November 18, 2026

*پاکستان میں نفاذ اسلام اور بیاہ شادی کی ہندوانہ رسومات*

Screenshot_2026-07-13_063630.715

*پاکستان میں نفاذ اسلام اور بیاہ شادی کی ہندوانہ رسومات*

پیر 13 جولائی 2026
تحقیق و تحریر:
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

آج پاکستان کو بنے ہوئے 79 سال ہو چکے ہیں اور ہم نے یہ ملک کلمہ لا الہ الا اللہ محمد الرسول اللہ کی بنیاد پر لیا تھا لیکن آج تک ہم نہ تو وطن عزیز میں نفاذ اسلام کر سکے اور نہ ہی ہندوانہ رسم و رواج چھوڑ سکے۔ بیاہ شادی اور مرنے پرنے پر وہ سب رسمیں رہیں جو صحابہ اکرام کے دور میں تھیں باقی سب رسمیں ختم کر دیں جائیں اور یہی عین اسلام ہے۔ موجودہ دور میں ہماری معاشرتی رسم و رواج نے اسلام کی خوبصورت اور آسان تعلیمات کو اس حد تک بوجھل بنا دیا ہے کہ ایک عام آدمی کے لیے عزت کے ساتھ جینا اور مرنا بھی مشکل ہو چکا ہے۔ اسلامی معاشرے سے شادی بیاہ، فوتگی اور معاشرتی فضول رسمیں ختم ہونی چاہیئں جن سے معاشرے پر فنانشلی اور غیر ضروری اخراجات ختم ہو جائیں اور معاشرہ خوشحال ہو جائے۔

اسلاف کا طرزِ زندگی:
عہدِ رسالت مآب ﷺ اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا دور ہمارے لیے وہ روشن مینار ہے جہاں عبادات سے لے کر خاندانی و معاشرتی معاملات تک ہر چیز میں سادگی کا حسن نظر آتا ہے۔ لیکن افسوس کہ جیسے جیسے ہم اس سنہرے دور سے دور ہوتے گئے، ہم نے غیر اسلامی اور ہندوانہ رسومات کو اپنے معاشرے کا حصہ بنا لیا، جس کے نتیجے میں آج ہمارا پورا معاشرہ مالی اور نفسیاتی بحران کا شکار ہے اور اوپر سے کمر توڑ مہنگائی نے عزت سے جینا دوبھر کر دیا ہے۔

نکاح مسجد میں اور بارات کا خاتمہ:
اسلامی تعلیمات کے مطابق نکاح ایک انتہائی مقدس اور سادہ ترین عہد ہے، لہذا نکاح مسجد میں ہو۔ نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے کہ نکاح کا اعلان کرو اور اسے مسجدوں میں سرانجام دو۔ مسجد میں نکاح کرنے سے نہ صرف برکت حاصل ہوتی ہے بلکہ فضول خرچی کا خاتمہ بھی ہوتا ہے۔ یاد رہے اسلام میں بارات کا کوئی تصور نہیں۔ یہ سراسر ایک ہندوانہ معاشرتی بوجھ ہے جس کا شریعت سے کوئی تعلق نہیں۔

دلہن کے گھر کھانے کی ممانعت اور جہیز کی لعنت:
ہمارے معاشرے کی سب سے بڑی برائیوں میں سے ایک لڑکی والوں پر کھانے کا بوجھ ڈالنا اور جہیز کا مطالبہ کرنا ہے۔ یاد رہے کہ دلہن کے گھر کھانے کا کوئی تصور نہیں۔ لڑکی والے پہلے ہی اپنی بیٹی کی رخصتی کے غم میں ہوتے ہیں، ایسے میں ان پر سیکڑوں باراتیوں کے شاہانہ کھانے کا بوجھ ڈالنا مروجہ دور کا ایک بڑا ظلم ہے۔ اسی طرح جہیز کی لعنت کا اسلام میں کوئی ذکر تک نہیں ہے۔ لڑکی کو اس کے شرعی حقوق (جیسے وراثت میں حصہ) دیے جانے چاہئیں، نہ کہ نمائش کے لیے سامان کا ڈھیر لگایا جائے۔

مہر اور ولیمہ کی شرعی حیثیت:
بس مہر اور ولیمہ اسلام میں ضرور ہے۔ مہر عورت کا شرعی حق ہے جو اسے خوشی سے ادا کیا جانا چاہیے۔ ولیمہ سنتِ رسول ﷺ ہے، لیکن ولیمے کے لیے شادی ہال اور مارکی کے فضول خرچے کا کوئی تصور نہیں۔ ولیمہ تو چٹائی پر بیٹھ کر کھجور اور ستو سے بھی ہو سکتا ہے، بشرطیکہ اس میں غریبوں کو شامل کیا جائے نہ کہ صرف امراء کی دعوت ہو۔
جس ولیمے میں غریب شامل نہیں وہ ولیمہ نہیں۔

صحیح بخاری کی روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بدترین کھانا اس ولیمے کا کھانا ہے جس میں صرف امیروں کو دعوت دی جائے اور غریبوں کو چھوڑ دیا جائے(حدیث)

عرب معاشرے کا نمونہ:
یاد رہے کہ عرب معاشرہ آج بھی اصل اسلامی روایات پر قائم ہے۔ وہاں نکاح مساجد یا عائلی عدالتوں میں سادگی سے ہوتے ہیں، ولیمہ مردوں کی ایک سادہ محفل تک محدود ہوتا ہے، اور لڑکی والوں پر کسی قسم کا مالی بوجھ نہیں ڈالا جاتا۔ یہی وجہ ہے کہ وہاں شادیاں محفوظ ہے۔

حاصلِ کلام:
معاشرے کو خوشحال, پرامن اور مالی بوجھ سے آزاد بنانے کا واحد حل یہی ہے کہ ہم تمام خود ساختہ رسومات کو یکسر مسترد کر دیں اور صرف اسی راستے کو اپنائیں جو صحابہ کرام کا طریقہ تھا۔ جب نکاح آسان ہوگا تو معاشرے سے بے حیائی کا خاتمہ ہوگا اور جب فضول رسومات ختم ہوں گی تو ہر خاندان خوشحال ہوگا۔

وطن عزیز میں اسلام قوانین اور نظام صلاۃ نافذالعمل کرنے کے لئے حکومت وقت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

وما علینا الا البلاغ المبین

الدعاء
اللہ تعالیٰ ہم سب کو دینِ حق کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے، اور ہمارے معاشرے کو ان فضول اور بوجھل رسومات سے نجات دلائے۔
​
آمین یا رب العالمین
Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 0092300860 4333