October 17, 2026

سکھر: مدارس المدینہ میں سالانہ تقسیم اسناد کی تقریب منعقد، 160 طلبہ کو اعزازات سے نوازا گیا

IMG-20260130-WA0285

سکھر: مدارس المدینہ میں سالانہ تقسیم اسناد کی تقریب منعقد، 160 طلبہ کو اعزازات سے نوازا گیا

سکھر(بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی)دعوت اسلامی کے شعبہ مدارس المدینہ بوائز کے تحت سالانہ تقسیم اسناد کی پر وقار تقریب فیضان مدینہ، بیراج روڈ، سکھر میں منعقد ہوئی۔ اس پروگرام میں سکھر ڈسٹرکٹ کے مدارس المدینہ سے فارغ التحصیل طلبہ کو اسناد اور اعزازات پیش کیے گئے۔اس تقریب میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمد منصور عطاری نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے قرآن کریم کی اہمیت اور افادیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ قرآن کریم نہ صرف ہمارے لیے ہدایت اور روشنی کا ذریعہ ہے بلکہ ہماری آئندہ نسلوں کی تربیت کے لیے بھی بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو مدارس المدینہ میں داخلہ دلوائیں جہاں انہیں مفت تعلیم اور بہترین تربیت فراہم کی جاتی ہے۔اس سال کے پروگرام میں سکھر ڈسٹرکٹ سے تقریباً 160 طلبہ جنہوں نے حفظ و ناظرہ قرآن مکمل کیا، کو سندیں پیش کی گئیں۔تقریب میں طلبہ کے والدین، اساتذہ اور دینی حلقوں کے معززین نے بھی شرکت کی۔ محفل کا مقصد نہ صرف طلبہ کی علمی و دینی کاوشوں کا اعتراف کرنا بلکہ معاشرے میں دینی تعلیم کے فروغ کو بھی اجاگر کرنا تھا۔حاجی منصور عطاری نے مزید کہا کہ قرآن کریم کے مطالعے اور حفظ سے نوجوان نسل میں اخلاقی اور روحانی تربیت کا فروغ ہوتا ہے، اور مدارس المدینہ اس مقصد کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کر رہے ہیں۔اس موقع پر انتظامیہ کی جانب سے تمام طلبہ اور معززین کی سہولت کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ پروگرام کا ماحول انتہائی روحانی اور پرجوش رہا۔