*روزے کی نیت کے مسائل* منگل 25 فروری 2025 انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
*روزے کی نیت کے مسائل*
منگل 25 فروری 2025
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
مسئلہ نمبر 20
*اعمال کا دار و مدار نیت پر ہے* (رواہ مسلم و بخاری)
مسئلہ نمبر 21
*دکھاوے کی نماز شرک ہے۔*
حضرت شداد بن اوس رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ جس نے دکھاوے کی نماز پڑھی اس نے شرک کیا۔
مسئلہ نمبر 22
*جس نے دکھاوے کا روزہ رکھا اس نے شرک کیا۔ اور جس نے دکھاوے کے لیے صدقہ کیا اس نے شرک کیا۔ (اسے احمد نے روایت کیا ہے)*
مسئلہ نمبر 23
*فرض روزے کی نیت فجر سے پہلے کرنا ضروری ہے*
حضرت حفصہ رضی اللہ تعالی عنہا سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ “جس نے فجر سے پہلے روزے کی نیت نہ کی اس کا روزہ نہیں۔ (اسے ابو داؤد اورترمذی نے روایت کیا ہے)
مسئلہ نمبر 24
*نفلی روزہ کی نیت دن میں زوال سے پہلے کسی بھی وقت کی جا سکتی ہے*
مسئلہ نمبر 25
*نفلی روزہ کسی وقت کسی بھی وجہ سے توڑا جا سکتا ہے*
ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا سے روایت ہے کہ ایک دن نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم میرے گھر تشریف لائے اور پوچھا” کیا تمہارے پاس کچھ( کھانے کو) ہے؟” میں نے کہا “نہیں” نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا” اچھا تو پھر میرا روزہ ہے۔” کسی اور دن پھر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے گھر تشریف لائے میں نے عرض کیا “یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حیس(حلوہ) تحفہ آیا ہے۔” رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا” تو لاؤ میں صبح سے روزے سے تھا ۔ (اسے مسلم نے روایت کیا ہے)
مسئلہ نمبر 26
*نفلی روزہ توڑنے کی کوئی قضا نہیں*
حضرت ام ہانی بنت ابی طالب ؓ سے روایت ہے کہ فتح مکہ کے بعد (جب کہ رسول اللہ ﷺ مکہ معظمہ میں تشریف فرما تھے) حضرت فاطمہ زہرا ؓ آئیں اور رسول اللہ ﷺ کے بائیں جانب بیٹھ گئیں اور ام ہانی ؓ آپ ﷺ کے داہنی جانب تھیں کہ ایک بچی آپ ﷺ کے پینے کے لیے کوئی مشروب لے کر آئی اور آپ ﷺ کی خدمت میں پیش کیا۔ آپ ﷺ نے اس میں سے کچھ پی لیا اور پھر ام ہانی ؓ کی طرف بڑھا دیا۔ انہوں نے بھی اس میں سے پی لیا اور پھر حضور ﷺ سے عرض کیا: یا رسول اللہ! میں روزے سے تھی اور میں نے یہ پی کر روزہ توڑ دیا۔ آپ ﷺ نے فرمایا: کیا تم اس روزے کے ذریعے کسی فرض یا واجب کو ادا کرنا چاہتی تھیں؟ انہوں نے عرض کیا: نہیں (بلکہ صرف نفلی روزہ تھا)۔ تو آپ ﷺ نے فرمایا: اگر نفلی تھا، تو پھر کوئی مضائقہ نہیں۔ (سنن ابی داؤد، جامع ترمذی، سنن دارمی
*الدعاء*
یا رب کریم تمام شرعی اعمال کو نبی کریم کے طریقے کے مطابق سر انجام دینے کی توفیق عطا فرما۔
آمین یا رب العالمین
Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 0092300860 4333