر بادشاہ سے، جو سکرین پر تو چیخ کر انصاف مانگتا ہے، مگر بند کمرے میں کیمرا بند ہونے پر صرف ایک سوال کرتا ہے:
“پیکیج کتنا ہے؟”
– محمد حنیف شاہد ارائیں