صوبے کے صرف 11 پریس کلب قانونی تقاضوں کے مطابق اہل تصور
صوبے کے صرف 11 پریس کلب قانونی تقاضوں کے مطابق اہل تصور
رجسٹرار جوائنٹ سٹاک نے رواں سال میں 4 پریس کلبوں کی رجسٹریشن اور 7 پریس کلبوں کی تجدیدبرائے سال 2024 کی۔ دستاویزات
پریس کلبوں کومالی گرانٹس کی فراہمی چیریٹی ایکٹ 2019 سے رجسٹریشن سے مشروط!کوئی بھی پریس کلب چیریٹی ایبل کمیشن سے رجسٹرڈ نہیں
کسی بھی قانون کے تحت رجسٹرڈپریس کلبوں کومالی و سرکاری گرانٹس کی فراہمی چیریٹی ایکٹ 2019 سے رجسٹریشن لازمی ایک سوالیہ نشان؟
پشاور (فیاض علی نور) محکمہ صنعت وحرفت خیبر پختون خوا نے صوبے کے ان تمام پریس کلب جو سال 2024 میں رجسٹرڈ ہوئے اور پہلے سے رجسٹرڈ پریس کلبوں کی تجدید برائے سال 2024 کی تفصیلی فہرست معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت تفصیلات کی فہرست جاری کر دی۔ محکمہ صنعت وحرفت جو کہ صوبہ خیبر پختون خوا میں پریس کلبوں کو سوسائٹی ایکٹ 1860کے تحت رجسٹرڈ کرتا ہے، نے اپنی تفصیلی فہرست میں صوبہ خیبر پختون خوا کے صرف 11 پریس کلبوں کی نشاندہی کی جو کہ قانونی اور1860ایکٹ کے آئینی تقاضوں کے مطابق اہل قرار تصور کیے جاسکتے ہیں۔ ان 11پریس کلبوں میں مجموعی طور پر 4 پریس کلبوں نے سال 2024میں محکمہ صنعت و حرفت سے 1860ایکٹ کے تحت رجسٹریشن حاصل کی جن میں مانسہرہ پریس کلب (رجسٹریشن نمبر5/9864)،کرک پریس کلب (رجسٹریشن نمبر5/10005)، صوابی پریس کلب (رجسٹریشن نمبر5/10170)اور ڈسٹرکٹ پریس کلب خیبر (رجسٹریشن نمبر5/9709) شامل ہیں۔ اسی طرح 7پریس کلب ایسے بھی ہیں جنھوں نے اپنی رجسٹریشن کی تجدید برائے سال 2024 محکمہ صنعت سے حاصل کر لی۔ ان میں تحصیل لاہور پریس کلب (رجسٹریشن نمبر5/9581)، جمرود پریس کلب (رجسٹریشن نمبر5/9730)، کانی کُرم پریس کلب (رجسٹریشن نمبر5/9890)، مہمند پریس کلب (رجسٹریشن نمبر5/9635)، ڈسٹرکٹ پریس کلب ٹانک(رجسٹریشن نمبر5/3240)، دامان تحصیل پریس کلب ٹانک(رجسٹریشن نمبر5/9690) اور ڈسٹرکٹ پریس کلب ساوتھ وزیرستان (رجسٹریشن نمبر5/9849)نے اپنی تجدید برائے سال 2024کر لی ہے۔ واضح رہے کہ ہر سال جنوری کے مہینے میں رجسٹرار آف فرم اینڈ سوسائٹی سے صوبہ کے تمام پریس کلبوں کی تجدید کرانا آئینی تقاضا ہے جو کہ محکمہ صنعت وحرفت خیبر پختون خوا سے 1860ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ ہو۔ اس کے علاوہ 1860ایکٹ سمیت کسی بھی قانون کے تحت رجسٹرڈ پریس کلبوں کومالی و سرکاری گرانٹس کی فراہمی چیریٹی ایکٹ 2019 سے رجسٹریشن لازمی قرار دینے کے باوجود صوبے کا ایک بھی پریس کلب چیریٹی ایبل کمیشن سے لائسنس یا فتہ یا رجسٹرڈ نہیں۔ اس صورت میں چیریٹی ایکٹ 2019 پر عملدرآمد نہ کرنے پر چیف سیکریٹری، سیکریٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ (چیئرمین کمشنر) سیکریٹری فنانس، سیکریٹری انفارمیشن، اور سیکریٹری صنعت وحرفت خیبر پختون خوا آئین شکنی کے مرتکب ا ور غفلت کا شکار ہو سکتے ہیں؟