10

*دعا کی قبولیت کے اہم اور آزمودہ اصول درج ذیل ہیں*

*دعا کی قبولیت کے اہم اور آزمودہ اصول درج ذیل ہیں*

منگل 21 جولائی 2026
تحقیق و تحریر:
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

اول: دعاء کا مسنون طریقہ اور ترتیب

دعا مانگنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ اس کی ابتدا اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا اور اس کی عظمت کے اعتراف سے کی جائے۔ اس کے بعد اول و آخر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود شریف پڑھا جائے اور اپنے گناہوں سے سچی توبہ و استغفار کی جائے۔

محدثین فرماتے ہیں کہ دو درود پاک کے درمیان مانگی گئی دعاء اللہ کی بارگاہ سے رد نہیں ہوتی۔

دوم: اسم اعظم اور عجز و انکساری کا وسیلہ
اللہ تعالیٰ کے مبارک ناموں یعنی اسم اعظم کے وسیلے سے مانگی جانے والی دعاء جلدی قبول ہوتی ہے۔ جب بندہ اپنی تمام تر انا اور تکبر کو توڑ کر، اپنے عجز، بے بسی اور لاچاری کا اعتراف کرتے ہوئے پروردگار کو پکارتا ہے تو اللہ کی رحمت جوش میں آ جاتی ہے۔

سوم: کامل یقین اور دل کی حضوری
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ اللہ سے اس حال میں دعا مانگو کہ تمہیں اس کی قبولیت کا پورا یقین ہو۔ دعا مانگتے وقت دل میں ذرہ برابر بھی شک نہیں ہونا چاہیے اور نہ ہی دل غافل ہونا چاہیے، بلکہ یہ پختہ امید ہونی چاہیے کہ رب کریم میری پکار سن رہا ہے اور عطا فرمائے گا۔

چہارم: رزق حلال کی پاکیزگی
قبولیت دعاء کے لیے رزق حلال بنیادی شرط ہے۔ حلال روزی انسان کے دل میں وہ نور اور پاکیزگی پیدا کرتی ہے جس سے دعا کی تاثیر بڑھ جاتی ہے، جبکہ حرام کا لقمی دعاء کی قبولیت کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بنتا ہے۔

پنجم: قبولیت کے خاص اوقات کی تلاش
کچھ اوقات دعاء کی قبولیت کے لیے خاص طور پر مقرر ہیں، جیسے رات کے اخری حصے یعنی تہجد کا وقت، فرض نمازوں کے سجدوں میں، التحیات کے بعد سلام سے پہلے، اذان اور اقامت کے درمیانی وقفے میں، اور جمعہ کے دن عصر سے مغرب کے درمیان کا وقت۔

ششم: بھائی کے لیے بھائی کی غائبانہ دعاء ۔
جب کوئی بندہ اپنے کسی بھائی کے لیے اس کی غیر موجودگی میں دعا مانگتا ہے تو فرشتے اس دعا پر آمین کہتے ہیں اور مانگنے والے کے لیے بھی وہی خیر و برکت مانگتے ہیں۔ فرشتوں کی دعا اللہ کی بارگاہ میں جلد قبول ہوتی ہے۔

الدعاء
یا اللہ تعالی مجھے مستجاب الدعوات بنا دہے

آمین یا رب العالمین۔
Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 00923008604333

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں