خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اصلاحات، کرپشن کے خاتمے اور نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔صفدر خان باغی
خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اصلاحات، کرپشن کے خاتمے اور نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔صفدر خان باغی
ماضی کی حکومتوں نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا، اب اداروں کی سرجری اور احتساب ہونا چاہیے۔مرکزی سینئر رہنما مسلم لیگ ق
پشاور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سینئر رہنما صفدر خان باغی نے خیبرپختونخوا میں موجودہ ایمرجنسی اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں انتظامی اصلاحات، کرپشن کے خاتمے، تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائی اور ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کے لیے یہ ایک اہم موقع ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام کی تجویز اور اس سلسلے میں ریفرنڈم کے انعقاد کی حمایت کا بھی اعلان کیا۔مرکزی رہنما مسلم لیگ ق صفدر خان باغی نے کہا کہ گزشتہ 77 برسوں میں مختلف حکومتوں نے عوام کو سیاسی نعروں، الزام تراشی اور اقتدار کی کشمکش میں الجھائے رکھا۔خیبرپختونخوا بالخصوص پشاور کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دی ہیں، اب انہیں حقیقی ترقی، امن اور خوشحالی کا حق ملنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں آمریت کی حمایت کرنے والی بعض سیاسی جماعتوں کا آج ایمرجنسی اقدامات پر اعتراض ایک بڑا سیاسی سوالیہ نشان ہے۔ جمہوریت کے نام پر اقتدار حاصل کرنے والوں کو پہلے اپنے ماضی کے طرزِعمل کا بھی جائزہ لینا چاہیے۔انہوں نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور ان کے گیارہ مشیر صاحبان و صاحبہ کی جانب سے شاہراہوں کی کشادگی، تجاوزات کے خاتمے اور انتظامی بہتری کے اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشادہ شاہراہیں تجارت، کاروبار اور معاشی ترقی کی بنیاد ہیں۔ توقع ہے کہ اس عمل کو پورے صوبے میں مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔صفدر خان باغی نے مطالبہ کیا کہ گزشتہ کئی دہائیوں کے ترقیاتی اور غیر ترقیاتی فنڈز کے استعمال کا شفاف آڈٹ کیا جائے، بدعنوانی میں ملوث عناصر کا احتساب کرکے قومی خزانے کی رقم واپس وصول کی جائے اور اداروں میں موجود کالی بھیڑوں کو بے نقاب کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کا قیام اور ریفرنڈم وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ انتظامی اختیارات عوام کی دہلیز تک پہنچیں۔ اب ملک کو روایتی سیاسی چہروں کے بجائے پڑھے لکھے، باصلاحیت نوجوانوں اور متوسط طبقے کی قیادت کی ضرورت ہے۔صفدر خان باغی نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا کی ترقی، شفاف احتساب، ادارہ جاتی اصلاحات اور نئے صوبوں کے قیام کے لیے ہر مثبت اقدام کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔ عوام کو اب سیاسی نعروں نہیں بلکہ عملی نتائج اور حقیقی تبدیلی کی ضرورت ہے۔