میلسی (بیو رو چیف )میلسی میں ٹریفک خلاف ورزی پر ضبط موٹر سائیکلوں کی واپسی رشوت کے بغیر
میلسی (بیو رو چیف )میلسی میں ٹریفک خلاف ورزی پر ضبط موٹر سائیکلوں کی واپسی رشوت کے بغیر ناممکن، شہریوں کا اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ میلسی میں ٹریفک قوانین کی مبینہ خلاف ورزی پر تھانوں میں بند کی جانے والی موٹر سائیکلیں شہریوں کے لیے عذاب بن گئیں۔ چالان، ہیلمٹ اور دیگر قانونی تقاضے پورے کرنے کے باوجود جب شہری اپنی موٹر سائیکل وصول کرنے تھانے پہنچتے ہیں تو وہاں انہیں کھلم کھلا رشوت (نذرانہ) دینے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق بغیر نذرانہ دیے موٹر سائیکل کی رہائی ناممکن بنا دی گئی ہے، جو پولیس کے ماتحت عملے کی بدعنوانی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کے نام پر انہیں پہلے سڑکوں پر تنگ کیا جاتا ہے اور بعد ازاں تھانوں میں لوٹ مار کا بازار گرم کر دیا جاتا ہے۔ یہ عمل نہ صرف قانون کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ پولیس کے وقار پر بھی سوالیہ نشان ہے۔ شہری حلقوں نے اس صورتحال کو ریاستی ظلم، کھلی کرپشن اور عوام دشمن پالیسی قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا ہے۔عوامی و سماجی تنظیموں نے آئی جی پنجاب، ڈی پی او وہاڑی اور اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے، ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی اور رشوت کے اس مکروہ نظام کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔ بصورتِ دیگر شہریوں نے سڑکوں پر آنے اور بھرپور احتجاج کی دھمکی دے دی ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔