October 29, 2026

ڈاکٹر ارم اقبال کی بطور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز خوشاب تعیناتی — ایک خوش آئند اور امید افزا اقدام خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

IMG-20260206-WA0209

ڈاکٹر ارم اقبال کی بطور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز خوشاب تعیناتی — ایک خوش آئند اور امید افزا اقدام

خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر ارم اقبال کو بطور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ضلع خوشاب تعینات کیا جانا ایک نہایت خوش آئند، بروقت اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔ یہ تعیناتی نہ صرف ان کی طویل تدریسی و انتظامی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ ضلع خوشاب میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی سمت ایک مضبوط قدم بھی ہے۔
ڈاکٹر ارم اقبال کا شمار ان ماہرینِ تعلیم میں ہوتا ہے جنہوں نے تدریس، تحقیق اور انتظامی امور میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ وہ ایک زیرک، معاملہ فہم اور وژن رکھنے والی تعلیمی شخصیت ہیں، جن کا تعلیمی سفر نظم و ضبط، میرٹ اور طلبہ و اساتذہ کی فلاح کے گرد گھومتا ہے۔ ان کی پیشہ ورانہ زندگی شفافیت، دیانت داری اور تعلیمی اقدار کی پاسداری کی روشن مثال ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر ارم اقبال سرگودھا کی قابل فخر بیٹی ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے اعلی ا صلاحیتیں ودیعت کی ہیں.
ضلع خوشاب جیسے اہم مگر تعلیمی لحاظ سے چیلنجز رکھنے والے علاقے میں ڈاکٹر ارم اقبال کی تعیناتی اس امر کی عکاس ہے کہ حکومت پنجاب تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے قابل، تجربہ کار اور متحرک افسران کو آگے لانے کے عزم پر کاربند ہے۔ امید کی جاتی ہے کہ ان کی قیادت میں ضلع خوشاب کے سرکاری کالجز میں تعلیمی نظم و نسق مزید مضبوط ہوگا، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت پر توجہ دی جائے گی اور طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آئے گا۔
ڈاکٹر ارم اقبال نہ صرف ایک کامیاب معلمہ ہیں بلکہ ایک مدبر منتظم بھی ہیں۔ ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کالجز کے تعلیمی و انتظامی مسائل کے حل، جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگی، اور معیارِ تعلیم میں بہتری کے نئے راستے کھلیں گے۔ ان کی تعیناتی سے اساتذہ، طلبہ اور تعلیمی حلقوں میں ایک نئی امید اور اعتماد کی فضا قائم ہوئی ہے۔
یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ ڈاکٹر ارم اقبال کا تعلق اسی خطے سے ہونا ان کے لیے ایک اضافی قوت ثابت ہوگا، کیونکہ وہ مقامی تعلیمی مسائل، زمینی حقائق اور ضروریات سے بخوبی واقف ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عوامی، سماجی، تعلیمی، ادبی اور صحافتی حلقوں کی جانب سے ان کی تعیناتی کا بھرپور خیرمقدم کیا جا رہا ہے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
آخر میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر ارم اقبال کی بطور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز خوشاب تعیناتی یقیناً ایک مثبت، دور رس نتائج کا حامل اور تعلیمی ترقی کی جانب بڑھتا ہوا قدم ہے۔ دعا ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ضلع خوشاب میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں اور ایک مثالی تعلیمی نظام کی بنیاد رکھیں۔