سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی خیرپور پولیس کی بڑی کامیابیاں، قتل کے دو مختلف مقدمات میں 02 ملزمان گرفتار
سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی
خیرپور پولیس کی بڑی کامیابیاں، قتل کے دو مختلف مقدمات میں 02 ملزمان گرفتار
تین معصوم بچوں کے قتل کا اشتہاری ملزم گرفتار، سیاہ کاری کے الزام میں قتل کا ملزم اسلحہ سمیت پکڑا گیا
سکھر/خیرپور (بیورورپورٹ)ڈی آئی جی سکھر/لاڑکانہ رینج ناصر آفتاب کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائیوں کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے خیرپور پولیس نے پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے قتل کے دو مختلف واقعات میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق تھانہ بی سیکشن خیرپور کی حدود میں دو سال قبل پیش آنے والے افسوسناک واقعے، جس میں تین معصوم بچوں کو پیٹی کے اندر بند کر کے بے دردی سے قتل کیا گیا تھا، اس سنگین مقدمے نمبر 126/2024 میں ملوث اشتہاری ملزم اسد علی شیخ کو پولیس نے چوکی فیض آباد کی حدود سے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس دلخراش واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔دوسری کارروائی میں تھانہ فیض محمد بھنڈو پولیس نے سیاہ کاری کے الزام میں قتل کیے گئے محمد ابراہیم تیغانی اور مسمات اللہ ورائی کے قتل میں ملوث ملزم عرفان ولد صاحب خان شر کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے قتل میں استعمال ہونے والا پسٹل بھی برآمد کر لیا ہے جبکہ اس سلسلے میں مقدمات نمبر 01/2026 اور 02/2026 درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ڈی آئی جی سکھر/لاڑکانہ رینج ناصر آفتاب نے ان کامیاب کارروائیوں پر ایس ایس پی خیرپور کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی اور دونوں کارروائیوں میں حصہ لینے والی پولیس ٹیموں کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔علاقہ مکینوں نے خیرپور پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائیوں کو سراہتے ہوئے امن و امان کی بحالی کے لیے پولیس کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔