آئینہ وقت تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں “آل پارٹیز کانفرنس: سب بلائے گئے، بس ووٹ والا رہ گیا!”
آئینہ وقت
تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
“آل پارٹیز کانفرنس: سب بلائے گئے، بس ووٹ والا رہ گیا!”
ملک کی سیاسی فضا ان دنوں خاصی دھند آلود ہے۔ معیشت ہچکولے کھا رہی ہے، مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے، اور آئینی ادارے باہمی کشمکش کا شکار ہیں۔ ایسے میں حکومت یا اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانا ایک مثبت قدم ہو سکتا تھا — اگر یہ واقعی “آل” پارٹیز کانفرنس ہوتی۔
یہ کیسی آل پارٹیز کانفرنس ہے جس میں وہ جماعت شریک نہیں جسے حالیہ انتخابات میں سب سے زیادہ عوامی حمایت حاصل ہوئی؟ پاکستان تحریک انصاف، جو آج بھی لاکھوں کروڑوں پاکستانیوں کی پسندیدہ جماعت ہے، اور جس کے قائد عمران خان ملک کی مقبول ترین شخصیت شمار کیے جاتے ہیں — اگر انہیں اس فورم سے باہر رکھا جائے تو پھر ایسی کانفرنس کو “قومی اتفاق رائے” کا نمائندہ کیسے کہا جا سکتا ہے؟
ملک کی تاریخ گواہ ہے کہ جب جب سیاسی قوتوں نے ایک دوسرے کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی، اس کا فائدہ کسی اور کو ہوا اور نقصان صرف جمہوریت کو۔ آج ایک بار پھر وہی روش دہرائی جا رہی ہے۔ اس بار بھی کوشش کی جا رہی ہے کہ سب کو بٹھا لیا جائے، بس عمران خان کو چھوڑ کر۔ مگر کیا یہ حقیقت نظر انداز کی جا سکتی ہے کہ عمران خان اب ایک فرد نہیں بلکہ ایک سیاسی حقیقت کا نام ہے؟
گزشتہ عام انتخابات کے نتائج کچھ بھی کہیے، عوامی تاثر یہی ہے کہ پی ٹی آئی کو سب سے زیادہ ووٹ ملے۔ پھر یہ کیسے ممکن ہے کہ جو جماعت ووٹ کی طاقت سے ملک کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہو، اسے اے پی سی جیسے اہم قومی فورم پر جگہ نہ دی جائے؟ یہ روش نہ صرف سیاسی تعصب کی غمازی کرتی ہے بلکہ جمہوری اقدار کے منہ پر طمانچہ ہے۔
آل پارٹیز کانفرنس درحقیقت ایک ایسا پلیٹ فارم ہوتا ہے جہاں سیاسی جماعتیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد میں سر جوڑ کر بیٹھتی ہیں۔ مگر یہاں تو سر جوڑنے سے پہلے ہی مخصوص گردنیں نکال دی گئیں۔ سوال یہ نہیں کہ عمران خان سے کوئی اختلاف رکھتا ہے یا نہیں، سوال یہ ہے کہ کیا ہم بطور قوم اتنے بالغ النظر ہو چکے ہیں کہ اختلاف کے باوجود بات چیت کا در کھلا رکھ سکیں؟
ہماری سیاسی تاریخ میں یہ سبق بار بار دہرایا گیا ہے کہ بائیکاٹ، بےدخلی اور بند دروازے حل نہیں ہوتے، بلکہ نئے مسائل کو جنم دیتے ہیں۔ عمران خان کو اے پی سی میں شامل کرنا کوئی “ریایت” نہیں، بلکہ ایک جمہوری مجبوری ہے۔ ایک ایسی مجبوری جس سے منہ موڑنا، قومی مفاد سے منہ موڑنے کے مترادف ہے۔
یہ بات بھی قابل غور ہے کہ عمران خان کی غیر موجودگی میں ہونے والی کوئی بھی قومی مشاورت، نہ تو عوام کی نمائندگی کا دعویٰ کر سکتی ہے، اور نہ ہی اسے سیاسی طور پر پائیدار سمجھا جا سکتا ہے۔ اس کا نتیجہ یہی نکلے گا کہ جو فیصلے ہوں گے، وہ متنازع ہوں گے۔ اور متنازع فیصلے کبھی قومی اتفاق رائے نہیں بن سکتے۔
آخر میں سوال یہ ہے: ہم کب تک جمہوریت کے نام پر جمہوریت کی روح کو کچلتے رہیں گے؟ کیا اب وقت نہیں آ گیا کہ ہم ذاتی اختلافات کو پس پشت ڈال کر قومی وحدت کی طرف بڑھیں؟ اگر واقعی ملک کو بحران سے نکالنا ہے تو تمام سیاسی قوتوں، بشمول عمران خان، کو ایک میز پر بیٹھنا ہو گا۔ کیونکہ جب تک سب شریک نہیں ہوں گے، کوئی کانفرنس “آل” نہیں کہلا سکتی۔