November 19, 2026

آخر عورت ہی بَلی کا بکرا کیوں بنتی ہے؟

Screenshot_2026-11-11_204620.518

آخر عورت ہی بَلی کا بکرا کیوں بنتی ہے؟

یہ سوال میں آج کسی ایک عورت کے لیے نہیں، بلکہ پورے معاشرے کے سامنے رکھ رہی ہوں: آخر جب کوئی غلطی ہوتی ہے، کوئی سانحہ پیش آتا ہے، کوئی رشتہ ٹوٹتا ہے، کوئی گھر بکھرتا ہے یا کوئی مرد اپنے کردار کی ذمہ داری سے گریز کرتا ہے تو انگلی اکثر عورت ہی کی طرف کیوں اٹھتی ہے؟

عورت نے آخر کیا کیا ہے؟

وہ بیٹی تھی تو کہا گیا کہ زیادہ نہ بولو۔
بہن تھی تو کہا گیا کہ گھر کی عزت کا خیال رکھو۔
بیوی بنی تو کہا گیا کہ شوہر کو خوش رکھنا تمہاری ذمہ داری ہے۔
ماں بنی تو کہا گیا کہ اولاد کی تربیت میں کمی تمہاری ہے۔
اور اگر کبھی وہ اپنے حق کے لیے کھڑی ہو جائے تو فوراً فیصلہ صادر کر دیا جاتا ہے: “یہ عورت بہت آزاد ہو گئی ہے۔”

آخر عورت ہر بار کٹہرے میں کیوں کھڑی ہوتی ہے؟

ہم نے عورت کو ایک عجیب سماجی منصب دے رکھا ہے۔ اسے گھر کی عزت کی محافظ بھی بنانا ہے، رشتوں کو جوڑنے کی ذمہ داری بھی اسی پر ڈالنی ہے، اولاد کی تربیت بھی اسی کے ذمے ہے، شوہر کی کامیابی کا سہرا بھی اسی کے سر باندھنا ہے اور گھر کے مسائل کا ملبہ بھی اسی پر ڈال دینا ہے۔

مگر مرد؟

اس سے اکثر صرف یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ مرد ہے، اس لیے اس کی بہت سی غلطیوں کو “مردوں سے ہو جاتا ہے” کہہ کر نظرانداز کر دیا جائے۔

یہ دوہرا معیار صرف عورت کو نہیں، پورے معاشرے کو متاثر کرتا ہے۔

ہم بیٹی کو غیرت کے نام پر خاموش کرواتے ہیں، مگر بیٹے کی بدتمیزی کو “لڑکے ہیں” کہہ کر نظرانداز کر دیتے ہیں۔

ہم بیٹی سے کہتے ہیں کہ سسرال میں برداشت کرنا، مگر بیٹے کو یہ نہیں سکھاتے کہ بیوی بھی ایک انسان ہے؛ اس کے بھی خواب، عزت، رائے اور حدود ہیں۔

ہم عورت کو صبر کا درس دیتے دیتے یہ بھول جاتے ہیں کہ صبر اور ظلم سہنے میں فرق ہوتا ہے۔

عورت کو ہمیشہ قربانی کی علامت کیوں بنایا گیا؟

کبھی ماں کی قربانی، کبھی بیوی کی قربانی، کبھی بہن کی قربانی اور کبھی بیٹی کی قربانی۔

جیسے عورت کا مقدر ہی یہ ہو کہ وہ اپنی خواہشات، اپنی تعلیم، اپنے خواب اور اپنی ذات قربان کرتی رہے تاکہ باقی سب خوش رہیں۔

لیکن میں قربانی کے اس یک طرفہ تصور سے اختلاف کرتی ہوں۔

رشتے قربانی سے نہیں، احترام، ذمہ داری اور باہمی سمجھوتے سے قائم رہتے ہیں۔

اگر ایک شادی ناکام ہو تو صرف عورت کو قصوروار قرار دینا انصاف نہیں۔

اگر ایک بچہ بگڑ جائے تو صرف ماں کو ذمہ دار ٹھہرانا انصاف نہیں۔

اگر کوئی بیٹی اپنی زندگی کا فیصلہ خود کرنا چاہے تو اسے باغی کہنا انصاف نہیں۔

اور اگر کوئی عورت ظلم کے خلاف آواز اٹھائے تو اس کی آواز کو “گھر توڑنے والی عورت” کہہ کر دبا دینا بھی انصاف نہیں۔

ہمیں ایک دن یہ سوال ضرور پوچھنا ہوگا کہ ہم عورت سے آخر چاہتے کیا ہیں؟

ایک ایسی عورت جو تعلیم یافتہ بھی ہو مگر زیادہ س