November 19, 2026

*نعت نیوز کے زیر اہتمام پیرزادہ سید خالد حسن رضوی کی کتاب “ندائے دوست” کی پذیرائی اور محفل نعت کا انعقاد*

IMG-20261119-WA0076

*نعت نیوز کے زیر اہتمام پیرزادہ سید خالد حسن رضوی کی کتاب “ندائے دوست” کی پذیرائی اور محفل نعت کا انعقاد*

(رپورٹ: جاوید صدیقی) نعت نیوز کے زیر اہتمام اردو لغت بورڈ کے تعاون سے پیرزادہ سید خالد حسن رضوی کے مجموعہ نگارشات ” ندائے دوست” کی تقریب پذیرائی کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر حلقہء نعت کی پرخلوص شخصیت اور محافل کےبا ذوق سامع شمشاد بیگ مرحوم کی پہلی برسی کی مناسبت سے ایصال ثواب کے لیے محفل نعت کا انعقاد بھی کیا گیا۔ تقریب کی صدارت سید شاہ اسد اللہ جنیدی نے فرمائی۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے پیرزادہ سید خالد حسن رضوی اور قادری فاؤنڈیشن کے چیئرمین برکت قادری شریک ہوئے۔ تقریب میں ندائے دوست کے بارے میں مفتی نوید عباسی، علامہ فیصل عزیز بندگی، ڈاکٹر کامران قریشی، طارق بن آزاد اور زکریا شیخ اشرفی نے گفتگو کی۔ مفتی نوید عباسی نے کتاب کے مشمولات میں سے بالخصوص محبت اہلبیت کے زاویے کو نمایاں کیا اور ٹائٹل میں درج آیت کی مناسبت سے تدبر کے بارے میں بات کی۔ ڈاکٹر کامران قریشی نے الحاد کے رد کے سلسلے میں کتاب کے مندرجات کو نئی نسل تک پہنچانے کی اہمیت پر زور دیا، علامہ فیصل بیگ عزیزی نے شذرات کتاب میں شامل تصوف کے پہلووں کو اجاگر کیا جبکہ زکریا شیخ اشرفی نے صاحب کتاب کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ مرحوم شمشاد بیگ صاحب سے اپنے دیرینہ تعلقات اور محافل نعت میں ان کی باذوق شرکت کا تذکرہ کیا، ان کی طرح دیگر مقررین نے بھی شمشماد بیگ مرحوم سے محافل کے توسط سے دوستانہ تعلقات کو یاد کیا اور ان کے لیے کلمات خیر پیش کیے۔ تقریب پزیرائی میں گفتگو کے ساتھ ساتھ نعت خوانی کا سلسلہ بھی جاری رہا جس میں معروف ثنا خوان ناصر عزیز، مسرور کیفی نعت اکیڈمی کے روح و رواں ابرار حسین، زکریا شیخ اشرفی و دیگر نے گلہائے عقیدت پیش کیے۔ محفل کے اختتام پر نعت نیوز کی جانب سے زکریا شیخ اشرف نےصدر محفل شاہ اسد اللہ جنیدی،مہمان خصوصی برکت قادری اور مہمان گرامی علامہ فیصل عزیزی، مفتی نوید عباسی، ڈاکٹر حسن امام، مرحوم شمشاد بیگ کے دیرینہ دوست سلطان احمد جہانگیر، علامہ فیضان فیضی، معروف صحافی اور کالم نویس جاوید صدیقی، عامر قائم خانی، ابرار حسین ، سلیم قادری برادر عزیز الدین خاکی اور پیر محمد کاشف نقشبندی کی خدمت میں اجرک اور کتاب ندائے دوست کا تحفہ پیش کیا جبکہ پیرزادہ سید خالد حسن رضوی کی خدمت میں اجرک کے ساتھ نعت نیوز اور اردو لغت بورڈ کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ سلام سے قبل مہمان خصوصی پیرزادہ سید خالد حسن رضوی صاحب نے ندائے دوست کی مقصدیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب میرے مضامین اور ان لیکچرز کا مجموعہ ہے جو کہ میرے بچوں کے لئے تھا ۔ میرے بچوں نے ان تمام لیکچرز اور مضامین کو یکجا کر کے اسے کتاب کی شکل دی تاکہ آنے والی نسلیں استفادہ کریں انہوں نے مزید کہا کہ یہ کتاب آپ کو تفکر کرنے کی دعوت دیتی ہے اور اس کتاب کا پیغام یہ ہے کہ آپ کتاب اللہ کو سمجھ کر پڑھیں اس پہ غور کریں اور اللہ کے احکام کے مطابق اپنی زندگی بسر کریں۔ صدارتی خطبہ پیش کرتے ہوئے سید شاہ اسد اللہ جنیدی نے فرمایا کہ ہماری نسل نو سوشل میڈیا کی وجہ سے الحاد کا شکار ہورہے ہیں ایسے میں ہمیں اپنے بچوں کی تربیت پر خصوصی توجہ دینی چاہیے اور ندائے دوست اس حوالے سے ایک رہنما کتاب ثابت ہوگی۔ محفل کے اختتام پر ہدیہء درود سلام پیش کیا گیا اور مفتی نوید عباسی نے خصوصی دعا فرمائی۔