بھارتی جارحیت:پاکستان کا دفاعی عزم اور بھارت کی عالمی قوانین کی پامالی تحریر: ایمن خٹک
بھارتی جارحیت:پاکستان کا دفاعی عزم اور بھارت کی عالمی قوانین کی پامالی
تحریر: ایمن خٹک
بھارت کی جانب سے پاکستانی علاقوں پر حالیہ میزائل حملے نہ صرف پاکستان کی خودمختاری پر ایک سنگین حملہ ہیں بلکہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی ہیں۔ رات کی تاریکی میں کیے گئے ان حملوں نے بھارت کی جنگی ذہنیت، غیر ذمہ دارانہ حکمتِ عملی اور بین الاقوامی قوانین سے کھلی بغاوت کو عیاں کر دیا ہے۔ کوٹلی، مظفرآباد، سیالکوٹ، مریدکے، باغ اور بہاولپور جیسے شہری علاقوں میں گرنے والے ان میزائلوں کا ہدف عسکری نہیں بلکہ عام شہری، عبادت گاہیں اور بنیادی انفرا اسٹرکچر تھا۔ ان حملوں کے نتیجے میں 26 بے گناہ پاکستانی شہید اور 46 زخمی ہوئے۔
اس جارحیت کی سنگینی کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جا سکتا ہے کہ بھارتی حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب پاکستانی فضائی حدود سے 57 بین الاقوامی پروازیں گزر رہی تھیں۔ میزائلوں کا داغا جانا نہ صرف پاکستانی شہریوں بلکہ فضاء میں موجود عالمی مسافروں کی جانوں کو بھی خطرے میں ڈالنے کے مترادف تھا۔ یہ عمل عالمی ہوابازی کے اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے، اور اقوام متحدہ و بین الاقوامی اداروں کی توجہ کا مستحق ہے۔
یہی نہیں بلکہ ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق، بھارت نے نیلم-جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے کلیدی حصے نوشیڑی ڈیم کو بھی نشانہ بنایا، جو پانی جیسے بنیادی وسائل کے خلاف عسکری جارحیت کے زمرے میں آتا ہے۔ یہ حملہ نہ صرف اشتعال انگیزی ہے بلکہ انسانی حقوق اور جنگی ضوابط کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے۔ ایسے بنیادی ڈھانچوں کو نشانہ بنانا عالمی سطح پر جنگی جرائم میں شمار ہوتا ہے۔
پاکستان نے ان حملوں کے جواب میں مکمل پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دفاعی اقدامات کیے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق، پانچ بھارتی جنگی طیارے جن میں رافیل، ایس یو-30 اور میگ-29 شامل تھے، اس وقت مار گرائے گئے جب وہ پاکستانی فضائی حدود میں دراندازی کر رہے تھے۔ اسی کے ساتھ ساتھ لائن آف کنٹرول کے پار متعدد بھارتی چیک پوسٹس اور ایک انفینٹری بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو بھی مؤثر انداز میں نشانہ بنا کر مکمل طور پر تناہ کر دیا گیا۔ یہ جوابی اقدامات پاکستان کی سرزمین سے کیے گئے، جس کا مقصد صرف جارحیت کا جواب دینا نہیں بلکہ دنیا پر یہ واضح کرنا تھا کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
اس تمام صورتحال کے بعد وزیراعظم کے زیرِ صدارت قومی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلایا گیا، جس میں تمام سیاسی و عسکری قیادت نے اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے مطابق پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ اور معصوم شہریوں کے قتلِ عام کے خلاف، اپنے دفاع میں، اپنی مرضی کے وقت، مقام اور انداز میں جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ اس مقصد کے لیے مسلح افواج کو مکمل اختیارات تفویض کر دیے گئے ہیں تاکہ وہ ضرورت پڑنے پر مزید کارروائیاں کر سکیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے اس مؤقف کو عالمی سطح پر بھی کافی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی اقدام کو “شرمناک” قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں کشیدگی کو اس نہج تک لانا ایک انتہائی غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔
یہ بات اب دنیا کے سامنے واضح ہو چکی ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے، لیکن کمزور ہرگز نہیں۔ دشمن کو یہ پیغام بھیجا جا چکا ہے کہ اگر اس نے آئندہ ایسی کسی حرکت کا سوچا بھی تو اسے اس سے کہیں زیادہ سخت اور فیصلہ کن ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پاکستان کی افواج مکمل طور پر تیار ہیں، عوام متحد ہے، اور قیادت نے واضح کر دیا ہے کہ ملک کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا جواب بھرپور قوت، عزم اور حکمتِ عملی سے دینے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ دشمن کو اگر اب بھی سبق نہ ملا، تو اگلا وار اس کے وجود کو ہلا کر رکھ دے گا۔ پاکستان کے صبر کو کمزوری سمجھنے کی غلطی بھارت کو مہنگی پڑے گی۔ ہماری خاموشی تدبیر ہے، ہماری طاقت عمل میں ہے۔
پاکستان زندہ باد!