خالد نجیب خان 2024 ء تو گزر گیا کیا سبق دے کے مجھے ؟
خالد نجیب خان
2024 ء
تو گزر گیا کیا سبق دے کے مجھے ؟
سال گزشتہ بیت گیا کہ اسے تو بیتنا ہی تھا اِس دوران میں کئی ہونیاں اور کئی انہونیاں بھی ہوئیں جنہیں ہم قدرت کا لکھا کہیں یا اپنا کیا دھرا، بہرحال یہ سب ہونیاں ہو چکی ہیں ۔اب یہ جملہ بھی اپنی اہمیت کھو چکا ہے کہ” ہمیں اپنی غلطیوں سے سبق لینا چاہئے”،کیونکہ یہ جملہ لکھا اور بولا تو جاتا ہے مگر تاثیر نہیں رکھتا ۔سال گزشتہ کاجائزہ لیتے ہوئےتو اِس بات کا بڑی شدت سے احساس ہوا کہ پاکستانی قوم ہو یا مسلم اُمّہ نے جیسےاپنے ماضی کی یا دوسروں کی غلطیوں سے سبق لینا غیر ضروری قرار دے رکھا ہے۔بہرحال ہمیں امید رکھنی چاہئے کہ آئندہ ہم ضرور ماضی کی اور خصوصاً دوسروں کی غلطیوں سے ضرور سبق حاصل کیا کریں گے۔اخبارات کی فائل کے اوراق پلٹنے سے معلوم ہوا کہ 16 جنوری کو ایران کا ایک میزائل پاکستان کی سرزمین پر گرنے سےتین افراد جاںبحق ہوگئے جن میں سے ایک خاتون اور دو معصوم بچے تھے ۔ اِس سانحہ کے بعد پاکستان نے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا اور ایرانی سفیر جو بوجوہ ایران میں ہی تھے ،اُنہیں پاکستان نہ آنے کے لئے کہہ دیا۔یہ بھی خبر تھی کہ ایران نے پاکستان کے ساتھ ساتھ عراق اور شام میں بھی حملے کئے ۔اِن حملوں کی پس پردہ کہانی کسی سے پوشیدہ نہیں ہے کہ پھر سے بیان کی جائے ۔ مگر دوبارہ کرنے والی بات یہ ہے کہ سبق لینے والی بات نہیں ہوئی کہ دو مسلمان ممالک کو آپس میں نہیں لڑنا چاہئے۔چند روز بعد ہی خبر ملی کہ پاکستان نے تورخم بارڈر کو بند کردیاہے جس کی وجہ یقیناً یہی بتائی گئی کہ افغانستان سے دہشتگرد اسی راستے سے آتے ہیں ۔بارڈر کی یہ بندش پہلی مرتبہ نہیں ہوئی تھی اور اس بندش سے افغانستان کے عوام کے ساتھ ساتھ حکومت کو بھی پریشانی ہوئی مگر پاکستان کے تاجر بھی اِس سے سخت پریشان ہوئے ،مگر سبق حاصل نہیں کیا کہ مسائل کا فوری کی بجائے دیر پا اور اصلی حل ہی تلاش کرنا چاہئے ۔
فروری میں پاکستان میں عام انتخابات منعقد ہوئے تو ہر پلیٹ فارم پر یہی کہا گیا کہ عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا جائے مگر انتخابات کے نتائج فارم 45 کی بجائے 47 سے تیار کرکے جو حکومت بنائی گئی وہ عوامی میندیٹ کی بجائے کسی اور کا مینڈیٹ کی عکاس تھی اور اِس کا اصل مظہرو مقصد اُس وقت سامنے آیا جب امریکہ نے پاکستانی اداروں پر پابندیاں لگا دیں اور عام آدمی کو یہ بھی معلو م نہیں ہوسکا تھا کہ اُن کے ساتھ ہوا کیا ہے۔
ادھرغزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری رہی اور رمضان المبارک شروع ہونے سے پہلے ہی مسجد اقصیٰ کو مسلمانوں کے لئے بند کردیا گیا جبکہ یہودی مسجد اقصیٰ کے صحن میں اپنے تہوار مناتے رہے اور احتجاج کرنے والوں پر گولیوں کی بوچھاڑ کی جاتی رہی ۔ جبکہ غزہ میں امداد فراہم کرنے والے ادارے (UNRWA) پر پابندیاں عائد کردی گئیں مگر کسی اسلامی ملک کو لب کشائی کی توفیق نہ ہوئی اور یورپ والے بازی لےگئےجبکہ پاکستان ہی وہ واحد ملک ہے کہ جس سے اسرائیل کو خوف ہےاور مسلم اُمّہ ایک حد تک پاکستان سے توقعات وابستہ کئے ہوئے بھی ہے مگر ہمارے حکمرانوں کو اپنی مراعات میں اضافہ کرنے سے فرصت ملے تو وہ اُمت یا عوام کے بارے میں کچھ سوچیں۔مارچ 2024ء میں سقوط خلافت کو سو سال مکمل ہوگئے۔گزشتہ سو برس میں وہ سب لوگ ختم ہو گئے جنہوں نے خلافت کو عملی طور پردیکھا تھا۔خلافت عثمانیہ کے خاتمے سے ہی مسلمانوں کا اصل زوال شروع ہوا جو بتدریج جاری ہے مگر اُس سے سبق حاصل کرنے کی طرف کم ہی لوگ آتے ہیں۔
مارچ کے آخر میں خبر ملی کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور کرلی۔ وہ قرارداد 10 رکن ممالک نے پیش کی تھی۔ قرارداد پیش کرنے والے ممالک میں الجزائر، جاپان، ایکواڈور، سوئٹزرلینڈ، جنوبی کوریا، مالٹا بھی شامل تھے۔ سلامتی کونسل کے15میں سے 14 ارکان نے قرارداد کی حمایت کی جب کہ امریکا نے غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد پر ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا ۔ دوسری طرف اسرائیل اور حماس میں جنگ بندی پر ڈیڈ لاک برقرار رہا۔ نیتن یاہو انتظامیہ نے جنگ ختم کرنے اور غزہ سے فوجیں نکالنے کا مطالبہ مسترد کر دیا جو اسرائیل کی ڈھٹائی اور انسانیت دشمنی کی انتہا ہے۔
ایک اور بڑی خبر اِسی سال میں جوہمیں ملی جس کے مطابق ہم نے ماضی کی غلطیوں سے کچھ نہیں سیکھا کہ “پاکستانی عوام کو انصاف دینے پر مامور جج خود بھی انصاف کے متلاشی ہیں کہ اُن پر انتظامی مشینری اور انٹیلی جنس ایجینسیوں کی طرف سےدباؤ ڈالا جاتا ہے” ۔کسی ملک کی اعلیٰ عدلیہ کی طرف سے ایسی خبر آنے کا جو مطلب نکلتا ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔
اپریل کے مہینے میں برادر اسلامی ملک ایران سے خبر ملی کہ اسرائیل نے ایران پر میزائل سے حملے کئے ہیں ۔اِس سے قبل اسرائیل شام میں ایرانی کونسل خانے پر بھی حملہ کرچکا تھاجس کے جواب میں ایران نے اسرائیلی جارحیت کے جواب میں اسرائیل پر ڈرون اور میزائل کے ذریعے کاروائی کی تھی جس سے اسرائیل کا کوئی خاص نقصان نہیں ہوا تھا۔اِس سب کے بعد اسرائیل کا ایران پر حملہ اِس بات کی دلیل تھا کہ اسرائیل ایک بڑی جنگ کاخواہشمند ہے جو آج ایک کھلی حقیقت کی صورت میں سب کے سامنے ہے۔ اپریل 2024ءکے اخبارات کی فائل کے مطالعہ کے دوران سب سے تکلیف دہ خبریہ ملی کہ وطن عزیز اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی حکومت نے ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے تمام تعلیمی اداروں میں مقابلۂ موسیقی کا اہتمام کرنے کا حکم دیا،جسے اسلامی تعلیمات سے کھلی بغاوت اور پاکستان کے اسلامی تشخص کے ساتھ کھلواڑ قراردیا جاسکتا ہے۔پاکستان کی مقتدرہ وقفے وقفے سے ایسے نوٹیفیکشنز کے ذریعے ایسے کھلواڑ کرتی رہتی ہے اور عوامی دباؤ پر پسپائی اختیار کر لیتی ہے مگر پسپائی سے پہلے ہی وہ اپنا ٹارگٹ حاصل کرلیتی ہے ۔یہی بات ہمیں قادیانی مبارک ثانی کے خلاف مقدمے کے فیصلے کے حوالے سے سامنے آئی۔یقیناًیہ بھی ایک پہلو ہے جس سے ہمیں سبق حاصل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
مئی 2024ء میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اوروزیر خارجہ حسین امیر عبداللہ یان اور عملے سمیت سات دیگر افراد صوبہ مشرقی آذربائیجان کے پہاڑی علاقے میں ایک ڈیم کی افتتاحی تقریب سے واپسی پر تبریز جاتے ہوئے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہلاک ہوگئے۔ایرانی حکام کے مطابق حادثہ بظاہر شدید دھند اور خراب موسم کی وجہ سے پیش آیا تاہم ایسی کوئی بات سامنے نہیں لائی جاسکی کہ جس سے معلوم ہو کہ یہ کسی دوسرے ملک کی پُرعنادکاروائی کا نتیجہ تھا۔
اِسی دوران میں دارلحکومت اسلام آبادکے ڈی چوک میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں پر ایک نامعلوم شخص نے گاڑی چڑھا دی جس سے دو افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ ڈی چوک اسلام آباد جیسے حساس علاقے میں ایسے واقعے کی کوئی سی سی ٹی وی فوٹیج کاسامنے نہ آنا واضح کرتا ہے کہ ہماری مقتدرہ کی پالیساں کیا ہیں ۔
جون میں منعقدہ بھارت کے عام انتخابات میں نریندرا مودی مقبولیت میں کمی کے باوجود مسلسل تیسری مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوئے تو جیسے بی جے پی نے بھارتی اقلیتوں کو عموماً اور مسلمانوں کو خصوصاً پیغام دے دیا کہ بھارت اب صرف ہندؤوں کا ہی ہے اور یوں بھارت میں اقلیتی بے توقیری کے ایک نئے باب کا آغاز ہوگیا۔
جون2024ءمیں سلمان نامی ایک شخص کو سوات کے علاقے مدین میں مبینہ طور پر قرآن مجید کے اوراق جلانے کے الزام میں زندہ جلا دیا گیا۔ حالانکہ ہوٹل میں مقیم اُس شخص کے کمرے سے پولیس کو کوئی ایسی شہادت نہیں ملی تھی۔اِس طرح کے واقعات میں انتہائی تشویش ناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے کہ لوگ اپنے ذاتی بدلے لینے کے لئے توہین رسالت یا توہین مذہب ،یا اہانت قرآن کا رنگ دے کر اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل کر لیتے ہیں۔ یقیناً یہ حکومت کا فرض ہے کہ اِس طرح کے واقعات کو روکے مگر بطور شہری ہمیں بھی اپنی اصلاح کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
مہنگائی کو ختم کرنے کا دعویٰ کرنے والی پاکستانی حکومت نے گزشتہ مالی سال 24-2023ء کا اکنامک سروے آف پاکستان اوراگلے دن 25-2024ء کا بجٹ پیش کیا تو معلوم ہوا کہ دنیا کی پانچویں بڑی آبادی کے حامل ملک کی شرح نمو صرف31.2 فیصد رہی جوشاید ہمارے خطہ ہی نہیں دنیا کے ترقی پذیر ممالک میں کم ترین ہو۔ سرکاری اعدادو شمار نے بتایا کہ پاکستان کی فی کس آمدن 1680 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ ہماری حسرت ہی رہی کہ اُس خواب سے بیدار نہ ہوں جس میں ملک کا ہر فرد سالانہ ساڑھے چار لاکھ روپے سے زیادہ کما رہا ہو!۔ سرمایہ کاری کی تمام جزیات تو بری طرح گرتی نظر آئیں مگر فارمولہ کچھ ایسا لگایا گیا کہ سرمایہ کاری بڑھتی ہوئی محسوس ہوتی رہی ۔
جولائی 2024 ء میں قادیانی مبارک ثانی کیس کا فیصلہ عدالت اعظمیٰ نے سُنا کر امتناع قادیانیت آرڈیننس اور فتنہ قادیانیت کی بیخ کے حوالے سے ماضی کے فیصلوں کی سراسر خلاف ورزی کی گئی ۔حالانکہ7ستمبر 1974ء کو پاکستان کی قانون ساز اسمبلی نے نبوت کے جھوٹے دعوے دار اور اُس کے پیروکاروں کے حوالے سے دینی تعلیمات اور اجماع اُمت کے مطابق قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دیا تھا ۔عدل اور شعائر اسلام کی اِس بے توقیری نے مسلمانوں کی بے چینی اور اضطراب میں اضافہ کردیا جس کا مظاہرہ پاکستان ہی نہیں دنیا بھر کے لوگوں نے دیکھا جس کے نتیجے میں بظاہر اِس فیصلے سے رجوع کرکے عوام کو خاموش کردیا گیا ۔ یہ ایک اچھی بات تھی مگرجانتے بوجھتے اسلامی اقدار میں یوں نقب لگانا کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہے ۔اسلامی اقدار میں نقب لگانے کا ایک اور واقعہ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے نصابی کتب میں تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے کیا گیا۔ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان بننے کے بعد سے نصاب تعلیم میں جب بھی تبدیلی کی گئی ،آنے والی نسلوں پر اُس کےاثرات مثبت نہیں پڑے بلکہ اس کا تمام تر فائدہ کسی اور کو ہی پہنچا ہے۔
8اکتوبر 2023ء کو شروع ہونے والی اسرائیلی جارحیت اور درندگی نے حماس کے رہنما اسمائیل ہنیہ کو جولائی کے آخر میں شہید کردیا۔اِس سے قبل اسرائیلی افوج ہنیہ کے خاندان کے 60 افراد کو شہید کرچکی تھی۔ اسرائیلی حکام کا خیال تھاکہ ہنیہ کی شہادت سے حماس کی تحریک ختم ہوجائے گی ، مگر اِس شہادت سے تو تحریک میں جیسے مزید جان پڑ گئی۔ اگست کے آخر میں اسرائیل نے مقبوضہ فلسطین کے مغربی کنارے میں جس طرح قتل عام کیا اس کی مثال شاید تاریخ میں موجود نہیں،اسرائیلی وزیر قومی سلامتی اتمار بن غفیر نے ایک بیان میں کہا کہ مسجد اقصیٰ میں یہودی عبادت گاہ تعمیر کی جائے گی مگر مسلم ممالک میں سے کسی ایک کو بھی توفیق نہیں ہوئی کہ وہ بڑھ کر ظالم کا ہاتھ روکے یا کم از کم اسکی مذمت ہی کردے ۔اسرائیلی جارحیت کا نا رکنے والا سلسلہ لبنان میں سائبر حملوں کی صورت میں سامنے آیا تو ہر شخص ہی پریشان نظرآیا کہ اب تو وہ بھی محفوظ نہیں ہے اورکسی بھی وقت اُس کی جیب میں پڑا سیل فون ایک بم کی طرح پھٹ کر اُس کی جان لے سکتا ہے ۔لبنان میں اسرائیلی سائبر دہشتگردی سے چند روز قبل ہی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطین کی جانب سے پیش کی گئی ایک قرار داد منظور کی تھی جس میں اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ 12 ماہ کے اندر مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے اپنی غیر قانونی موجودگی کو ختم کرے ۔لبنان پر سائبر حملوں کے چند دنوں کے اندر ہی وہاں پر باقاعدہ جنگ شروع کردی گئی ۔ اسی دوران میں حماس کے نئے سربراہ یحییٰ سنوار کو بھی ٹارگٹ کرکے شہید کرکے دنیا پر واضح کردیا کہ اسرائیل غزہ کو صفحہ ہستی سے مٹا نےپر تلا ہوا ہے اور جنگ کو پوری دنیا پر پھیلانا چاہتا ہے مگر اہل غزہ نے بھی یہ ثابت کیا کہ اُنہیں جتنا زیادہ دبایا جائے گا وہ اتنا ہی زیادہ اُبھریں گے۔
ستمبر کے مہینے میں آئی ایم ایف نے سخت ترین شرائط پر سودی قرض کی منظوری دی تو میڈیا پر حکومتی بھنگڑے قابل دید تھے ۔آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن کو قبول کرکے خود کو سامراجی غلامی میں دینےکے جو فوائد عوام کو بتائے گئے یہ اُس حکومت کا ہی کام تھا۔
اکتوبر میں عالمی شہرت کے حامل سکالر ڈاکٹر ذاکر اے نائیک پاکستان کے دورہ پر آئے تو خاص طور پر قرآن اکیڈمی میں آکر فرزندان ِ بانی تنظیم سے بھی ملاقات کی۔یہ ملاقات دونوں فریقین کے لئے بیک وقت باعث اعزاز تھی ۔ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کراچی ،لاہور اور اسلامآباد میں وقت گزارا اور کئی اجتماعات سے خطاب کیا ۔
ملک میں 26ویں آئینی ترمیم کا بل منظور ہونے سے قبل جس طرح کی بے چینی اور بے یقینی کی صورتحال تھی اُس کی شدت لاہور کے ایک نجی تعلیمی ادارے کی ایک طالبہ کے ساتھ جنسی زیادتی کی خبر نے بہت کم کردی۔ عوام الناس اِسی بحث میں اُلجھے رہے کہ اُس طالبہ کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے یا نہیں اوراِسی شور میں مقننہ میں 26ویں آئینی ترمیم کا بل پاس بھی ہوگیا جس کے بارے میں تصور کیا گیا تھا اس بل کا پاس ہونا بہت مشکل ہے ۔
اکتوبر کے اختتام پر صوبہ بلوچستان اور خیبر کے پی کے میں ایک مرتبہ پھرسیکورٹی فورسزپردہشتگرد حملے کئے گئے جس میں ملک عزیز کا وہ نقصان ہواجو کہ نہیں ہونا چاہئے تھا ۔دہشتگردی کی اِس نئی لہر میں ملوث مجرم اور اُن کے بیرونی سہولت کارملک کو بڑا نقصان پہنچانے کے در پے نظر آئے ۔
نومبر کے مہینے میں ڈونلڈ ٹرمپ حسبِ توقع امریکہ کے صدر منتخب ہو گئے ۔نو منتخب صدر نے بے شک ابھی تک اپنے دفتر تک نہیں پہنچے ہیں مگر پاکستان سمیت عالمی سیاست پر اِس کے اثرات ظاہر ہونا شروع ہوچکے ہیں اور مزید آتے بھی رہیں گے ۔بے شک امریکہ کی یہ خواہش ہے کہ پاکستان اور افغانستان آپس میں گھتم گھتا ہو جاہیں اور خراساں وہ خطہ کہیں تشکیل نہ پا جائے جس کے بارے میں احادیث میں بشارت آئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف جو گزشتہ دو سالوں سے سڑکوں پر احتجاج کرنے میں مصروف ہے نے جس طرح بہت ہی مختصر وقت میں آخری کال دی ، اُس سے بعض حلقے یہ سمجھنے پر مجبور ہوگئے کہ یہ سب بھی ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کا نتیجہ ہے ۔اس حوالے سے حتمی دلائل اور ثبوت تو ابھی آنا ہیں مگر اِس آخری کال کوجس طرح “شٹ اپ” کیا گیا،وہ انتہائی قابل تنقید وتعزیر ہے۔
دسمبر کے شروع میں شام میں بشار حکومت کی شام ہوئی تو ایک مرتبہ پھر سے عالمی سیاست میں ایک واضح تبدیلی نظر آئی۔بعض حلقوں میں اس کو بھی نومنتخب صدر ٹرمپ سے جوڑا گیاجس کے درست یا غلط ہونے کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔تاہم یہ ضرور ہے کہ بشار الاسد کی حکومت کے جانے سے گریٹر اسرائیل کے حصول کی راہ کسی حد تک ہموار ہوتی ہوئی محسوس ہوئی ہے ۔
کاش کہ ہم ان سے کچھ سبق حاسل کرسکیں اور آئندہ سے ایسی غلطیاں نہ کریں جو ہمیں نیچے سے نیچے اور منزل سے دور دراز لے جائیں۔
۔۔۔۔