November 16, 2026

ہارون آباد سیاسی جماعتوں کا مل بیٹھنا، قومی مسائل پر گفتگو کرنا، بالخصوص بڑی جماعتوں کا آپس میں مل بیٹھ

IMG-20261116-WA0087

ہارون آباد
سیاسی جماعتوں کا مل بیٹھنا، قومی مسائل پر گفتگو کرنا، بالخصوص بڑی جماعتوں کا آپس میں مل بیٹھ کر ملکی مسائل پر سوچ بچار کرنا انتہائی خوش آئند ہے۔ پاکستان مسلم لیگ نون اور پاکستان پیپلز پارٹی کے لاہور میں ہونے والے مذاکرات ایک مثبت پیش رفت ہے۔ دیگر جماعتوں کو ان مذاکرات میں شامل کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ وطن عزیز کے مسائل کا حل صرف مکالمے اور تمام چھوٹی بڑی سیاسی جماعتوں کے مل بیٹھنے میں ہے۔ اگر تمام جماعتوں کے قائدین، مخصوصاً میاں محمد نواز شریف، آصف علی زرداری، مولانا فضل الرحمن و دیگر اسٹیک ہولڈرز ایک میز پر بیٹھ جائیں تو وطن عزیز کے تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں اور سرحد پار سے جارحیت و دہشت گردی کرنے والوں کی خود بخود کمر ٹوٹ جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار سابق صدر چیمبر آف کامرس لاہور، سینیٹر ظفر اقبال چوہدری نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
سابق صدر چیمبر آف کامرس نے کہا کہ وطن عزیز کا کاشتکار، بالخصوص چھوٹے کاشتکار شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ گزشتہ سے پیوستہ سال آنے والے سیلاب اور موسمیاتی تبدیلیوں نے چھوٹے کاشتکاروں کا بھرتا نکال دیا ہے۔ کاشتکار گندم کی کاشت کے حوالے سے مشکلات کا شکار ہیں۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت سرمایہ دار طبقہ کاشتکاروں کی معیشت کو نچوڑ رہا ہے۔ بدقسمتی سے ڈی اے پی کھاد اور یوریا کھاد کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کر دیا گیا اور کنٹرول کرنے والے ادارے ٹس سے مس نہیں ہوئے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری نوٹس لیتے ہوئے بیج اور کھاد کی قیمتوں کو کنٹرول کر کے گندم کی بوائی کے موقع پر چھوٹے کاشتکاروں کو مفت ڈیزل اور بیج فراہم کرنا چاہیے۔
ظفر اقبال چوہدری نے کہا کہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹ کا قیام انتہائی اتفاق رائے سے ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہونے کے باوجود متنازع معاملہ نہیں ہے۔ قومی قیادت اور تمام ادارے مل بیٹھ کر اس کا مؤثر اور قابل عمل حل تلاش کریں۔ تمام سیاسی جماعتیں نئے صوبوں کے حوالے سے اپنے منشور اور انتخابی مہم کے دوران اعلانات کر چکی ہیں۔ سینئر قومی قیادت کو مل بیٹھ کر نئے صوبوں اور انتظامی یونٹ کے حوالے سے کردار ادا کرنا ہوگا۔ الزام تراشی اور بلیک میلنگ مسائل کا حل نہیں ہے۔ پاکستان کی قومی قیادت اور تمام پارلیمنٹیرین انتہائی سنجیدگی کے ساتھ بیٹھ جائیں تو کوئی ایسا مسئلہ نہیں جس کا حل تلاش نہ کیا جا سکے۔