خبر شامل کرتے ہیں شہداد پور سے بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاین نیوز کی رپورٹ کے مطابق
گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج شہدادپور میں “سندھی کلچر ڈے” کی تقریب کا انعقاد،صوفیانہ رنگوں اور ثقافتی جوش و خروش کا مظاہرہ
تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج شہدادپور میں ‘سندھی کلچر ڈے’ کی تقریبات نہایت تزک و احتشام، جوش و خروش اور ملی جذبے کے ساتھ منعقد ہوئیں، جس نے کالج کی فضا کو سندھ کی روایتی رنگینیوں اور صوفیانہ اقدار سے بھر دیا۔ پرنسپل پروفیسر جمیلہ رانی کی زیرِ نگرانی منعقد کی گئی، جس کا بنیادی مقصد نئی نسل میں سندھی ثقافت، روایات اور درخشاں صوفی اقدار کے بارے میں گہری آگاہی اور محبت پیدا کرنا تھا ۔اس رنگا رنگ تقریب کی سب سے بڑی خاصیت کالج کی طالبات کی بھرپور شرکت تھی۔ طالبات نے نہ صرف انتہائی جوش و خروش کا مظاہرہ کیا بلکہ سب نے روایتی سندھی لباس زیب تن کیے ہوئے تھے، جن میں اجرک، ٹوپی اور روایتی زیورات شامل تھے۔ ان رنگ برنگے لباسوں نے کالج کے ماحول کو سندھی ثقافت کے حقیقی رنگوں سے ہم آہنگ کر دیا۔کلچر ڈے کی مرکزی تقریب میں طالبات نے مختلف ثقافتی آئٹمز اور مزاحیہ پرفارمنس پیش کیں۔ تقریب کا ایک اہم حصہ سندھ میں تصوف کی بھرپور نمائندگی تھی۔ اس موقع پر طالبات نے صوفی شاعری کو روح پرور انداز میں پیش کیا، جس نے محفل میں روحانیت اور محبت کے آفاقی پیغام کو اجاگر کیا ۔اس موقع پر
پرنسپل پروفیسر جمیلہ رانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ثقافتی دن منانے کا مقصد طالبات کو اپنی تاریخ، روایات اور عظیم ورثے سے جوڑنا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سندھی ثقافت انسانیت، محبت اور بقائے باہمی کی تعلیم دیتی ہے، جو کہ آج کے دور کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ انہوں نے طالبات کی بھرپور تیاری اور پرفارمنس کو سراہا۔