November 16, 2026

“گھر میں پہلے عذاب کیا کم تھے۔۔۔”

IMG-20250208-WA0192

“گھر میں پہلے عذاب کیا کم تھے۔۔۔”

ایک بار ایک مرید نے اپنے پیر صاحب کو ایک مرصع عصا پیش کیا، جس پر نہایت نفیس جڑاؤ کا کام تھا۔ عصا نہ صرف قیمتی تھا بلکہ اس کی خوبصورتی بھی دیدنی تھی۔ پیر صاحب نے اسے بڑے چاؤ سے دیکھا، الٹا پلٹا کر اس کی نزاکتوں کو سراہا۔ مرید اپنے پیر کی خوشی دیکھ کر خود بھی سرشار ہو گیا۔

کچھ دیر بعد پیر صاحب نے گویا ہوئے:
“عصا تو بہت اچھا ہے، مگر کیا اس قدر اعلیٰ کھونڈی کے ساتھ پرانے اور فرسودہ کپڑے اچھے لگیں گے؟”

مرید، جو صاحبِ حیثیت اور بے حد معتقد تھا، فوراً سمجھ گیا کہ پیر صاحب کا اشارہ کس طرف ہے۔ اس نے عرض کیا:
“حضور، اس کے ساتھ ایک اعلیٰ بوسکی کا سوٹ بھی پیش خدمت کیا جائے گا۔”

پیر صاحب مسکرا کر بڑبڑانے لگے:
“واہ جی واہ! اب تو پیر جی کی ٹوریں ہی اور ہوں گی۔”

پھر انہوں نے مزید فرمایا:
“کھونڈی بھی مل گئی، کپڑے بھی، مگر پیروں کے لیے جوتا؟”

مرید نے فوراً جواب دیا:
“سرکار، حکم ہو تو ہاتھ سے بنا ہوا طلائی کھسہ بھی پیش کر دیا جائے۔”

پیر صاحب کی خوشی دوبالا ہو گئی۔ انہوں نے کہا:
“اب ہاتھ میں عصا، تن پر بوسکی، پاؤں میں گرگابی… کیا پیر صاحب پیدل چلیں گے؟”

مریدین نے ایک بگھی اور اسے کھینچنے کے لیے عربی گھوڑوں کی جوڑی پیش کرنے کا عندیہ دے دیا۔

اب پیر صاحب بے حد خوش تھے۔ اچانک انہوں نے کہا:
“سارا کچھ تو بہت اچھا ہو گیا، مگر ایک کمی پھر بھی باقی ہے۔”

مریدین کے پوچھنے پر انہوں نے جواب دیا:
“اتنی شان و شوکت کے ساتھ پیر صاحب کٹیا میں رہیں گے؟”

ظاہر سی بات تھی کہ مریدین نے ایک شاندار مکان پیش کرنے کا وعدہ کر لیا۔ مگر یہ سلسلہ یہیں نہ رُکا۔ جیسے جیسے پیر صاحب کی ضروریات بڑھتی رہیں ان کی خواہشات بھی بڑھتی گئیں، اور مریدین انہیں پورا کرنے کے وعدوں پے وعدے کرتے رہے۔۔۔۔ آخر کار انہوں نے کاروبار، مال مویشی، زمین جائداد تک پیش کی اور ساتھ میں ان سب کاموں کو سنبھالنے کے ہے عمال بھی مقرر کرنے کا وعدہ کیا۔۔۔

کچھ دیر بعد اچانک پیر صاحب بولے:
“ناں بھئی ناں… اگر ایک کھونڈی کے ساتھ اتنے عذاب منسلک ہیں، تو پیر کھونڈی کے بغیر ہی بھلا۔”

یہ کہہ کر انہوں نے کھونڈی مریدین کو واپس کر دی۔

یہ کہانی جہاں ہلکے پھلکے مزاح کا عنصر لئے ہوئے ہے وہاں ہماری عادتوں کی طرف ایک مہین سا اشارہ بھی کرتی ہے کہ ضروریات اور خواہشات کو بڑھانا یا گھٹانا بھی انسان کے اپنے اختیار میں ہے۔۔۔ کچھ چیزیں تو واقعی اپنے ہونے یا نا ہونے کا احساس دلاتی ہیں اور کچھ چیزوں کی کمی کا ہم خود احساس کرتے ہیں۔۔۔ اور پھر ان کے حصول کے لئے جائز و نا جائز طریقہ اختیار کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔۔۔ ۔۔۔