October 14, 2026

میلسی (بیو رو چیف )میونسپل کمیٹی کے دفتر اور اس کے ملحقہ پارک میں شرعام جوئے کا کھیل جاری ہے،

IMG-20251230-WA0104

میلسی (بیو رو چیف )میونسپل کمیٹی کے دفتر اور اس کے ملحقہ پارک میں شرعام جوئے کا کھیل جاری ہے، مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ اس سنگین صورتحال پر کوئی پوچھنے والا نظر نہیں آتا۔ ذرائع اور ویڈیو شواہد کے مطابق جوئے کے ساتھ ساتھ چرس کے سوٹے بھی کھلے عام لگائے جا رہے ہیں، جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انتظامیہ کی خاموشی پر کئی سوالات جنم لے رہے ہیں۔ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ جواری بے خوف ہو کر منظم انداز میں جواء کھیل رہے ہیں، جس سے یہ تاثر مضبوط ہوتا ہے کہ انہیں کسی کارروائی کا اندیشہ نہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر میونسپل کمیٹی کا اپنا دفتر اور اس کے زیرِ انتظام پارک محفوظ نہیں تو پھر شہر کے دیگر علاقوں کی حالت کا اندازہ بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ کئی عرصہ قبل اسی میونسپل کمیٹی کے دفتر اور پارک کے اندر سے جواری پکڑے بھی جا چکے ہیں، مگر اس کے باوجود نہ تو مستقل نگرانی کا مؤثر نظام بنایا گیا اور نہ ہی ذمہ دار عناصر کے خلاف ایسی کارروائی کی گئی جو دوسروں کے لیے مثال بن سکے۔عوامی و سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، ویڈیو شواہد کی روشنی میں شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور جوئے و منشیات جیسی سماجی برائیوں میں ملوث افراد اور مبینہ سرپرستوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہر کو مزید تباہی سے بچایا جا سکے۔