November 24, 2026

خوشاب (راجہ نورالٰہی عاطف سے) گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین خوشاب اور نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (این سی ایچ ڈی) کے باہمی اشتراک سے

IMG-20261124-WA1854

خوشاب (راجہ نورالٰہی عاطف سے) گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین خوشاب اور نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (این سی ایچ ڈی) کے باہمی اشتراک سے وزیراعظم انیشی ایٹو روشن پاکستان کے تحت ’’ایک کو پڑھائیں، ایک‘‘ پروگرام کے سلسلے میں ایک تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد نوجوان طالبات میں تعلیمی شعور بیدار کرنے اور انہیں قومی خواندگی مہم میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنانا تھا۔
تربیتی سیشن میں ادارے کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر حفصہ حبیب، ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ ملک محمد رمضان بورانہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد آصف، فیلڈ افسران محمد اظہر، محمد وارث اور محمد اسلم، پروگرام کی رابطہ کار میڈم کومیرہ زرار، فیکلٹی ممبران اور طالبات نے شرکت کی۔
اس موقع پر طالبات میں تدریسی کتب تقسیم کی گئیں اور انہیں باقاعدہ تربیت فراہم کی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ وہ اپنے اردگرد کی کمیونٹی میں کسی ایک ناخواندہ فرد کی نشاندہی کریں اور اسے پڑھنے لکھنے کی بنیادی تعلیم دے کر معاشرے کا ایک مفید، باشعور اور ذمہ دار شہری بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
مقررین نے اس اقدام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایک کو پڑھائیں، ایک‘‘ پروگرام معاشرے سے ناخواندگی کے خاتمے، تعلیمی شعور کے فروغ اور علم کی روشنی عام کرنے کی ایک مؤثر کوشش ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے نوجوان نسل کو تعلیم کے فروغ کے لیے عملی طور پر متحرک کیا جا رہا ہے تاکہ ہر تعلیم یافتہ فرد کسی ایک ناخواندہ شخص کو تعلیم دے کر قومی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکے۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد ملک میں شرحِ خواندگی میں اضافہ، تعلیمی شعور کو فروغ دینا اور نوجوان نسل کو قومی خواندگی مہم میں بھرپور اور مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرنا ہے۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تعلیم کے فروغ اور ناخواندگی کے خاتمے کے لیے ایسی سرگرمیوں کا تسلسل معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔