November 16, 2026

دعا آن لائن ہفتہ وار کالم: آئینہ وقت عنوان: کیا کیا ہیـرے ہیں ہمارے پاس تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں

20250518_143119

دعا آن لائن
ہفتہ وار کالم: آئینہ وقت
عنوان: کیا کیا ہیـرے ہیں ہمارے پاس
تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں

پاکستانی سیاست کا سب سے دلچسپ پہلو یہ ہے کہ یہاں بیماری بھی سیاسی ہوتی ہے، علاج بھی اور صحتیابی کی رفتار بھی اقتدار کے قریب یا دور ہونے پر منحصر ہے۔

آئیے ذرا غور کیجیے۔ ایک شخصیت، جو بارہا عدالتوں میں پیش نہ ہو سکی، کیونکہ ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان کے دماغ کی 70 فیصد شریانیں بند ہیں۔ لندن میں علاج جاری ہے، سفر اور سیاسی مصروفیات سے پرہیز تجویز ہے۔ مگر جیسے ہی اقتدار کا ہلکا سا امکان نظر آتا ہے، دماغ کی وہی شریانیں تجزیہ، حکمت عملی اور جنگی نقشوں میں مشغول ہو جاتی ہیں۔ جی ہاں! بات ہو رہی ہے میاں نواز شریف کی، جو دماغی مریض ہونے کے باوجود پوری سیاسی بساط کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب ان کے چھوٹے بھائی، میاں شہباز شریف، جن کے بارے میں عدالت میں بتایا گیا کہ ان کی کمر میں شدید درد ہے، مہروں میں مسئلہ ہے، اس لیے سفر ممکن نہیں، عدالت میں پیشی مشکل ہے۔ لیکن جیسے ہی حکومتی کمان ہاتھ آئی، کمر کا سارا درد جانے کہاں غائب ہو گیا۔ جلسے، جلوس، تقریریں، سفارت کاری، اور اب تازہ خبر یہ کہ میاں صاحب سوئمنگ کرتے پائے گئے۔ شاید ڈاکٹرز کو اپنی فزیو تھراپی کے کورسز اب ریوائز کرنے چاہئیں۔

ہم عجیب قوم ہیں، جہاں مریض اقتدار سنبھالتے ہیں، اور صحت مند عوام قطاروں میں لگی دوائیاں ڈھونڈتے پھرتے ہیں۔ عدالتی کاغذات میں جو بےبس اور لاچار دکھتے ہیں، وہی ٹی وی پر سب سے زیادہ متحرک نظر آتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا ہمارے سامنے جو کچھ ہو رہا ہے، وہ صرف تماشا ہے یا ہمیں واقعی بے وقوف سمجھا جا رہا ہے؟

آئینہ وقت کا المیہ یہ ہے کہ وہ حقیقت دکھاتا ہے، لیکن دیکھنے والے آنکھیں بند رکھتے ہیں۔ اب فیصلہ قوم کو کرنا ہے: کیا ہم ایسے ہیـروں کو قوم کی تقدیر سونپنے کے لیے تیار ہیں، جن کے جسم بیمار اور ارادے اقتدار کے لیے تندرست ہوتے ہیں؟

عجب بیمار ہیں یہ اہلِ تخت و تاج کے لوگ
مرض بھی بادشاہی ہے، دوا بھی سلطانی!

قوم اگر اب بھی نہ جاگی تو کل کا آئینہ شاید اتنا صاف نہ ہو کہ سچ کو پہچانا جا سکے۔

محمد حنیف شاہد ارائیں
دعا آن لائن