*علمی اور تہذیبی اداروں کی منفعت کو تجارتی اور کاروباری پیمانوں پر پرکھنا غلط ہوتا ہے، فرخ سہیل گوئندی*
*علمی اور تہذیبی اداروں کی منفعت کو تجارتی اور کاروباری پیمانوں پر پرکھنا غلط ہوتا ہے، فرخ سہیل گوئندی*
*ادب سے صحیح طور پر لطف اندوز ہونے کے لیے تاریخی اور تہذیبی پس منظر سے واقف ہونا ضروری ہے۔*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) معروف ادیب، صحافی، سفر نامہ نگار اور جمہوری پبلیکیشنز کے سربراہ فرخ سہیل گوئندی نے بیرون ملک سے وطن واپسی کے سفر میں کراچی میں مختصر قیام کے دوران اردو لغت بورڈ، کراچی کا دورہ کیا اور اہل علم سے ملاقات کی۔ انچارج اردو لغت بورڈ محمد طارق بن آزاد نے ان کا استقبال کیا اور انھیں ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغ قومی زبان اسلام آباد کی سربراہی میں ادارے کی حالیہ کار کردگی سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں ڈاکٹر شاہد ضمیر، ڈاکٹر جاوید منظر، ذیشان محبوب ( نوادارت) اور افتخار احمد خانزادہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خیالات کا تبادلہ کرتے ہوئے فرخ سہیل گوئندی نے اردو لغت بورڈ کی تاریخی اصول پر لغت نویسی کے اہم کارنامے کو سراہا اور کہا کہ علمی اور تہذیبی اداروں کی منفعت کو تجارتی اور کاروباری پیمانوں پر پرکھنا غلط ہوتا ہے۔ انھوں نے اپنی آنے والی کتاب کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئےاس نکتے پر زور دیا کہ ادب سے صحیح طور پر لطف اندوز ہونے کے لیے تاریخی اور تہذیبی پس منظر سے واقف ہونا ضروری ہے۔نشست میں ڈاکٹر جاوید منظر نے سان فرانسسکو میں موجود علامہ اقبال کے ہاتھ سے لکھے غیر مطبوعہ کلام کے بارے میں انکشاف کیا اور اپنے حافظے کی بنیاد پر وہ اشعار بھی پیش کیے۔ افتخار احمد خانزادہ نے اپنے دل نشین انداز میں اپنی نظم اور امرتا پریتم کا ایک کلام تحت اللفظ پیش کیا جسے حاضرین نے بھر پور داد سے نوازا۔ نوادرات کے بانی ذیشان محبوب نے اردو کے اسپیل چیکر کی تیاری کے سلسلے میں نوادرات کی حالیہ کاوشوں سے متعارف کروایا اور مستقبل میں پاکستان کی مقامی زبانوں کی لغات کی ڈیجیٹل صورت میں فراہمی کے منصوبے سے آگاہ کیا، انھوں نے اس سلسلے میں ادارہ فروغ قومی زبان ، اردو لغت بورڈ اور پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر کی سرپرستی کا بالخصوص شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر شاہد ضمیر نے فرخ سہیل گوئندی کو ان کے ترکی سے شغف اور نامور شخصیات کے باکمال انٹرویوز پر خراج تحسین پیش کیا۔ملاقات کے اختتام پر محمد طارق بن آزاد نے ادارے کی جانب سے اردو لغت کی نستعلیق اشاعت کی تین جلدوں کا تحفہ پیش کیا اور لغت نویسی سے متعلقہ ان کی تجاویز کو نظر ثانی کے مرحلے میں پیش نظر رکھنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔