رمضان کے لمحات باعثِ نعمت یا باعثِ ندامت تحریر: سید عبداللّٰہ
رمضان کے لمحات باعثِ نعمت یا باعثِ ندامت
تحریر: سید عبداللّٰہ
یقیناً رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کردہ ایک بے مثال نعمت ہے، جس کے لمحے لمحے میں برکتیں، رحمتیں اور مغفرت کے انوار پوشیدہ ہیں۔ اس کے قیمتی لیل و نہار تیزی سے گزر رہے ہیں، اور ہر گزرتا ہوا دن ہمارے لیے سوالیہ نشان ہے: کیا ہم ان لمحات کو اللہ کی قربت کے لیے استعمال کر رہے ہیں یا دنیا کی غفلت میں کھو کر ضائع کر رہے ہیں؟ یہ سوچ ہمارے دلوں میں اضطراب پیدا کرے، تاکہ ہم اپنا محاسبہ کر کے راہِ راست پر آ سکیں۔
رمضان کا ہر دن رحمت کا پیامبر اور ہر رات مغفرت کی نوید ہے۔ اگر ہم نے اس ماہ کے آغاز سے اب تک غفلت برتی ہے، تو اب بھی وقت ہے کہ ہم سنبھل جائیں۔ ماضی پر ندامت کا اظہار کریں اور آئندہ کے لیے خود کو اللہ کی رضا کے سپرد کر دیں۔ اس مہینے میں جو شخص اللہ سے دور رہا، وہ بہت بڑا خسارے میں ہے، کیونکہ شیطان قید ہے، جنت کے دروازے کھلے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں۔ اب اگر انسان پھر بھی گناہوں میں ڈوبا رہے تو یہ اس کی بدبختی کی علامت ہے۔
وقت ایک ایسا خزانہ ہے جو لوٹ کر نہیں آتا۔ اگر ایک بار رمضان کے دن ہماری غفلت کی نذر ہو گئے، تو ہم ان کی تلافی نہیں کر سکتے۔ جیسے کوئی شخص ایک قیمتی موتی سمندر میں گرا دے، اور پھر تمام عمر پچھتاتا رہے، لیکن وہ موتی ہاتھ نہ آئے۔ ایسے ہی رمضان کی برکتیں بھی ایک گراں قدر خزانہ ہیں، جو ہماری لاپرواہی کی نذر ہو کر ہم سے چھن جائیں تو ہمارا پچھتانا بے سود ہوگا۔
پچھتاوا ہمیشہ پیچھے مڑ کر دیکھنے سے پیدا ہوتا ہے، اور غفلت ہمیں اسی حال میں رکھتی ہے کہ ہم اس خزانے کی قدر ہی نہ جان سکیں۔ جو لوگ وقت کی قدر کرتے ہیں، وہ ہمیشہ کامیاب رہتے ہیں، لیکن جو لوگ وقت کو ضائع کرتے ہیں، وہ آخر میں صرف افسوس ہی کر سکتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں وقت کی قدر کرنے والوں میں شامل کرے، اور رمضان کی ان باقی ساعتوں میں ہمیں عبادت، توبہ اور استغفار کی توفیق عطا فرمائے۔
لہٰذا اگر رمضان کے پہلے دن اللہ کی چاہت میں نہیں گزرے، تو اب ہم عزم کریں کہ بقیہ دن اور راتیں ہم اللہ کی رضا میں گزاریں گے۔ اپنے دل کو نرم کریں، گناہوں سے سچی توبہ کریں، قرآن سے اپنا تعلق مضبوط کریں، اور اللہ کی رحمت کے دروازے پر دستک دیں۔ ہو سکتا ہے کہ اللہ ہمارے پچھلے گناہوں کو معاف فرما کر ہمیں اپنے مقربین میں شامل فرما لے، اور رمضان کا اختتام ہمارے لیے باعثِ مغفرت اور نجات بن جائے۔