November 16, 2026

سول ڈیفنس سندھ میں اصلاحات اور وارڈنز سروس کو مضبوط بنانے کا سہرا ریاض حسین لغاری کی مؤثر قیادت اور محمد اقبال میمن کی سرپرستی کو جاتا ہے، سندھ میں فائر سیفٹی آگاہی مہم بڑے اضلاع تک پھیلانے کا فیصلہ

IMG-20261116-WA0181

سول ڈیفنس سندھ میں اصلاحات اور وارڈنز سروس کو مضبوط بنانے کا سہرا ریاض حسین لغاری کی مؤثر قیادت اور محمد اقبال میمن کی سرپرستی کو جاتا ہے، سندھ میں فائر سیفٹی آگاہی مہم بڑے اضلاع تک پھیلانے کا فیصلہ

کراچی/سکھر(بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی) ڈائریکٹر سول ڈیفنس سندھ ریاض حسین لغاری نے کہا ہے کہ سندھ میں سول ڈیفنس وارڈنز سروس کو منظم، فعال اور مضبوط بنانے کے لیے مختصر عرصے میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، جس کا سہرا ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم ڈپارٹمنٹ محمد اقبال میمن کی قائدانہ صلاحیتوں، سرپرستی اور سول ڈیفنس کے شعبے میں بہتری کے لیے کی جانے والی مسلسل کاوشوں کو جاتا ہے. ان کی رہنمائی اور باہمی مشاورت سے سول ڈیفنس وارڈنز سروس کو ایک مضبوط اور منظم پلیٹ فارم پر متحد کرنے میں اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے، جبکہ ڈائریکٹر سول ڈیفنس سندھ ریاض حسین لغاری کی مؤثر قیادت، عملی دلچسپی اور پیشہ ورانہ اقدامات نے اس عمل کو مزید تقویت دی ہے. ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر سول ڈیفنس سندھ ریاض حسین لغاری نے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا. انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس کا بنیادی مقصد عوام کی جان و مال کے تحفظ، ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری، آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے. اس مقصد کے حصول کے لیے سول ڈیفنس سندھ مختلف سطحوں پر اپنی خدمات اور تربیتی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کوشاں ہے. ریاض حسین لغاری نے کہا کہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم ڈپارٹمنٹ محمد اقبال میمن کی قائدانہ صلاحیتوں اور خصوصی دلچسپی کے باعث سندھ سول ڈیفنس ريزيلنس کور کے قیام کا اہم سنگِ میل عبور ہوا ہے، جو سول ڈیفنس سندھ کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے. ان کا کہنا تھا کہ محمد اقبال میمن کی سرپرستی اور تعاون سے سول ڈیفنس وارڈنز سروس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، اس کی تنظیمی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور ایک مضبوط و پیشہ ورانہ فورس کی صورت میں آگے بڑھانے کے لیے سازگار ماحول میسر آیا ہے. انہوں نے مزید کہا کہ سول ڈیفنس وارڈنز سروس نے مختصر عرصے میں اپنی عملی خدمات اور بہترین کارکردگی کے ذریعے ایک نمایاں شناخت قائم کی ہے. سندھ بھر میں وارڈنز سروس کو ایک منظم پلیٹ فارم پر متحد کرنا ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے مستقبل میں عوامی خدمت، ہنگامی حالات میں معاونت اور حفاظتی اقدامات کے شعبے میں مزید بہتری کے امکانات پیدا ہوں گے. انہوں نے اس حوالے سے محمد اقبال میمن کی خدمات کو قابلِ ستائش اور قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی سرپرستی اور تعاون سول ڈیفنس سندھ کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے. ڈائریکٹر سول ڈیفنس سندھ ریاض حسین لغاری نے تیرھویں انٹرنیشنل فائر مارشل ٹریننگ اینڈ سیفٹی لاء کانفرنس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کانفرنس جسٹس انٹرنیشنل کے زیرِ اہتمام میرٹ ہوٹل کراچی میں منعقد کی گئی، جس میں مختلف متعلقہ شعبوں کے نمائندوں نے شرکت کی. کانفرنس کے انعقاد کا بنیادی مقصد عوام، سرکاری و نجی اداروں اور صنعتی شعبوں کو آگ کے حادثات سے بچاؤ، بروقت ردِعمل، فائر سیفٹی قوانین اور حفاظتی تدابیر کے حوالے سے عملی رہنمائی فراہم کرنا ہے. انہوں نے کہا کہ آگ سے متعلق حادثات کی روک تھام کے لیے صرف قوانین بنانا کافی نہیں بلکہ ان قوانین سے آگاہی، ان پر عمل درآمد اور متعلقہ افراد کی مناسب تربیت بھی انتہائی ضروری ہے. اسی مقصد کے تحت فائر مارشل ٹریننگ اور سیفٹی سے متعلق آگاہی کو فروغ دیا جا رہا ہے، تاکہ مختلف اداروں اور صنعتی شعبوں میں کام کرنے والے افراد کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں بہتر انداز میں اپنا کردار ادا کر سکیں. ریاض حسین لغاری نے اعلان کیا کہ کراچی میں انٹرنیشنل فائر مارشل ٹریننگ اینڈ سیفٹی لاء کانفرنس کے انعقاد کے بعد اس تربیتی پروگرام کو سندھ کے تمام بڑے اضلاع تک توسیع دی جائے گی. اس سلسلے میں مختلف اضلاع میں تربیتی پروگرام اور آگاہی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی، تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں، اداروں اور متعلقہ شعبوں کے افراد کو فائر سیفٹی قوانین، آگ سے بچاؤ کے طریقوں اور حفاظتی اقدامات سے روشناس کرایا جا سکے. انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد معاشرے میں حفاظتی شعور کو فروغ دینا اور حادثات کی صورت میں بروقت اور مؤثر ردِعمل کی صلاحیت پیدا کرنا ہے. انہوں نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم ڈپارٹمنٹ محمد اقبال میمن کی خدمات کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ باہمی مشاورت، مشترکہ محنت اور مؤثر سرپرستی کے ذریعے سول ڈیفنس وارڈنز سروس کو ایک جدید، منظم اور پیشہ ورانہ فورس بنانے کی جانب پیش رفت جاری ہے. ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ادارے کی ترقی اور بہتری کے لیے مضبوط قیادت، بہتر حکمتِ عملی اور ٹیم ورک بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، اور سول ڈیفنس سندھ میں بھی انہی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے خدمات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے. ڈائریکٹر سول ڈیفنس سندھ نے مزید کہا کہ عوام کو فائر سیفٹی قوانین اور حفاظتی اقدامات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا سول ڈیفنس کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے. اس مقصد کے لیے تربیتی سرگرمیوں اور آگاہی پروگراموں کا دائرہ وسیع کیا جائے گا، تاکہ عوامی سطح پر احتیاطی تدابیر کو فروغ دیا جا سکے اور مختلف اداروں میں کام کرنے والے افراد کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے رہنمائی حاصل ہو. ریاض حسین لغاری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سول ڈیفنس سندھ عوامی خدمت، حفاظتی تربیت اور فائر سیفٹی سے متعلق آگاہی کے مشن کو اسی جذبے اور لگن کے ساتھ جاری رکھے گا. انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس وارڈنز سروس کو مزید فعال اور مضبوط بنانا، جدید تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کرنا اور عوام میں حفاظتی شعور اجاگر کرنا ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے. کانفرنس میں سندھ بھر سے سول ڈیفنس کے ایڈیشنل کنٹرولرز، انسٹرکٹرز، سول ڈیفنس وارڈن سروس کے ڈپٹی چیف وارڈنز، فائر ڈپارٹمنٹ کے افسران، قانونی ماہرین، فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے آفیشلز، میرٹ ہوٹل کراچی کی انتظامیہ و ملازمین اور دیگر متعلقہ شعبوں کے نمائندگان نے شرکت کی. شرکاء کی موجودگی نے کانفرنس کو مختلف شعبوں کے درمیان فائر سیفٹی، حفاظتی قوانین اور عوامی آگاہی کے حوالے سے تبادلہ خیال کا اہم موقع فراہم کیا.