*صارف سے صانع تک: مسلم امہ کے جمود کا المیہ اور فکری انقلاب کی ضرورت*
*صارف سے صانع تک: مسلم امہ کے جمود کا المیہ اور فکری انقلاب کی ضرورت*
جمعہ 10 جولائی 2026
تحقیق و تحریر:
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
کائنات کا ذرہ ذرہ متحرک ہے اور خالقِ کائنات کی طرف سے تخلیق کا عمل مسلسل جاری ہے۔ علامہ اقبال نے اسی حقیقت کو یوں بیان کیا تھا کہ شاید یہ کائنات ابھی نامکمل ہے کیونکہ اس میں ہر لمحہ تغیر اور ارتقا ہو رہا ہے۔ لیکن اس متحرک کائنات میں اگر کوئی قوم جمود کا شکار ہو کر صرف وقت گزاری کو اپنا مقصد بنا چکی ہے، تو وہ بدقسمتی سے مسلم امت ہے۔ آج مسلمان دنیا کی آبادی کا ایک بڑا حصہ ہونے کے باوجود ایجاد و اراضی کی دنیا میں پیچھے رہ گئے ہیں اور تخلیق کار (Producer) کے بجائے محض ایک صارف (Consumer) بن کر زندگی گزار رہے ہیں۔
*اپنے ارد گرد کا جائزہ: ایک تلخ آئینہ*
اگر ہم کسی بھی مصلحت اور جھوٹی انا کو پسِ پشت ڈال کر صرف اپنے کمرے میں موجود اشیاء پر نظر دوڑائیں، تو حقیقت کھل کر سامنے آ جاتی ہے۔ ہماری صبح کا آغاز جس الیکٹرانک الارم یا موبائل فون سے ہوتا ہے، جس بجلی کے بلب سے ہمارا کمرہ روشن ہے، جس پنکھے یا ایئر کنڈیشنر سے ہم راحت پاتے ہیں، اور جس کمپیوٹر یا قلم سے ہم اپنی سوچ کو کاغذ پر منتقل کرتے ہیں؛ ان میں سے کتنی چیزیں ہیں جو مسلمانوں کی اپنی ایجاد یا صنعت کا نتیجہ ہیں؟
نہایت ایمانداری اور افسوس کے ساتھ یہ تسلیم کرنا پڑتا ہے کہ اس مادی دنیا کی تقریباً تمام تر سہولیات اور ایجادات غیروں کی شبانہ روز محنت، سائنسی تحقیق اور مادی جدوجہد کا ثمر ہیں۔ ہم ان کے بنائے ہوئے راستوں پر چل رہے ہیں، ان کی ایجاد کردہ ادویات سے شفا پا رہے ہیں، اور ان کی بنائی ہوئی ٹیکنالوجی کے محتاج ہیں۔ کام سے جی چرانا، سستی کو اپنا شعار بنانا اور پھر بھی کامیابی کا یقین رکھنا ایک ایسی فکری بیماری ہے جس نے مسلم قوم کو اپاہج بنا دیا ہے۔
اسلاف کی وراثت اور یورپ کا عروج:
تاریخ کا یہ رخ انتہائی درخشاں ہے کہ ایک وقت تھا جب دنیا اندھیروں میں ڈوبی ہوئی تھی اور مسلمان سائنسدان علم و حکمت کے چراغ روشن کر رہے تھے۔ الجبرا کے بانی الخوارزمی ہوں، کیمسٹری کے جابر بن حیان، ٹرگنومیٹری اور فلکیات پر کام کرنے والے البتانی اور الطوسی ہوں، یا راکٹ سائنس اور حکمت کی بنیادیں رکھنے والے دیگر مسلم مفکرین؛ ان سب نے دنیا کو جدید ٹیکنالوجی کا بنیادی ڈھانچہ فراہم کیا۔
اہلِ یورپ نے مسلمانوں کے اس علمی سرمائے کو ضائع نہیں ہونے دیا، بلکہ انہوں نے ان فراہم کردہ بنیادوں پر تحقیق کی عمارت کھڑی کی۔ انہوں نے سائنسی اصولوں کو کتابوں سے نکال کر انڈسٹری (صنعت) کی شکل دی، کارخانے لگائے، خام مال کو کارآمد مصنوعات میں بدلا اور پھر وہی مصنوعات تیار کر کے خود مسلمانوں کو ہی مہنگی قیمتوں پر بیچ دیں۔ مسلمانوں نے علم کو صرف پڑھنے کی حد تک رکھا، جبکہ یورپ نے اس علم کو عمل اور مصنوعات میں تبدیل کر کے دنیا پر اپنی معاشی اور سیاسی حاکمیت قائم کر لی۔
ترقی پذیر اور ترقی یافتہ کا اصل فرق:
ٹیکنیکل مین پاور دنیا میں ممالک کو دو حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے: ترقی پذیر اور ترقی یافتہ۔ بظاہر دونوں جگہوں پر انسان موجود ہیں اور افرادی قوت (Manpower) کی کمی نہیں ہے، لیکن اصل فرق سائنسی اور ٹیکنیکل مین پاور کا ہے۔
جو ممالک صرف اپنے قدرتی وسائل اور خام مال (جیسے تیل، گیس، کپاس، یا معدنیات) کو اسی حالت میں دوسرے ممالک کو سستے داموں بیچ دیتے ہیں، وہ ترقی پذیر ہی رہتے ہیں۔ اس کے برعکس، ترقی یافتہ ممالک اس خام مال کو خریدتے ہیں، اپنی ٹیکنیکل افرادی قوت اور جدید انڈسٹری کے ذریعے اسے ریفائنڈ پروڈکٹس (تیار مصنوعات) میں تبدیل کرتے ہیں اور پھر دنیا بھر میں مہنگے داموں فروخت کر کے دولت اور طاقت سمیٹتے ہیں۔
یہ ٹیکنیکل افرادی قوت ہی کسی قوم کا اصل اثاثہ ہوتی ہے جو خام لوہے کو مہنگی گاڑیوں، اور ریت کے ذرات کو قیمتی کمپیوٹر چپس میں تبدیل کرنے کا ہنر جانتی ہے۔ یہی قومیں ترقی کی معراج پر پہنچ کر دنیا کے نظام کو کنٹرول کرتی ہیں۔
انتخاب ہمارا ہے: معیارِ زندگی یا دائمی چاکری؟
آج مسلم امت ایک اہم ترین موڑ پر کھڑی ہے جہاں اسے ایک واضح انتخاب کرنا ہوگا۔ کیا ہم ہمیشہ کے لیے ترقی پذیر رہ کر، اپنے وسائل کو غیروں کے ہاتھ سستا بیچ کر اور درماندہ ہو کر ترقی یافتہ ممالک کی معاشی چاکری اور غلامی کرنا چاہتے ہیں؟ یا پھر ہم اپنے اسلاف کی طرح علم و تحقیق کے میدان میں اتر کر، ٹیکنیکل مین پاور پیدا کر کے اور اپنی انڈسٹری کو مضبوط بنا کر اپنا معیارِ زندگی بلند کرنا چاہتے ہیں؟
غلامی صرف سیاسی نہیں ہوتی، معاشی اور تکنیکی غلامی اس سے کہیں زیادہ خطرناک ہوتی ہے۔ جب تک ہم دوسروں کی مصنوعات کے محتاج رہیں گے، ہماری آزادی اور خودداری ہمیشہ داؤ پر لگی رہے گی۔
جمود توڑنے کا وقت:
اب وقت آ گیا ہے کہ مسلم قوم اپنے خون کو گرمائے اور خوابِ غفلت سے بیدار ہو۔ سائنسی تعلیم، تکنیکی مہارت، اور صنعتی انقلاب کے بغیر عزت کی زندگی ممکن نہیں ہے۔ ہمیں محض باتیں کرنے اور ماضی کے قصے سنانے کے بجائے عملی میدان میں آنا ہوگا۔ ہماری یونیورسٹیوں، انجنئیرز، اور محققین کو صرف ڈگریوں کے حصول کے لیے نہیں بلکہ ایسی مصنوعات اور ٹیکنالوجی بنانے کے لیے کام کرنا ہوگا جو دنیا میں ہماری پہچان بن سکیں۔
اگر آج بھی اس قوم کو غیرت نہ آئی اور ہم سرگرمِ عمل نہ ہوئے، تو تاریخ کا دھارا ہمیں مزید پیچھے دھکیل دے گا۔ کائنات کی ہر صدا ہمیں پکار پکار کر کہہ رہی ہے کہ حرکت میں برکت ہے اور مسلسل جدوجہد ہی بقا کا واحد راستہ ہے۔ چاکری کی زندگی سے نکل کر صانع اور تخلیق کار بننے کا عزم ہی ہمیں دوبارہ دنیا کی امامت کا حقدار بنا سکتا ہے۔
الدعاَء:
خدا تجھے کسی طوفان سے آشنا کر دے
کہ تیرے بحر کی موجوں میں اضطراب نہیں
Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 0092300860 4333