*جامعہ کراچی کے چین کے تعلیمی و تکنیکی اداروں کے ساتھ روابط مستحکم بنانے کے لیے اہم پیش رفت*
*جامعہ کراچی کے چین کے تعلیمی و تکنیکی اداروں کے ساتھ روابط مستحکم بنانے کے لیے اہم پیش رفت*
*سائبر سیکیورٹی، کیمپس کی نگرانی و تحفظ، الیکٹرک گاڑیوں کی سہولیات، زرعی تحقیق اور غذائی تحفظ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے پاکستانی ڈائریکٹر کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد ناصرالدین خان کے ہمراہ عوامی جمہوریہ چین کا سرکاری دورہ مکمل کرلیا۔ دورے کے دوران 17 نومبر 2026ء کو کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے سالانہ بورڈ اجلاس میں شرکت کی، جس کی صدارت سچوان نارمل یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ژو جیمنگ نے کی۔اجلاس میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے پاکستانی اور چینی ڈائریکٹرز، سچوان نارمل یونیورسٹی کے نائب صدر، سینئر انتظامی عہدیداران اور جامعہ کے فیکلٹی اراکین نے شرکت کی۔ اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی اور سچوان نارمل یونیورسٹی کے درمیان تعلیمی اور ادارہ جاتی تعاون کو وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔انہوں نے مختلف جدید اور اہم شعبوں میں باہمی اشتراک کے فروغ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، جن میں سائبر سیکیورٹی، کیمپس کی نگرانی اور حفاظتی نظام، جامعہ کراچی میں میوزیم کا قیام، جامعہ میں آمدورفت کے لیے الیکٹرک گاڑیوں کی سہولیات، زرعی تحقیق و جدت اور غذائی تحفظ کے شعبے شامل ہیں۔بورڈ اجلاس میں شرکت کے علاوہ وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے چین کے شہر چینگدو میں قائم متعدد ممتاز تعلیمی اور تکنیکی اداروں کا بھی دورہ کیا، جن میں اربن ووکیشنل کالج آف سچوان بھی شامل ہے۔ اس موقع پر تعلیمی تبادلوں، مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں اور ادارہ جاتی شراکت داری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔یہ دورہ جامعہ کراچی اور چین کے صوبے سچوان کے ممتاز تعلیمی اداروں کے درمیان پہلے سے موجود تعلیمی روابط کو مزید مستحکم بنانے اور تحقیق، جدت، استعداد کار میں اضافے اور علمی تبادلے کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے نہایت مفید اور نتیجہ خیز ثابت ہوا۔