33

عطاے رب ہے شکر کر پیارے اور حکم ربی ہے کہ ہم نے انسان کو بہترین شکل دے کر پیدا کیا.

عطاے رب ہے شکر کر پیارے
اور حکم ربی ہے کہ ہم نے انسان کو بہترین شکل دے کر پیدا کیا.
کبھی آپ نے غور فرمایا کہ مالک کاینات کی بنای ہوی ہر تخلیق ہی حسن کی معراج ہے اور انتہائی خوبصورت ہے. جانوروں کے بال اور پرندوں کے پر کیا خوشنما ہیں اور کتنے دیدہ زیب ہیں. درختوں کے پتے اور پھولوں کے رنگ کیا لگتا نہیں کہ انھیں رنگ و روپ دینے والا انھیں خوشبو کی سوغات دینے والا خود کتنا حسین اور حسن پرست ہوگا اور جب آدم کو تخلیق کرنے کی سوچی تو حسن کے سارے داو پیچ اس ایک حسن کے پتلے پہ……………………………
آزما دیے اور انسانی حسن بلاشبہ حسن کی انتہا وں پہ ہے اور غور فرمائیے کہ اس نے کیسے کالے گورے اور سانولے لوگ پیدا کیے. جب اللہ پاک نے آدم کو تخلیق کرنے کا سوچا تو زمین کے مختلف علاقوں کی مٹی لے کر پتلا بنایا اور اس میں اپنی روح پھونک دی یہی وجہ ہے کہ نسل آدم میں رنگ رنگ کے لوگ ہیں کچھ کالے کچھ گورے کچھ سانولے. کچھ کالے بالوں والے کچھ بھورے بالوں والے کچھ گھنگریالے بالوں والے کچھ سیدھے بالوں والے. کچھ نیلی کنچی آنکھوں والے کچھ براون آنکھوں والے کچھ کالی سیاہ آنکھوں والےکچھ کجراری آنکھوں والے کچھ سرو قدکچھ درمیانی قد و قامت والے کچھ کوتاہ قدکچھ ستواں ناکوں والے کچھ پھینے پھینے لوگ کچھ انتہائی خوبصورت کچھ انتہائی معمولی شکل و صورت والے کچھ درمیانی شکل والےکچھ ہرنی کی چال والے کہ چلیں تو لوگوں کو حیران کر دیں کچھ دھیمے دھیمے بول کے ماحول کو مست کر دینے والے کچھ کھنکتی آواز میں جادوگری کے ماہرکچھ گھٹی ہوی آوازیں، روتے ہنستے ہوئے چہرے، کھلے کھلے شاداب چہرے. مے کپ زدہ چہرے. روتی آنکھوں کے ساتھ مسکراتے ہوئے چہرے.
اور غزال آنکھوں کا تو ذکر ہی کیا؟
وقت رخصت غزال آنکھوں نے
رقص بسمل کیا کمال کیا
تو جیسے دادی اماں کہا کرتی تھیں کہ اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کے چہرے پہ منہ، ناک کان اور آنکھیں اپنے حساب سے خوب بنا سجا کے بنای ہیں یا مجھے اپنی ماں کی یہ بات ہر وقت یاد رہتی ہے کہ کسی بھی چہرے یا شکل کو برا مت کہو کہ ہر چہرے پہ اللہ کا ہاتھ پھرا ہواہوتا ہے. قصہ مختصر کہ میں انسانی خدوخال، قد بت، رنگ روپ کو اس کے قدرتی رنگ میں ہی پسند کرتی ہوں. مجھے ان لوگوں پہ بڑی حیرت ہوتی ہے جو اچھے بھلے ہوتے ہوے بھی اپنی ڈینٹنگ پینٹنگ میں خواہ مخواہ ہی وقت اور پیسے کا زیاں کرتے رہتے ہیں. اگر کسی کے بال سیدھے ہیں تو کرلی کروا رہا ہے اگر کسی کے بال گھنگھریالے ہیں تو سیدھے کروا رہا ہے کالے بالوں کو براون اور سفید بالوں کو کالا کرنے کا رواج تو عام تھا اب بالوں کو نیلا. پیلا، لال، جامنی، ہرا. ہر رنگ میں رنگا جا رہا ہے. کالے رنگ کو گورا کرنے کا جھانسہ دے کے لوگوں نے لاکھوں کما لیے. اب کاسمیٹک سرجنز نے لیزر کے نام پہ انسانوں کو گورا کرنے، جوان کرنے،کے لیے اپنے اوزار تیز کر لیے ہیں اور یہ بہت بڑی انڈسٹری ہے .گنجے بالوں پہ بالوں کا چھجا لگوائیں اور جوان نظر آیں. بیوٹی پارلرز اور سکن سپیشلٹس کا زمانہ ہے. موٹاپے سے نجات پانے والے لوگ بھی یک مشت آناً فاناً ہی اپنی سالوں سے اکٹھی کی ہوی چربی سے ایک ہی شفٹ میں چھٹکارا پانا چاہتے ہیں. لایپو سکشن کرواتے کرواتے کیی لوگ جان سے گیے. پندرہ سے پچیس سال کی لڑکیوں کو اپنے دانت سیدھے کروانے کا کریز بھی دن بدن بڑھتا ہی جارہا ہے بریسز بھی ایک اچھا خاصا کمای کا ذریعہ ہے. اور شادی بیاہ پہ دولہن نامی ہستی پہ جو جادو کیا جاتا ہے وہ دنیا کے ہر جادو پہ حاوی ہے. شو بز اور فلم انڈسٹری کی خواتین نے خوبصورتی حاصل کرنے کے نام پہ اپنی اچھی خاصی شکلوں کا خوب ہی بیڑہ غرق کیا ہے. مایکل جیکسن اس بد صورتی اور پلاسٹک سرجری کی جیتی جاگتی مثال ہے. ایک بہت ہی پیاری حسن خداداد سے مالا مال ٹی وی ہوسٹس نے جب اپنی آتما کے سکون کے لیے پلاسٹک سرجری کروا کے ہی دم لیا تو یقین کریں نہ صرف کفران نعمت کی مرتکب ہویں بلکہ اپنی اچھی خاصی شکل کو بھی چڑیل جیسا بنا لیا. آخر میں صرف اتنا کہ چونکہ رب سب کا پالن ہار ہے اس نے لوگوں کی روزی روٹی کے بندوبست کے لیے دنیا کے لوگوں کے مختلف روزگار بنا دیے اور دنیا کے لوگوں کو ہی ان مختلف کاروبارِ حیات کا نشانہ بننے کے لیے چھوڑ دیا ورنہ سچ تو یہی ہے کہ
کوا چلا ہنس کی چال اپنی بھی بھول گیا
ہمیں اپنے رب کا اور اس کی عطا کردہ تمام نعمتوں کا شکر ادا کرنا چاہیے.
آپ سب سلامت رہیں آمین
ڈاکٹر پونم نورین گوندل لاہور
drpunnamnaureen@gmail.com

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں