October 28, 2026

کنری ( رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی ) اسلام آباد میں منعقدہ قومی سطح کے اسٹیم سائنس فیسٹیول کے

IMG-20261028-WA0226

کنری ( رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی ) اسلام آباد میں منعقدہ قومی سطح کے اسٹیم سائنس فیسٹیول کے مقابلوں میں تیسری پوزیشن حاصل کرکے اپنے اسکول، ضلع عمرکوٹ اور صوبہ سندھ کا نام روشن کرنے والے گورنمنٹ ہائی اسکول طالب المولیٰ میمن کنری کے ہونہار طلبہ اور ان کی رہنمائی کرنے والے اساتذہ کے اعزاز میں اسکول میں ایک شاندار تقریبِ پذیرائی منعقد کی گئی، جس میں محکمہ تعلیم کے افسران، مختلف اسکولوں کے پرنسپلز، اساتذہ، گسٹا رہنماؤں اور علاقے کی معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران کامیاب طلبہ اور ان کے استاد کو اجرکیں، پھولوں اور لونگیوں کے تحائف پیش کرکے بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی۔تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ہائی اسکول طالب المولیٰ میمن کنری کے طلبہ نے اسلام آباد میں منعقدہ اسٹیم سائنس فیسٹیول کے قومی سطح کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس شاندار کامیابی پر اسکول انتظامیہ کی جانب سے طلبہ ساگر ماڑھیو، ویر کمار اور عبدالصمد سمیت ان کی رہنمائی کرنے والے استاد سر ضیاء الحق آرائیں کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں شرکاء نے طلبہ کی صلاحیتوں، محنت اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری میر حسن آریسر تھے، جبکہ ڈپٹی ڈی ای او غلام فرید کنبھار، ٹی ای او پرائمری علی احمد بھنبھرو، ٹی ای او فی میل مختیار احمد درس، ٹی ای او سیکنڈری نیاز احمد چانڈیو، کوآرڈینیٹر سندھ خان محمد کھوسو، ضلعی اسٹیم فوکل پرسن اشفاق جوکیو، مختلف اسکولوں کے پرنسپلز، اساتذہ، گسٹا رہنماؤں اور معززین نے بھی شرکت کی۔تقریب میں قومی سطح پر تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ ساگر ماڑھیو، ویر کمار اور عبدالصمد کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کی گئی، جبکہ اسٹیم مقابلوں کے لیے طلبہ کی رہنمائی کرنے والے استاد سر ضیاء الحق آرائیں کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر تقریب میں شریک محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ اور معزز شخصیات نے کامیاب طلبہ اور استاد کو اجرکیں، پھولوں اور لونگیوں کے تحائف پیش کیے۔ اسکول کے پرنسپل زاہد آرائیں کو بھی ادارے کی اس نمایاں کامیابی پر مبارک باد دی گئی اور انہیں پھولوں، اجرک اور لونگی کے تحائف پیش کرکے اسکول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ملک بھر کے مختلف اسکولوں اور تعلیمی اداروں کے درمیان ہونے والے اسٹیم سائنس فیسٹیول کے مقابلوں میں سندھ کے دیہی علاقے میمن کنری کے گورنمنٹ ہائی اسکول طالب المولیٰ کے طلبہ کا تیسری پوزیشن حاصل کرنا انتہائی قابلِ فخر اور حوصلہ افزا کامیابی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان طلبہ نے اپنی محنت، قابلیت اور صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے نہ صرف اپنے اسکول بلکہ ضلع عمرکوٹ، صوبہ سندھ اور بالخصوص کنری میمن کا نام بھی روشن کیا ہے۔مقررین نے مزید کہا کہ اس کامیابی نے ثابت کردیا ہے کہ دیہی علاقوں کے طلبہ میں بھی بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور اگر انہیں مناسب مواقع، بہتر رہنمائی اور حوصلہ افزائی فراہم کی جائے تو وہ قومی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں۔ طالب المولیٰ ہائی اسکول کے طلبہ نے اپنی کارکردگی سے علاقے کے دیگر طلبہ کے لیے بھی ایک مثال قائم کی ہے، جو قابلِ تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کی کامیابی میں اساتذہ کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے۔ استاد سر ضیاء الحق آرائیں نے طلبہ کی رہنمائی اور تیاری میں جو محنت کی، وہ قابلِ ستائش ہے۔ اساتذہ کی لگن، طلبہ کی دلچسپی اور اسکول انتظامیہ کی معاونت کے باعث یہ کامیابی ممکن ہوئی۔ مقررین نے امید ظاہر کی کہ طلبہ آئندہ بھی اسی جذبے، محنت اور لگن کے ساتھ تعلیمی اور سائنسی سرگرمیوں میں حصہ لیتے رہیں گے اور مستقبل میں مزید کامیابیاں حاصل کرکے اپنے ادارے اور علاقے کا نام روشن کریں گے۔تقریب کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باصلاحیت طلبہ کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے تاکہ دیگر طلبہ کو بھی تعلیم، سائنس اور جدید ٹیکنالوجی کے میدانوں میں آگے بڑھنے کا حوصلہ ملے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرام طلبہ کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، ان میں خود اعتمادی پیدا کرنے اور تعلیمی میدان میں مثبت مقابلے کے رجحان کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر کامیاب طلبہ، ان کے استاد سر ضیاء الحق آرائیں اور اسکول کے پرنسپل زاہد آرائیں کو مبارک باد پیش کی گئی، جبکہ گورنمنٹ ہائی اسکول طالب المولیٰ میمن کنری کی اس شاندار کامیابی کو علاقے کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔