پاکستان میں مایوسی، تباہ حال شام میں امید زندگی از قلم غنی محمود قصوری
پاکستان میں مایوسی، تباہ حال شام میں امید زندگی
از قلم غنی محمود قصوری
اس وقت دنیا کے نقشے پر دو ممالک ایسے ہیں جن کا تقابل کرتے ہوئے انسان بہت کچھ سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہے ایک طرف پاکستان ہے، جو ایک ابھرتی ہوئی طاقت ہے، ایک بڑی عسکری قوت رکھتا ہے، ایٹمی صلاحیت کا حامل ہے اور معاشی اعتبار سے بھی ایسا کمزور ملک نہیں کہ اس کے پاس آگے بڑھنے کے راستے ہی ختم ہو چکے ہو
دوسری طرف ارض انبیاء مملکت شام ہے جس نے ایک طویل خانہ جنگی، تباہی، لاکھوں انسانوں کی ہجرت اور برسوں کے سیاسی و عسکری بحران کا سامنا کیا ہے
لیکن سوال یہ ہے کہ پاکستان میں اتنے وسائل اور صلاحیتوں کے باوجود مایوسی کیوں بڑھ رہی ہے جبکہ شام جیسے تباہ حال ملک کے لوگوں میں آج بھی مستقبل کی امید اور اللہ تعالیٰ پر توکل کا جذبہ دکھائی دیتا ہے؟
شام کو دیکھیں تو دل افسردہ ہو جاتا ہے
یہ ارضِ انبیاء ہے ایک طویل خانہ جنگی نے اس کے شہروں، بازاروں، گھروں، تعلیمی اداروں، ہسپتالوں اور معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے
دسمبر 2024 میں بشار الاسد کا طویل خاندانی اقتدار ختم ہوا اور ملک ایک نئے سیاسی و عبوری دور میں داخل ہوا لیکن حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی تباہ شدہ ملک کے تمام مسائل ختم نہیں ہو گئے کیونکہ
آج بھی لاکھوں شامی بے گھر ہیں، بہت سے خاندان عارضی کیمپوں اور تباہ شدہ گھروں میں زندگی گزار رہے ہیں، کھانے پینے کی اشیا، ادویات، علاج، رہائش اور روزگار کی مشکلات اپنی جگہ موجود ہیں
اقوام متحدہ کے انسانی امدادی اداروں کے مطابق شام میں لاکھوں افراد کو انسانی امداد کی ضرورت ہے جبکہ وہاں ایسے خاندان بھی ہیں جن کے پاس دو وقت کی روٹی تو دور، ایک وقت کی خوراک کا بندوبست کرنا بھی مشکل ہے
بیمار ہو جائیں تو ادویات میسر نہیں، پہننے کے لئے مناسب کپڑے اور جوتے تک دستیاب نہیں
یہ میری ذاتی رپورٹ نہیں، بلکہ اقوام متحدہ اور امدادی اداروں کی رپورٹوں میں درج انسانی بحران کی تصویر ہے
اس کے ساتھ شام کو بیرونی خطرات کا بھی سامنا ہے اسرائیل جب چاہتا ہے شام کی سرزمین پر فوجی کارروائیاں کرتا ہے، فضائی حملے کرتا ہے اور جنوبی علاقوں میں فوجی سرگرمیاں جاری رکھتا ہے شام کی موجودہ فوج اور ریاستی ادارے برسوں کی جنگ کے بعد دوبارہ تشکیل کے مراحل سے گزر رہے ہیں ایسے ملک کے لیے اسرائیل جیسی عسکری قوت کا مقابلہ کرنا آسان نہیں
شام کے حکمرانوں کے سامنے ایک طرف اندرونی استحکام، دوسری طرف معیشت کی بحالی اور تیسری طرف ملکی خودمختاری کا تحفظ ہے
لیکن اس تمام تباہی کے باوجود جب میں شامی عوام کے رویوں اور مستقبل کی امید کو دیکھتا ہوں تو مجھے ایک ایسا پہلو نظر آتا ہے جس پر پاکستانی قوم کو بھی غور کرنا ہو گا کیونکہ
شام کے لوگوں نے صرف جنگ نہیں دیکھی بلکہ انہوں نے اقتدار کے بدلتے ہوئے ادوار دیکھے، حکومتوں کی تبدیلی دیکھی، خانہ جنگی دیکھی، اپنے گھر اجڑتے دیکھے، اپنے پیاروں کو کھوتے ہوئے دیکھا اور مایوسی کے طویل مراحل سے گزرے
ان کے ہاں بھی مایوسی پھیلائی گئی تھی ،خوف پیدا کیا گیا اور مستقبل کے بارے میں طرح طرح کے اندیشے سامنے آتے رہے مختلف ادوار میں حالات بدلتے رہے، اقتدار بدلتا رہا، لیکن زندگی کا سفر جاری رہا اور انہوں نے نتیجہ اخذ کیا کہ نا امیدی نہیں بلکہ پر امیدی سے جینا ہی لازم ہے
آج ان کے ایک طبقے میں یہ احساس مضبوط دکھائی دیتا ہے کہ انسان کی کوشش اپنی جگہ، مگر جو اللہ تعالیٰ نے تقدیر میں لکھ دیا ہے، وہی ہو کر رہنا ہے
اسی لئے وہ اللہ رب العزت پر توکل رکھتے ہیں اور آنے والے کل کے بارے میں ہر وقت خوف اور پریشانی میں مبتلا رہنے کے بجائے امید کے ساتھ زندگی گزارنے کی کوشش کرتے ہیں
یہاں ایک بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اللہ پر توکل کا مطلب ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھ جانا نہیں بلکہ توکل کا مطلب یہ ہے کہ انسان اپنی ذمہ داری پوری کرے، کوشش کرے، حالات بہتر بنانے کے لیے جدوجہد کرے اور نتیجہ اللہ تعالیٰ کے سپرد کر دے یہی ایمان انسان کو مشکل حالات میں ٹوٹنے سے بچاتا ہے
اب ذرا پاکستان کی طرف واپس آتے ہیں
ہمارے پاس کھانے کو خوراک ہے، پہننے کو کپڑے ہیں، رہنے کے لیے گھر ہیں، سڑکیں ہیں، تعلیمی ادارے ہیں، ہسپتال ہیں، زرعی زمین ہے، قدرتی وسائل ہیں، ایک مضبوط فوج ہے اور ہمارا ملک ایٹمی طاقت بھی ہے
ہمارے ہاں مسائل ضرور ہیں، غربت بھی ہے، مہنگائی بھی ہے، بے روزگاری بھی ہے، ناانصافی بھی ہے اور حکومتی و انتظامی کمزوریاں بھی ہیں لیکن کیا ہم واقعی پتھر کے دور میں زندگی گزار رہے ہیں؟
پاکستان میں کچھ لوگ ایسے ہیں جو ہر وقت مایوسی پھیلاتے رہتے ہیں
ان کی گفتگو کا محور صرف ناکامی، تباہی، بربادی اور ناامیدی ہوتا ہے
وہ ہر مسئلے کو اس انداز میں پیش کرتے ہیں جیسے اس ملک کا کوئی مستقبل ہی نہیں، جیسے یہاں کچھ بہتر ہو ہی نہیں سکتا، جیسے پاکستان میں رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا افسوس کی بات یہ ہے کہ پاکستان کے بہت سے لوگ اس مسلسل مایوسی کا شکار بھی ہو جاتے ہیں
وہ دوسروں کی پھیلائی ہوئی ناامیدی کو اپنے دل و دماغ میں جگہ دے لیتے ہیں اور پھر اپنے حالات سے زیادہ اپنے مستقبل سے خوفزدہ رہنے لگتے ہیں
میں ان لوگوں سے پوچھتا ہوں کہ کیا آپ نے کبھی شام کے عوام کو قریب سے دیکھا ہے؟
کیا آپ نے عراق، لیبیا، سوڈان اور یمن کے حالات کا جائزہ لیا ہے؟
کیا آپ نے ان ملکوں کے عوام کی مشکلات کو سمجھنے کی کوشش کی ہے، جنہوں نے جنگوں اور خانہ جنگیوں میں اپنی نسلیں کھو دی ہیں؟
شام کے لوگوں نے مایوسی کے ایسے دور دیکھے ہیں جن کا ہم تصور بھی نہیں کر سکتے
ان کے گھر تباہ ہوئے، شہر اجڑے، خاندان بکھرے، لاکھوں لوگ مہاجر بنے لیکن زندگی ختم نہیں ہوئی اقتدار کے ادوار بدلے، حالات بدلے اور اب وہ ایک نئے مستقبل کی تعمیر کی کوشش کر رہے ہیں
ان کے لیے بھی مشکلات ختم نہیں ہوئیں، مگر امید اور اللہ تعالیٰ پر توکل کا جذبہ باقی ہے
پاکستانی عوام بھی کھانے پینے کے شوقین ہیں
ہماری تقریبات، دعوتیں، بازار اور ہوٹل اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ ہم اپنی آمدنی کا ایک بڑا حصہ کھانے پینے پر خرچ کرتے ہیں
یہ الگ بات ہے کہ ہم میں سے بہت سے لوگ صحت بخش غذا کے بجائے غیر متوازن اور غیر ضروری اشیا کھا کر اپنی صحت کو نقصان پہنچا رہے ہیں
اس کے باوجود ہمارے ہاں کچھ لوگ ہر وقت کہتے نظر آتے ہیں کہ ہم پتھر کے دور میں پہنچ گئے ہیں، یہاں زندگی گزارنا ممکن نہیں، یہاں کوئی مستقبل نہیں میں ان سے کہتا ہوں کہ ذرا دنیا کے دوسرے خطوں کو بھی دیکھیں۔ شام، عراق، لیبیا، سوڈان اور یمن کے علاوہ بنگلہ دیش سمیت مختلف ممالک کے حالات کا جائزہ لیں
ہر ملک کے مسائل اپنی نوعیت کے ہیں مگر دنیا میں ایسے کروڑوں انسان موجود ہیں جنہیں بنیادی ضروریات بھی میسر نہیں
میں یہ نہیں کہتا کہ پاکستان میں سب اچھا ہے ہرگز نہیں پاکستان میں عام آدمی کے مسائل حقیقی ہیں، بجلی کے بل، مہنگائی، بے روزگاری، تعلیم اور علاج کے اخراجات، انصاف کی تاخیر اور حکمران طبقے کی بے حسی ایسے مسائل ہیں جن سے انکار نہیں کیا جا سکتا
لیکن ان مسائل کا حل یہ نہیں کہ ہم اپنے ملک کو ہی ناقابلِ رہائش قرار دے دیں اور ہر وقت مایوسی کا پرچار کرتے رہیں
اصل سوال یہ ہے کہ پاکستان کے پاس جو کچھ موجود ہے، ہم اس سے فائدہ کیوں نہیں اٹھا پا رہے؟
ہمارے پاس زرعی زمین ہے تو کسان پریشان کیوں ہے؟ ہمارے پاس نوجوانوں کی بڑی آبادی ہے تو انہیں روزگار اور ہنر کے مواقع کیوں نہیں ملتے؟
ہمارے پاس معدنی وسائل ہیں تو ان سے عام آدمی کی زندگی میں بہتری کیوں نہیں آتی؟
یہاں ہمیں شام سے ایک اور سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں بھی اللہ تعالیٰ پر توکل کرنا چاہیے
ہمیں یہ یقین رکھنا چاہیے کہ مایوسی کسی مسئلے کا حل نہیں
حالات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہو اللہ تعالیٰ کی رحمت سے ناامید نہیں ہونا چاہیے ہمیں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی ہیں اپنے ملک کی اصلاح کے لئے آواز اٹھانی ہے
میں شام کے حوالے سے ایک اور پہلو بھی بیان کرنا چاہتا ہوں کہ احادیثِ مبارکہ میں شام اور اس کے اطراف کی سر زمین کا ذکر مختلف مواقع پر آیا ہے
حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے نزول، دجال کے فتنے اور آخری زمانے کے واقعات سے متعلق روایات ہمارے دینی لٹریچر کا حصہ ہیں
آج کی پسماندہ شامی قوم اور شامی فوج کل مستقبل میں بطور کمانڈر انچیف دنیا بھر کی فوجوں کیساتھ دجال کا خاتمہ کرے گی
یہ احادیث سے ثابت ہے
اسی لئے میرا ایمان ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فیصلے انسانوں کی موجودہ کمزوریوں اور حالات سے کہیں بلند ہیں
آج جو ملک مادی اعتبار سے کمزور دکھائی دیتا ہے اللہ تعالیٰ چاہے تو کل اسی سرزمین سے بڑے واقعات رونما ہو سکتے ہیں
پاکستان بھی ان شاء اللہ امتِ مسلمہ کے مستقبل میں اپنا کردار ادا کرے گا
ہماری خواہش ہونی چاہیے کہ پاکستان مضبوط ہو، شام مستحکم ہو، امت کے ممالک معاشی، علمی اور عسکری طور پر خودمختار ہوں
میرا سوال صرف اتنا ہے کہ پاکستان میں مایوسی اتنی زیادہ کیوں ہے؟
کیا ہم نے اپنی نعمتوں کو دیکھنا چھوڑ دیا ہے؟
کیا ہم نے صرف مسائل گننے کی عادت بنا لی ہے؟
کیا ہم دوسروں کی پھیلائی ہوئی مایوسی کو اپنی سوچ اور اپنے مستقبل پر حاوی کر چکے ہیں؟
کیا ہم نے اللہ تعالیٰ پر توکل اور اپنی محنت کی اہمیت کو بھلا دیا ہے؟
تنقید ضرور کریں، حکمرانوں سے سوال ضرور کریں، ناانصافی کے خلاف آواز ضرور اٹھائیں، کرپشن اور بدانتظامی کو بے نقاب ضرور کریں لیکن اپنے ملک سے امید کا رشتہ مت توڑیں پاکستان کے مسائل کا حل پاکستان کو برا بھلا کہنے میں نہیں بلکہ اس کی اصلاح، تعمیر، اتحاد اور ترقی کے لیے عملی کردار ادا کرنے میں ہے
شام کے تباہ حال عوام سے ہمیں یہ سبق لینا چاہیے کہ مشکل ترین حالات میں بھی امید زندہ رکھی جا سکتی ہے
تقدیر پر ایمان، اللہ تعالیٰ پر توکل اور حالات بدلنے کی کوشش انسان کو حوصلہ دیتی ہے
پاکستان کے لوگوں کو بھی اپنی صلاحیتوں کو پہچاننا ہوگا، اپنی ترجیحات درست کرنا ہوں گی اور مایوسی کے بجائے تعمیر کا راستہ اختیار کرنا ہو گا
پاکستان کو پتھر کا دور کہنے سے پہلے دنیا کے ان ملکوں کو بھی دیکھ لیجیے جنہوں نے جنگوں اور خانہ جنگیوں میں اپنی نسلیں کھو دی ہیں اپنے مسائل کا حل تلاش کیجیے، اپنی ذمہ داریاں ادا کیجیے، اللہ تعالیٰ پر بھروسہ رکھیے اور اپنے وطن سے امید کا رشتہ مت توڑیں کیونکہ پاکستان تو ابھی محض 79 سالہ ہے جبکہ ہزاروں سال پرانے ممالک ہم سے بہت پیچھے ہیں