سکھر زیدی جامعہ اسلامیہ اشاعت القرآن و حدیث میں 30ویں سالانہ عظیم الشان دستارِ فضیلت تقریب
سکھر
زیدی
جامعہ اسلامیہ اشاعت القرآن و حدیث میں 30ویں سالانہ عظیم الشان دستارِ فضیلت تقریب
66 فارغ التحصیل طلبہ میں اسناد و انعامات تقسیم، ملک کے نامور علما و مشائخ کی شرکت
سکھر (بیورورپورٹ)سکھر شہر کے علاقے نیو گوٹھ میں واقع جامعہ اسلامیہ اشاعت القرآن و حدیث کے زیر اہتمام فرقان حمید، صحیح بخاری شریف اور دستارِ فضیلت کی 30ویں سالانہ عظیم الشان تقریب نہایت عقیدت، احترام اور روحانی جوش و جذبے کے ساتھ منعقد کی گئی، جس میں مدرسہ سے فارغ التحصیل ہونے والے 66 طلبہ کو تعلیمی اسناد اور انعامات سے نوازا گیا۔
تقریب کی صدارت حضرت مولانا محمد حنیف بندھانی نے کی، جبکہ سرپرستی مولانا عبدالقیوم ہالیجوی اور نگرانی مولانا محمد شریف سیف الرحمان نے انجام دی۔تقریب میں ملک کے ممتاز علما، مشائخ اور دینی اسکالرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جن میں مولانا پیر حبیب اللہ نقشبندی، مولانا عبدالقادر ہالیجوی، مولانا محمد صالح انڈھڑ، حافظ عبدالحمید مہر، پیرِ طریقت عبدالقدوس گجر، قاری عبدالقادر ہالیجوی، مفتی عبدالباری، مفتی سعود افضل ہالیجوی، حافظ قاری لیاقت علی مغل، مفتی قمرالدین ملاڻو، مولانا محمد رفیق بندھانی، مولانا عبداللہ مکی، مولانا اسداللہ میمن، مولانا امان اللہ بندھانی، حاجی محمد ناصر پنہور، یوسی چیئرمین ذاکر بندھانی، مولانا محمد شفیق، مولانا محمد سلیم، قاری محمد نعیم، لالا عبدالحمید پنہور سمیت دیگر علما، مذہبی رہنما، نعت خواں، قراء حضرات اور عاشقانِ رسول ﷺ شامل تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علما کرام نے کہا کہ والدین کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی اولاد کو دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم سے بھی آراستہ کریں، کیونکہ اسلامی معاشرے کی تشکیل قرآنِ کریم اور سنتِ رسول ﷺ پر عمل کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس اور مساجد اسلام کے مضبوط قلعے ہیں جبکہ علما دین ان کے محافظ ہیں۔علما نے مزید کہا کہ امتِ مسلمہ کو باہمی اتحاد و اتفاق کے ساتھ دینِ اسلام کی ترویج کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور اسلامی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے معاشرے میں اصلاح اور بہتری لانی چاہیے۔تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔