November 16, 2026

درحقیقت خالد نجیب خان اور غلامی کیا ہوتی ہے؟

IMG-20250219-WA0265

درحقیقت
خالد نجیب خان

اور غلامی کیا ہوتی ہے؟
گزشتہ دنوں نیشنل ،انٹرنیشنل اور سوشل میڈیا پر خبر یں گردش کرتی رہیں کہ آئی ایم ایف کے وفدپاکستان کے مختلف اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔ان خبروں کی صداقت پر کسی کو بھی کلام نہیں ،کلام ہے تو اس پر کہ کیا آنے والے وفد کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ پاکستان کے آئینی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں کرکے اُن پر اثر انداز ہو۔اِس میں شک نہیں ہے کہ آئی ایم ایف کواپنی رقم کی وصولی کے لئے پاکستان کو اپنی سفارشات دینےکا اختیار حاصل ہے ۔ یہ بالکل ویسے ہی ہے کہ آپ نے کسی ساہوکار سے کچھ رقم قرض لی ،اُس نے وقت آنے پر تقاضا کیا تو آپ نے کہا کہ میں تو ابھی قرض واپس کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں تو ساہو کار نے آپ کو بتایا کہ پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں،آپ قرض واپس نہ کریں ،سود ادا کردیں،جواب میں آپ کہیں کہ میرے پاس تو سود دینے کے لئے بھی رقم نہیں ہے ۔ایسے میں وہ کہے کہ آپ اپنے گھر کا فرنیچر میرے پاس گروی رکھوا کر مزید قرض لے لو اور اُس سے سود کی رقم ادا کر دو جب آپ کے پاس پیسے آجائیں تو وہ ادا کرکے اپنا فرنیچر واپس لے لینا۔چند سال پہلے تک آئی ایم ایف اور پاکستان کے ساتھ کچھ اسی طرح کا معاملہ چلتا رہا، کہ بنیادی قرض +بنیادی قرض کا سود ادا کرنے کا قرض+بنیادی قرض کا سود ادا کرنے کا قرض کا قرض +بنیادی قرض کا سود ادا کرنے کا قرض کا قرض کا قرض ۔۔۔۔۔ اب جبکہ آئی ایم ایف والوں کو بھی یہ یقین ہوچکا ہے کہ وہ جتنا بھی قرض دیتے جائیں گے ،پاکستان کے سرکاری اثاثے اُن کے پاس گروی رکھے جاتے رہیں گے اور اصل زر جوں کا توں ہی رہے گا۔
واضح رہے کہ آئی ایم کا ایک وفد جس نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس سے ملاقات کی اُس وفد نے اُن سے معاہدوں کی پاسداری اور پراپرٹی حقوق کے بارے میں جاننا چاہا تھا جس کا اُنہیں جواب دیاگیا کہ اس پر اصلاحات کی جارہی ہیں ۔ آئی ایم ایف کے وفد نے چیف جسٹس صاحب سے یہ بھی کہا کہ وہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا تحفظ چاہتے ہیں جس پر انہوں نے آئی ایم ایف کے وفد کو جواب دیا کہ ہم نے آئین کے تحت عدلیہ کی آزادی کا حلف اٹھا رکھا ہے۔ یہ ہمارا کام نہیں ہے کہ آپ کو ساری تفصیلات بتائیں ۔ہمیں یقین ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے اپنے وفد کی پاسداری کرتے ہوئے اُنہیں معلومات فراہم نہیں کی ہوں گی مگر ہمیں یہ بھی خدشہ ہے کہ یہ وفد اُن لوگوں سے بھی ملا ہوگا یا مل سکتا ہے جنہوں نے اِس حوالے سے حلف نہیں اُٹھایا ہوا یا اُٹھایا ہے تو اُٹھایا نہ اُٹھایا ایک برابرہے تو وہ اپنی مطلوبہ معلومات تو حاصل کر ہی لیں گے۔
حقیقت یہ ہے کہ صرف دسمبر 2024ء کے دوران حکومت نے 1284ارب روپے قرض حاصل کیا ہے ۔80 کی دہائی سے قبل یہی پاکستان جو آج مقروض اور مقہور ہوچکا ہے آج کی امیر اور خوشحال معیشتوں والے ممالک جو اُس وقت تک غریب معیشتیں تھیں کو قرض نہیں امداد دیا کرتا تھا جیسے چین ،جرمنی ،سعودی عرب،متحدہ عرب امارات وغیرہ وغیرہ ۔80 کی دہائی میں پیٹرول کی قیمتیں مہینے میں 2 مرتبہ کی بجائے سال میں ایک یا دو مرتبہ ہی بدلتی تھیں جس کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ بھی سالانہ بنیادوں پر ہی ہوتا تھا۔اب بہت کچھ بدل گیا،امداد دینے والے ملک کو اپنا کاروبار مملکت چلانے کے لئے ایشائی ترقیاتی بنک اور ورلڈ بنک سے قرض لینے پر مجبور ہونا پڑا ۔
ایشیائی ترقیاتی بنک،ورلڈ بنک یا آئی ایم ایف ترقی پزیر اور پسماند ممالک میں اپنی بقا کی خاطر ایسے منصوبے ہمیشہ جاری رکھتے ہیں جس سے بظاہر یہ محسوس ہوتا کہ اِن علاقوں کے عوام کے معیار زندگی بہتر ہورہا ہے جبکہ حقیقت میں اصل فائدہ صرف اُنہیں ہی ہوتا ہے۔حال ہی میں آئی ایم ایف موسمیاتی تبدیلی کے لئے اقدامات کرنے کے لئے ڈیڑھ ارب ڈالر مالیت کا ایک نیا پروگرام شروع کرنا چاہتا ہے اور اُسی کے پیش نظر پاکستان کے مختلف آئینی اداروں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں ہوئی ہیں اور توقع ہیں کہ مزید بھی ہوں گی۔
یہ طرفہ تماشا ہے کہ ایک طرف حکومت یہ دعویٰ کررہی ہے کہ آئی ایم ایف کے اس پروگرام کو ہم آخری پروگرام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور دوسری طرف ذیلی پروگرام مرتب کرکے آئی ایم ایف سے موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات کے تدارک کے نام پر نیا قرض لیا جا رہا ہے اور عین ممکن ہے کہ یہ سطور شائع ہونے تک قرض مل بھی چکا ہو۔ قرض خوہ معاشی بحالی کے نام پر لیا جائے یا موسمیاتی تبدیلی کےحوالے سے یا سڑکوں اور نالیوں کی تعمیر و مرمت کے لیے، اُس قرض کا بوجھ لامحالہ عام آدمی پر ہی پڑتا ہے جبکہ حکومتی اشرافیہ، بیوروکریسی اور بااثر صنعت کار اس سے بالکل بے نیاز نظر آتے ہیں۔ مالیاتی اداروں سے لیا جانے والا اب تک کا قرض کہاں، کیسے اور کس مد میں استعمال ہوا، اس بارے میں عوام بالکل بے خبر ہیں اور اگر کسی کو کچھ خبر ہے بھی تو وہ کسی بھی ذمہ دار کا کچھبگاڑ نہیں سکتا ۔ پاکستان کو اپنے موسمیاتی موافقت اور تخفیف کے اہداف حاصل کرنے کے لیے 2030ء تک 348 ارب ڈالرز کی ضرورت ہے اور اِس کے لئے تجویزکیا گیا ہے کہ قرض لینے کے بجائے اقوام متحدہ اور کانفرنس آف دی پارٹیز (کوپ) کے پلیٹ فارم پر پاکستان کے ساتھ کمٹمنٹ کرنے والے ملکوں سے مطالبہ کیا جائے کہ وہ اپنے وعدے پورے کریں۔پاکستان ایک طرف تو آئی ایم ایف جیسے مالیاتی اداروں سے قرض لے کر اپنی معیشت بحال کرنے کے لئے تگ و دو کررہا ہے، دوسری جانب موسمیاتی بداثرات سے بچنے کے لیے مزید قرض لینے کا سوچ رہا ہے،جس سے نہ تومعیشت بحال ہو پائے گی اور نہ ہی موسمیاتی تبدیلیوں سے بچا جا سکتا ہے ۔ کیونکہ موسمیاتی تبدیلیوں کا باعث بننے والے عوامل کو تو مائنس کیا ہی نہیں جارہا۔یہ ایسے ہی ہے کہ نہا دھو کر نئے کپڑے پہننے کی بجائے بغیر نہائےپرانے اور گندے کپڑوں پر خوشبو لگانے کے لئے قرض حاصل کرنے کا منصوبہ بنایا جارہاہے ۔اِس طرح کے قرض سے قرض دینے والا تو یقیناًفائدے میں رہتا ہے مگر قرض لینے والا ہمیشہ کے لئے معاشی طور پر غلام بن جاتا ہے۔
آج سکول جانے والا ہر بچہ آئی ایم ایف سے واقف ہے جبکہ آج پاکستان کی 25 کروڑ کی آبادی میں سے شاید ہی کوئی ایسا شخص ہو جس نے 80 کی دہائی سے پہلے کبھی آئی ایم ایف کا نام سنا ہو یا اُس سے کوئی واقفیت ہو۔اُس وقت سرکاری ٹی وی اور ریڈیو چینلز سے بجٹ کے حوالے سے جب یہ خبر نشر ہوئی کہ” وفاقی وزیر خزانہ نے ایوان میں ریکارڈخسارے کا بجٹ پیش کیا” تو حکومت نواز تو ایک طرف عام لوگ بھی واہ واہ کرنے لگےکیونکہ نیوز کاسٹر کے خبر پڑھنے کےاندازسے لوگ یہ سمجھ بیٹھے کہ یہ بھی حکومت کا کوئی کارنامہ ہے۔ کچھ دنوں کے بعد جب لوگوں کو اِس جملے کی حقیقت معلوم ہوئی تو وہ اِس حکومتی اقدام پر تھو تھو بھی نہیں کرسکے ۔آج جب لوگ ایک طرف آئی ایم ایف کے تقاضوں اور دوسری طرف حکومت کے منہدمانہ منصوبوں کو دیکھتے ہیں تو پریشان ہو کر رہ جاتے ہیں۔ پنجاب حکومت کی سربراہ ہر وہ ترقیاتی منصوبہ بھی اپنے نام سے منسوب کرلیتی ہیں جس میںاُن کا عمل دخل بھی نہیں ہوتا ۔سالڈویسٹ کے کنٹینرز ،پبلک ٹائلٹس کا انتظام و انصرام ہو یا بازاروں میں ریڑھی اور خوانچہ فروشوں کی چھوٹی چھوٹی دکانوں پر اپنی تصویر چھپوانے کا حق اُنہوں نے حاصل کر لیا تو کسی نے اعتراض نہیں کیا کہ یہ کام اُنہی کا ہے سو اُن کو کرنے دیں۔اعتراض کرنے والے تو اُس وقت سامنے آئے ہیں جب پنجاب بھر میں ایشیائی ترقیاتی بنک کے تعاون سے شہری علاقوں کے بازاروں اور گلیوں میںنالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی کے لئے پروگرام کو وزیراعلیٰ کے اینٹی انکروچمنٹ مہم سے ملتا جلتا نام دے دیا گیا۔متاثرین کا کہنا ہے کہ کئی سال پہلے حکومت نے اُنہیں نہ صرف تجاوزات کی اجازت دی بلکہ وہ مسلسل تہہ بازری ٹیکس بھی باقاعدگی سے ادا کررہے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ تجاوزات جائز اور قانونی ہیں،اب چند دنوں کے نوٹس کے ساتھ اُن تجاوزات کو ختم کرنے کے لئے کہا گیا ہے جس سے جہاں غریب عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے وہاں یقیناً حکومتی آمدن بھی کم ہوئی ہے ۔جبکہ یہ سب کام ایشیائی ترقیاتی بنک باقاعدگی سے تقریباًہر دس سال کے بعداپنی نگرانی میں کرتا ہی ہے اوراس مہم پر اُٹھنے والے تمام اخراجات کی پائی پائی بھی معہ سودوصول کرتا ہے۔حکومتی اہلکار اور ارباب اختیار اختیار اور طاقت رکھنے کی وجہ سے ہر طرف سے غریب عوام کو نقصان پہنچا رہے ہیں جبکہ خود ہرطرف سے فائدے اُٹھا رہے ہیں۔ اِن حالات میں اگر کوئی یہ سوال کرے کہ” اورغلامی کیا ہوتی ہے؟” تو اُسے کیا جواب دیا جائے؟